مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خطے کے امور کے معروف تجزیہ کار عبدالباری عطوان نے کہا ہے کہ بعض امریکی سیاسی اور فوجی حکام کا ممکنہ حملوں کے خدشے کے پیشِ نظر فوجی چھاؤنیوں میں منتقل ہو کر رہائش اختیار کرنا، ایران کی غیر معمولی انٹیلی جنس برتری کا ثبوت ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ خطے اور دنیا میں مزاحمتی محاذ روز بروز زیادہ طاقتور ہوتا جا رہا ہے۔
خطے کے اسٹریٹجک امور کے تجزیہ کار عبدالباری عطوان نے بعض خبروں اور رپورٹوں کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ امریکہ کے متعدد اعلیٰ سیاسی اور فوجی عہدیداروں کو ایران کے انٹیلی جنس نیٹ ورکس کے ہاتھوں ممکنہ قتل کے خدشے کے باعث مضبوط اور انتہائی محفوظ فوجی اڈوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ ایسی خبروں سے قاری کا پہلا تاثر یہی بنتا ہے کہ ایران کی انٹیلی جنس تحریک ’’حنظلہ‘‘ اور اس کے اتحادی روز بروز زیادہ طاقتور ہو رہے ہیں اور امریکی و اسرائیلی انٹیلی جنس اداروں کے لیے ایک ڈراؤنا خواب بن چکے ہیں۔
عرب دنیا کے اس ممتاز تجزیہ کار کا مزید کہنا ہے کہ امریکہ کے 17 سے زائد انٹیلی جنس ادارے، جو جدید ترین تکنیکی صلاحیتوں، آلات اور نگرانی کے وسائل سے لیس ہیں، امریکہ کے اندر اور پوری دنیا میں سرگرم ہیں۔ ان اداروں کا اسرائیل اور بعض عرب ممالک کے ہم منصب انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ خصوصی رابطہ اور ہم آہنگی بھی ہے۔ اس لیے بعض امریکی سیاست دانوں اور فوجی حکام کو خصوصی حفاظتی انتظامات کے حامل فوجی اڈوں میں منتقل کرنے کا اقدام اس بات کے مستند شواہد کے بغیر ممکن نہیں کہ ایران امریکی سلامتی کے ڈھانچے میں انٹیلی جنس رسائی حاصل کر چکا ہے۔
عطوان مزید لکھتے ہیں کہ جب امریکی فوجی قیادت اپنے بمبار طیاروں کو یورپ، بالخصوص برطانیہ میں واقع فوجی اڈوں سے منتقل کرنے پر مجبور ہو جائے تو اس اقدام کو اس خدشے کے تناظر میں دیکھنا چاہیے کہ کہیں ایران کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل ان اڈوں تک پہنچ کر وہاں موجود طیاروں کو تباہ نہ کر دیں۔ یہی صورتِ حال آبنائے ہرمز میں تیل بردار جہازوں کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھنے اور ان کے راستوں میں بارودی سرنگیں نصب کرنے کے معاملے میں بھی دیکھی جا سکتی ہے، جن کا مقصد ان جہازوں کو تباہ کرنا ہے۔ موجودہ حالات میں تقریباً کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب ان میں سے بڑی تعداد میں تیل بردار جہازوں کو نقصان نہ پہنچے یا وہ ناکارہ نہ ہو جائیں۔ یہ صورتِ حال ایسے وقت میں سامنے آ رہی ہے جب ٹرمپ بارہا دعویٰ کر چکے ہیں کہ امریکی افواج نے آبنائے ہرمز کا کنٹرول سنبھال رکھا ہے اور اس آبی گزرگاہ میں تجارتی جہازوں کی آمدورفت موجودہ جنگ میں اس کی بندش سے پہلے والی صورتِ حال پر واپس آ چکی ہے۔
اس بین الاقوامی امور کے ماہر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کی انٹیلی جنس برتری بتدریج کمزور ہو رہی ہے اور اس کی جگہ محورِ مزاحمت کے انٹیلی جنس اداروں کی پیش رفت لے رہی ہے، لکھا ہے کہ یہ پیش رفت ایران کے انٹیلی جنس ادارے ’’حنظلہ‘‘ سے شروع ہو کر حزب اللہ کے ’’ہُدہُد‘‘ نامی جاسوس ڈرونز تک پہنچتی ہے۔ ان ڈرونز کی حاصل کردہ تصاویر اور معلومات فلسطین کے شمال میں واقع مقبوضہ علاقے کے شہر ہرتزلیا میں بنیامین نیتن یاہو کے خواب گاہ تک پہنچ چکی ہیں۔
اس مضمون میں طوفان الاقصیٰ آپریشن کے دوران فلسطینی مزاحمت کی غیر معمولی انٹیلی جنس اور عملیاتی صلاحیتوں اور حماس کے سرنگوں کے وسیع نیٹ ورک کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا گیا ہے کہ غزہ کی پٹی کے زیرِ زمین ان سرنگوں کی مجموعی لمبائی 500 کلومیٹر سے زیادہ ہے۔ ان سرنگوں کی تعمیر کے دوران درکار تمام سامان اور آلات، جن میں سیمنٹ، لوہا اور کھدائی کرنے والی مشینیں بھی شامل تھیں، اسرائیلی دشمن اور اس کے انٹیلی جنس اداروں کو کانوں کان خبر ہوئے بغیر غزہ منتقل کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ طوفان الاقصیٰ آپریشن میں کئی سو افراد پر مشتمل ایک دستہ بھیجا گیا، جو اسرائیل کی الیکٹرانک رکاوٹوں، کنکریٹ کی دیواروں اور خاردار تاروں کو عبور کرنے میں کامیاب رہا۔ ان رکاوٹوں کی تعمیر پر ایک ارب ڈالر خرچ کیے گئے تھے۔ اس دستے کے ارکان اپنے اہداف تک پہنچے، چند ہی گھنٹوں میں متعدد اسرائیلی بستیوں پر قبضہ کر لیا، 1242 سے زائد اسرائیلیوں کو ہلاک کیا اور پھر 251 قیدیوں کو اپنے ساتھ لے کر غزہ کی پٹی میں واقع اپنے ٹھکانوں پر واپس پہنچ گئے۔
عطوان نے آخر میں واضح کیا کہ محورِ مزاحمت اپنی طاقت بحال کرنے اور اپنی صفوں کو ازسرِنو منظم کرنے میں مصروف ہے۔ یہ عمل لبنان سے غزہ، مغربی کنارے، عراق اور یمن تک جاری ہے اور یقیناً ایران میں بھی، جو اس محور کی قیادت کر رہا ہے۔ لہٰذا یہ محور بہت جلد اس میدان میں متعدد بڑی اور حیران کن کارروائیاں انجام دے گا۔
آپ کا تبصرہ