26 اکتوبر، 2026، 5:34 PM

رہبر انقلاب صحت مند ہیں اور استقامت کے ساتھ ملکی امور کی نگرانی انجام دے رہے ہیں، سربراہ ایرانی عدلی

رہبر انقلاب صحت مند ہیں اور استقامت کے ساتھ ملکی امور کی نگرانی انجام دے رہے ہیں، سربراہ ایرانی عدلی

ایران کے سربراہ عدلیہ نے رہبر انقلاب سے حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ مکمل صحت مند ہیں اور روزانہ کی بنیاد پر ملکی امور کی نگرانی کررہے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی عدلیہ کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین غلام حسین محسنی اژه‌ای نے عدلیہ کی اعلی کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالی کے شکر گزار ہیں کہ ولایت فقیہ کے زیر سایہ زندگی گزار رہے ہیں۔ انہوں نے رہبر انقلاب آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای کو ایک قابل قدر شخصیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ مکمل قوت، اقتدار اور تدبر کے ساتھ انقلاب کی قیادت کر رہے ہیں، الہی وعدوں پر ایمان رکھتے ہیں اور عوام پر بھروسہ کرتے ہیں۔ رہبر انقلاب آیتِ کریمہ ’’أَشِدَّاءُ عَلَى الْكُفَّارِ رُحَمَاءُ بَيْنَهُمْ‘‘ کی عملی تصویر ہیں۔

سربراہ عدلیہ نے رہبر انقلاب کی استقامت اور مضبوط عزم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ ملاقات میں انہیں اپنی آنکھوں سے مشاہدہ کرنے کا موقع ملا کہ رہبر انقلاب مکمل قوت اور صحت کی حالت میں ہیں۔ جس شجاعت، استقامت اور ثابت قدمی کا مظاہرہ شہید امام خامنہ ای نے کیا تھا، وہی خصوصیات موجودہ رہبر انقلاب میں بھی نمایاں ہیں۔

حجت الاسلام اژه‌ای نے کہا کہ رہبر انقلاب ملکی اور بین الاقوامی حالات سے پوری طرح باخبر ہیں اور مختلف ذرائع سے معلومات ان تک پہنچتی رہتی ہیں۔

انہوں نے رہبر انقلاب کے ساتھ حالیہ ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر انہوں نے ملک کی موجودہ صورت حال اور عدلیہ سے متعلق امور پر رپورٹ پیش کی۔ اس کے علاوہ عدلیہ، انتظامیہ اور مقننہ کے درمیان، نیز عدلیہ اور مسلح افواج کے مابین ہم آہنگی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ انہیں اس ملاقات میں رہبر انقلاب کی ہدایات سے استفادہ کرنے کا موقع ملا۔

سربراہ عدلیہ نے رہبر انقلاب کی نصیحتوں اور ہدایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اولین ہدایات میں یہ بات شامل تھی کہ کسی بھی لمحے دستیاب مواقع ضائع نہیں ہونے چاہییں اور عوام کی خدمت کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی باتیں اور ان کے مسائل سننا اور ان کے ساتھ کھڑے رہنا ایک بنیادی اصول ہے۔ ملک کے تمام امور، بالخصوص عوام سے براہ راست متعلق معاملات، پوری درستگی، مضبوطی اور تیزی کے ساتھ انجام دیے جانے چاہییں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ جو افراد دانستہ یا نادانستہ دشمن کے مقاصد کی تکمیل میں کردار ادا کرتے ہیں اور معاشی یا سیکورٹی کے حوالے سے عوام پر اضافی دباؤ ڈالتے ہیں، انہیں قانون کے مطابق سخت، فوری، درست، منصفانہ اور بلاامتیاز کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

News ID 1942378

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha