10 اکتوبر، 2026، 10:43 PM

دہشت گردانہ کاروائیاں، سیکورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، پزشکیان

دہشت گردانہ کاروائیاں، سیکورٹی فورسز کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتیں، پزشکیان

ایرانی صدر نے کہا ہے کہ بدامنی پیدا کرنے، تشدد کو فروغ دینے اور عوام کے سکون و اطمینان کو درہم برہم کرنے کے مقصد سے کی جانے والی دہشت گردانہ کاروائیوں کا کوئی نتیجہ نہیں نکلے گا اور یہ ملک کی سیکورٹی فورسز کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے صوبۂ سیستان و بلوچستان کے شہر زاہدان کے علاقے چشمہ زیارت میں صوبائی پولیس کمان کے ثقافتی و سماجی امور کی نائب سربراہ، کرنل دوم نصرت افتخاری کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔

انہوں نے شہیدہ کے معزز خاندان، سیکیورٹی فورسز کے کمانڈروں اور اہلکاروں، ان کے ساتھیوں اور صوبۂ سیستان و بلوچستان کے شریف عوام سے تعزیت کرتے ہوئے زور دیا کہ اس طرح کی مجرمانہ کاروائیاں عوام کی جان، امن و سکون اور آسائش کے تحفظ کے لیے سیکورٹی فورسز کے عزم کو کبھی متزلزل نہیں کر سکتیں۔ شہریوں کی سلامتی کا تحفظ اور دہشت گردی و بدامنی پھیلانے والے عناصر کا مقابلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

ایرانی صدر کے تعزیتی پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم الله الرحمٰن الرحیم

بدامنی پیدا کرنے، تشدد کو فروغ دینے اور عوام کے سکون و اطمینان کو درہم برہم کرنے کے مقصد سے کی جانے والی اندھی دہشت گردانہ کاروائیوں کا نتیجہ بے گناہوں کا خون بہانے اور ان کے مرتکب عناصر کی مجرمانہ حقیقت کو بے نقاب کرنے کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ صوبۂ سیستان و بلوچستان کی پولیس کمان کے ثقافتی و سماجی امور کی نائب سربراہ محترمہ افتخاری کو زاہدان کے علاقے چشمہ زیارت میں بزدلانہ انداز میں شہید کیا جانا ان غیر انسانی جرائم کی ایک تلخ مثال ہے۔

میں اس المناک سانحے پر شہیدہ کے معزز خاندان، سیکورٹی فورسز کے کمانڈروں اور اہلکاروں، ان کے ساتھیوں اور صوبۂ سیستان و بلوچستان کے شریف عوام سے تعزیت کرتا ہوں اور اس بات پر زور دیتا ہوں کہ اس طرح کی مجرمانہ کاروائیاں عوام کی جان، امن و سکون اور آسائش کے تحفظ کے لیے مامور سیکورٹی فورسز کے عزم کو ہرگز متزلزل نہیں کر سکتیں۔ شہریوں کی سلامتی کا تحفظ اور دہشت گردی و بدامنی پھیلانے والے عناصر کا مقابلہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔

ضروری ہے کہ متعلقہ ادارے فوری طور پر پوری سنجیدگی کے ساتھ اس جارحیت کے مختلف پہلوؤں کی تحقیقات کریں اور اس کے مرتکب عناصر اور منصوبہ سازوں کی جلد از جلد شناخت کریں۔

اس شہیدہ اور ان کے دیگر شہید ساتھیوں کے لیے رحمت خدا کی تمنّا کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں کے لیے صبر اور صحت و سلامتی کی دعا کرتا ہوں۔

News ID 1942019

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha