مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: امریکی جریدے فارن پالیسی نے ایک تجزیاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ نے عالمی نظام کو تبدیل کردیا ہے اور اس کے طویل المدتی اثرات اب سامنے آنا شروع ہو رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق، امریکہ اور صیہونی حکومت کی ایران کے خلاف فوجی جارحیت محض مغربی ایشیا کا ایک فوجی تصادم نہیں، بلکہ امریکی طاقت کی ساکھ، مستقبل کی دفاعی ڈیٹرنس اور عالمی نظام کے ڈھانچے کے لیے ایک اہم امتحان ہے۔
امریکی فوجی طاقت کی حدود
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس جنگ کا پہلا اہم تزویراتی نتیجہ امریکی فوجی طاقت کی حدود کا آشکار ہونا ہے۔ واشنگٹن گزشتہ کئی دہائیوں سے اس تصور پر انحصار کرتا رہا ہے کہ اس کی عسکری برتری، جدید ٹیکنالوجی اور وسیع عملیاتی صلاحیت اسے دوسرے ممالک پر اپنی سیاسی مرضی مسلط کرنے کے قابل بنا سکتی ہے۔ تاہم ایران کے ساتھ حالیہ تصادم نے ثابت کیا ہے کہ فوجی اہداف اور بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کی صلاحیت لازماً کسی ملک کے سیاسی رویے کو تبدیل کرنے یا اسے مخالف فریق کے مطالبات تسلیم کرنے پر مجبور کرنے کے مترادف نہیں۔
رپورٹ کے مطابق، عالمی نظام میں کسی ملک کی حقیقی طاقت کا تعین صرف اس کے جنگی طیاروں، بحری جہازوں اور میزائلوں کی تعداد سے نہیں ہوتا، بلکہ اس بات سے بھی ہوتا ہے کہ وہ اپنی فوجی اور اقتصادی صلاحیتوں کو کس حد تک پائیدار سیاسی نتائج میں تبدیل کر سکتا ہے۔ اگر کوئی بڑی طاقت وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے کے باوجود اپنے سیاسی مقاصد حاصل نہ کر سکے تو اس کی فوجی صلاحیت اور تزویراتی کامیابی کے درمیان ایک نمایاں فرق پیدا ہو جاتا ہے۔
اس کے برعکس، ایران نے بھاری نقصانات اور دباؤ کے باوجود یہ ثابت کیا ہے کہ اس کی دفاعی صلاحیت اور سیاسی عزم کا اندازہ محض روایتی فوجی حساب کتاب سے نہیں لگایا جا سکتا۔ ایران کا جغرافیائی محل وقوع، جوابی کارروائی کی صلاحیت، داخلی وسائل اور علاقائی اہمیت ایسے عوامل ہیں جو اس کے خلاف کسی بھی فوجی اقدام کو میدان جنگ سے کہیں زیادہ وسیع اور مہنگے نتائج سے جوڑ دیتے ہیں۔
توانائی کا تحفظ اور امریکی اتحادیوں کا اعتماد
فارن پالیسی کے تجزیے کے مطابق، جنگ کا دوسرا اہم نتیجہ عالمی سیاست میں توانائی کے تحفظ کی اہمیت کا دوبارہ نمایاں ہونا ہے۔ آبنائے ہرمز محض ایک جغرافیائی گزرگاہ نہیں بلکہ عالمی معیشت کی اہم ترین شاہراہوں میں سے ایک ہے، جس کا تحفظ تیل اور گیس کی ترسیل اور عالمی منڈیوں کے استحکام سے براہ راست وابستہ ہے۔
خلیج فارس میں پیدا ہونے والا بحران توانائی کی قیمتوں میں اضافے، رسد کے سلسلوں میں خلل اور منڈیوں میں عدم استحکام کے ذریعے ان ممالک کی معیشتوں کو بھی متاثر کر سکتا ہے جو اس خطے سے ہزاروں کلومیٹر دور واقع ہیں۔ خصوصاً ایشیا اور یورپ کی صنعتی طاقتیں، جو توانائی کی درآمدات پر انحصار کرتی ہیں، اب پہلے سے زیادہ اس حقیقت کا سامنا کر رہی ہیں کہ ان کا اقتصادی تحفظ خلیج فارس کی سلامتی سے الگ نہیں ہے۔ ایسے حالات میں ایران کے کردار کو نظرانداز کرتے ہوئے خطے میں پائیدار سلامتی کا نظام قائم کرنا مشکل ہوگا۔
