مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی روزنامے گارڈین نے اپنے اداریے میں غزہ کی سنگین انسانی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسرائیلی کابینہ کی تبدیلی سے غزہ میں جاری قتلِ عام ختم نہیں ہوگا، بلکہ اس کے لیے صیہونی حکومت پر مسلسل بین الاقوامی دباؤ ضروری ہے۔
گارڈین نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سخت سردی کے موسم میں فلسطینیوں کی جانیں بچانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کرے۔ اخبار کے مطابق، غزہ کی 80 فیصد سے زیادہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں اور طوفانوں و شدید سردی نے پہلے سے تباہ حال عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے کے اختتام پر کم از کم چار بچے اور ایک خاتون جاں بحق ہوئے۔
اقوام متحدہ کے مطابق، 9 لاکھ 40 ہزار افراد سیلاب کے خطرے سے دوچار علاقوں میں عارضی پناہ گاہوں کے اندر زندگی گزار رہے ہیں، جہاں سیوریج کا پانی ان کے خیموں میں داخل ہو رہا ہے۔ اس کے باوجود صیہونی حکومت نے غزہ میں ڈیڑھ لاکھ تیار خیموں کی ترسیل روک رکھی ہے اور سیوریج کے نظام سے متعلق ضروری آلات سمیت دیگر بنیادی اشیا بھی داخل نہیں ہونے دے رہی۔
اخبار نے ناصر اسپتال پر صیہونی حکومت کے حالیہ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اس حملے میں 6 افراد شہید اور 28 زخمی ہوئے۔ گارڈین کے مطابق، یہ کوئی غیر معمولی واقعہ نہیں، کیونکہ جنگ بندی کے اعلان کے بعد سے روزانہ اوسطاً چار فلسطینی شہید ہو رہے ہیں۔ صیہونی فوج نے دعویٰ کیا کہ حملے میں حماس کے ایک کمانڈر اور دیگر اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، تاہم اس دعوے کے ثبوت پیش نہیں کیے گئے۔ اقوام متحدہ کے متعدد ماہرین بھی طبی مراکز اور صحت کے کارکنوں کو دانستہ نشانہ بنانے کے حوالے سے خبردار کر چکے ہیں۔
گارڈین نے یاد دلایا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت صیہونی حکومت بحیثیت قابض طاقت، غزہ کے عوام کی بنیادی ضروریات پوری کرنے اور انسانی امداد کی ترسیل کی اجازت دینے کی پابند ہے۔ یہاں تک کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سربراہی میں قائم امن کونسل نے بھی تل ابیب سے تمام انسانی امدادی سامان غزہ میں داخل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، لیکن امریکہ اپنے اثر و رسوخ کو عملی طور پر استعمال کرنے کے لیے تیار نظر نہیں آتا۔
اداریے میں مزید کہا گیا ہے کہ عالمی غذائی پروگرام نے مالی وسائل کی کمی کے باعث گزشتہ ماہ امداد حاصل کرنے والے افراد کی تعداد میں پانچ لاکھ کی کمی کر دی ہے، جبکہ اسرائیلی پابندیوں اور امدادی تنظیموں کی سرگرمیوں میں رکاوٹوں نے امدادی کارروائیوں کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔
گارڈین نے آخر میں زور دیا ہے کہ صیہونی حکومت پر زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی دباؤ ڈالنے کا وقت آ گیا ہے، کیونکہ محض مذمتی بیانات کافی نہیں؛ فلسطینی عوام کی جانیں بچانے اور انہیں موسمِ سرما کی تباہ کاریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔
آپ کا تبصرہ