مہر خبررساں ایجنسی کی کے مطابق، خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر میجر جنرل علی عبداللہی نے فوج کے ڈرونز کی تیاری کے بعض مراکز اور حاصل کردہ کامیابیوں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید امت اور طاقتور ایران کے عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج میں نے درجنوں ڈرون سازی کے مراکز میں سے ایک مرکز میں جو کچھ دیکھا، جہاں اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج میں میرے عزیز ساتھیوں نے محنت کی ہے، وہ تیاری، جذبے اور نئی اختراعات کا مظہر ہے۔ درحقیقت، ایران عزیز کی مسلح افواج کو اسی چیز کی ضرورت ہے۔
مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف نے اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کی جانب سے ڈرونز کی تیاری کے متعدد اور مختلف مراکز قائم کرنے کے لیے کی جانے والی جہادی کوششوں کو سراہتے ہوئے مزید کہا کہ فوج کے ماہرین نے جو آلات تیار کیے اور ان کی صلاحیتوں کو بہتر بنایا ہے، وہ اپنی سابقہ اقسام کے مقابلے میں زیادہ ترقی یافتہ ہیں اور ان میں نئی صلاحیتیں بھی موجود ہیں۔ گزشتہ دو جنگوں کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ہم یقیناً مستقبل میں دشمن کی جارحیت کا زیادہ مضبوط جواب دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے دشمن جدید اور نئے آلات و اسلحے سے لیس ہیں اور ضرورت پڑنے پر ہمیں مختلف طریقوں اور غیر متناسب آلات کے ذریعے دشمن کو جواب دینا ہوگا۔ جیسا کہ گزشتہ دو جنگوں میں بھی ایسا ہی ہوا۔ اگر دشمن دوبارہ کسی قسم کی غلطی کرتا ہے تو ہم سستے لیکن مؤثر آلات کی وسیع اقسام کے ذریعے اس کے مہنگے اور جدید آلات کے اثرات کو بے اثر کر دیں گے۔ یہ صورتِ حال دشمن کے لیے پریشان کن، تشویش ناک اور بھاری اخراجات کا باعث ہوگی۔
میجر جنرل علی عبداللہی نے مسلح افواج کے شعبے میں خود کفالت کے حوالے سے متعدد کامیابیوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہی وہ راستہ ہے جس پر چلنے کا مطالبہ شہید رہبر نے ہم سے کیا تھا۔ وہ ہمیشہ ترقی اور ایک مضبوط ایران کے حامی رہے اور اس اہم معاملے پر زور دیتے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دشمنوں کے لیے ہمارا پیغام یہ ہے کہ ایرانی عزیز عوام اور ان کے نتیجے میں اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج، شہید امام اور رہبر و عزیز کمانڈر امام سید مجتبیٰ خامنہ ای (حفظہ اللہ) کے متعین کردہ راستے کے مطابق، اس ملک کی سرزمین اور اسلامی انقلاب سے پھوٹنے والی اقدار پر حملہ کرنے والی ہر طاقت اور ہر جارح کے خلاف سنجیدہ اور فیصلہ کن کارروائی کریں گی۔
خاتم الانبیاء (ص) مرکزی ہیڈکوارٹر کے کمانڈر نے مزید کہا کہ ایرانی قوم اور مسلح افواج میں مزاحمت اور استقامت کا عزم نہ صرف ذرہ برابر کمزور نہیں ہوا، بلکہ دشمن کے جرائم کے باعث مزید مضبوط ہوگیا ہے۔ ایرانی عظیم عوام جانتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ اگر ہم ثابت قدم اور صابر رہیں تو وہ ہمیں حتمی فتح عطا فرمائے گا۔
آپ کا تبصرہ