رپورٹ میں جنگ کے اہم نتیجے کے طور پر امریکی اتحادیوں کے واشنگٹن کی سلامتی کی ضمانتوں پر اعتماد میں ممکنہ کمی کی نشاندہی کی گئی ہے۔ امریکہ کی عالمی اثرورسوخ کی ایک بڑی بنیاد اس کے اتحادیوں اور سلامتی کے شراکت داروں کا وسیع نیٹ ورک ہے، جو اپنی تزویراتی سلامتی کو بڑی حد تک امریکی وعدوں کی ساکھ سے وابستہ رکھتے ہیں۔
تاہم حالیہ تجربہ ان ممالک کے لیے نئے سوالات پیدا کر سکتا ہے کہ آیا کسی بحران میں امریکہ کی شمولیت لازماً ان کی سلامتی میں اضافہ کرتی ہے یا انہیں امریکی فیصلوں کے غیر متوقع نتائج سے دوچار کر سکتی ہے۔
اس صورت حال میں امریکی اتحادی اپنی خارجہ پالیسی میں تنوع پیدا کرنے، دفاعی صلاحیتوں کو خودمختار بنیادوں پر مضبوط بنانے اور واشنگٹن پر تزویراتی انحصار کم کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ یہ رجحان لازماً امریکہ سے مکمل دوری کا اظہار نہیں، تاہم عالمی سلامتی کے معاملات میں واشنگٹن کی اجارہ داری کم ہونے کی علامت ضرور ہے۔
عالمی طاقتوں کا توازن اور امریکی اثرورسوخ
فارن پالیسی کے مطابق، ایران کے ساتھ جنگ کے اثرات بڑی طاقتوں کے درمیان جاری مسابقت پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔ امریکہ جتنے زیادہ سیاسی، فوجی اور اقتصادی وسائل مہنگے بحرانوں کے انتظام پر صرف کرے گا، چین کے ساتھ مسابقت سمیت اپنی دیگر تزویراتی ترجیحات پر توجہ مرکوز کرنے کی اس کی صلاحیت اتنی ہی محدود ہو سکتی ہے۔
دوسری جانب چین اور روس جیسی طاقتیں ان حالات کو عالمی توازن میں تبدیلی اور دیگر خطوں پر امریکی توجہ میں کمی کے تناظر میں دیکھ سکتی ہیں۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ امریکہ کے حریف خودبخود کامیاب ہو جائیں گے، بلکہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی علاقائی جنگ کے اخراجات اور اثرات عالمی سطح پر پھیل سکتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اس جنگ کا سب سے اہم نتیجہ عالمی سطح پر امریکی طاقت کی حدود کے بارے میں تصور میں تبدیلی ہو سکتا ہے۔ امریکہ اب بھی دنیا کی بڑی فوجی اور اقتصادی طاقتوں میں شامل ہے اور اس کی طاقت کے خاتمے کی بات نہیں کی جا سکتی، تاہم اس کی غیر متنازع تزویراتی برتری کا کمزور ہونا ایک الگ معاملہ ہے۔
سیاسی مرضی مسلط کرنے میں ناکامی، چاہے فوجی برتری برقرار ہو، کسی بڑی طاقت کی دھمکیوں کی ساکھ اور دفاعی ڈیٹرنس کو متاثر کرسکتی ہے۔
رپورٹ کے اختتام پر کہا گیا ہے کہ ایران کو تسلیم کرنے پر مجبور کرنے کا منصوبہ ناکام ہونا محض ایک فوجی حکمت عملی کی ناکامی نہیں، بلکہ عالمی نظام کے لیے بھی ایک اہم پیغام ہے کہ بڑی طاقتیں صرف عسکری برتری کی بنیاد پر اپنے مطلوبہ سیاسی نتائج کی ضمانت نہیں دے سکتیں۔
فارن پالیسی کے مطابق، اس جنگ کے اثرات ابھی سامنے آنا شروع ہوئے ہیں اور ممکن ہے کہ اس کے بعد کی دنیا پہلے جیسی نہ رہے۔ مستقبل میں امریکی طاقت کی ساکھ کا تعین اس بات سے ہوگا کہ واشنگٹن بحرانوں سے نمٹنے، اپنی طاقت کی حدود تسلیم کرنے اور جغرافیائی و سیاسی حقائق کا احترام کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوتا ہے۔
آپ کا تبصرہ