15 نومبر، 2026، 7:43 PM

غزہ بلدیہ کے ترجمان کی مہر نیوز سے گفتگو:

غزہ میں سردیوں کابحران؛ ہزاروں خیمے متاثر، بلدیہ کو بھاری نقصان

غزہ میں سردیوں کابحران؛ ہزاروں خیمے متاثر، بلدیہ کو بھاری نقصان

حسنی مہنا نے بتایا ہے کہ بارشوں کی پہلی لہر کے دوران ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نقصان پہنچا، جبکہ بلدیہ کی ۱۳۵ بھاری مشینیں اور آلات تباہ ہو چکے ہیں۔ انہوں نے موسم سرما میں شہری خدمات کی فراہمی کے بحران میں مزید شدت آنے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔

مہر نیوز ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک — آذر مہدوان: غزہ کی پٹی میں شدید بارشوں نے ایک بار پھر بے گھر فلسطینیوں کی زندگی کو مزید دشوار اور بحرانی بنا دیا ہے۔ اپنے مکانات کی تباہی کے بعد خیموں اور عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہونے والے متعدد خاندان اب اپنی رہائش گاہوں میں پانی بھر جانے اور ان محدود پناہ گاہوں سے بھی محروم ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔ اسی دوران تباہ شدہ عمارتوں کے منہدم ہونے، بیماریوں کے پھیلنے اور رہائش کی صورت حال مزید خراب ہونے کے خدشات بھی بڑھ گئے ہیں۔

غزہ کے عوام کے لیے بارش اب محض ایک قدرتی مظہر نہیں رہی، کیونکہ بنیادی ڈھانچے کی تباہی، سہولیات کی قلت اور امدادی سازوسامان کی آمد پر پابندیوں نے بارش کے تباہ کن اثرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بھی محدود کر دی ہے۔ موسم سرما کی آمد کے موقع پر کئی ماہ سے جنگ اور بے گھری کی اذیت برداشت کرنے والے فلسطینی پناہ گزینوں کو ایک نئے خطرے کا سامنا ہے۔ یہ صورت حال ایک بار پھر غزہ میں انسانی بحران سے فوری طور پر نمٹنے کی ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔

مہر نیوز کے نامہ نگار نے غزہ بلدیہ کے ترجمان حسنی مہنا سے گفتگو میں بے گھر افراد کی تازہ صورت حال، رہائش کے حالات اور اس علاقے کے عوام کی فوری ضروریات کا جائزہ لیا ہے، جس کی تفصیلات درج ذیل ہیں:

سوال: حالیہ دنوں میں جاری ہونے والی تصاویر غزہ کی پٹی میں خیموں میں مقیم بے گھر افراد کی انتہائی دشوار انسانی صورت حال کی عکاسی کرتی ہیں۔ نامساعد موسمی حالات اور بنیادی سہولیات و ضروری اشیا کی قلت کے پیش نظر بے گھر افراد کی رہائش کی موجودہ صورت حال کیا ہے؟

غزہ شہر میں رہائش کی صورت حال انتہائی دشوار ہے۔ غاصب صیہونی حکومت کی جانب سے نسل کشی کی جنگ مسلسل چوتھے سال بھی جاری رہنے کے باعث شہریوں اور بے گھر افراد کی ایک بڑی تعداد محدود علاقوں میں جمع ہو چکی ہے۔ بہت سے خیمے اور عارضی پناہ گاہیں بھی معیاری نہیں ہیں اور بارش، تیز ہواؤں اور سردی سے مناسب تحفظ فراہم نہیں کرتیں۔ مزید یہ کہ یہ پناہ گاہیں ایسے علاقوں میں قائم کی گئی ہیں جہاں بنیادی سہولیات بھی دستیاب نہیں ہیں۔

چند روز قبل غزہ میں آنے والی شدید بارشوں کی پہلی لہر کے دوران ہزاروں خیموں کو نقصان پہنچا یا وہ تیز ہواؤں کے باعث اپنی جگہ سے اکھڑ گئے، جبکہ بارش کا پانی خیموں اور رہائشی مراکز میں داخل ہو گیا۔ یہ صورت حال خاص طور پر نشیبی علاقوں اور ان مقامات پر زیادہ سنگین تھی جہاں بنیادی ڈھانچہ اور بارش کے پانی کی نکاسی کا نظام موجود نہیں ہے۔ اس صورت حال نے بے گھر اور متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔

سوال: غزہ کی پٹی میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کی جانے والی امداد کی آمد اور تقسیم کا عمل کس مرحلے میں ہے؟ کیا غاصب صیہونی حکومت کی پابندیاں اور رکاوٹیں اب بھی ضروری امدادی سامان کی مناسب مقدار میں آمد اور تقسیم میں رکاوٹ بن رہی ہیں؟

غاصب صیہونی حکومت جنگ کے آغاز سے نافذ کردہ محاصرے کے تحت اب بھی غزہ کی پٹی میں امداد، اشیا اور بنیادی و فوری ضروریات کے سامان کی آمد پر سخت پابندیاں عائد کیے ہوئے ہے۔

بلدیہ کے تجربے کے مطابق، شہری خدمات کو جاری رکھنے اور انسانی ضروریات پوری کرنے کے لیے درکار مواد اور سازوسامان کی واضح قلت موجود ہے۔ یہ کمی صرف غذائی اشیا، امدادی سامان اور موسم سرما کی ضروریات تک محدود نہیں، بلکہ اس میں ایندھن، اسپیئر پارٹس، پمپ، بھاری مشینری اور پانی، سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کی مرمت کے آلات بھی شامل ہیں۔ بلدیہ کے فرائض کی انجام دہی کے لیے یہ تمام اشیا ناگزیر ہیں۔

لہٰذا غزہ میں داخل ہونے والی امداد میں شہری خدمات کی فراہمی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے درکار سازوسامان بھی شامل ہونا چاہیے اور اسے ضروریات کے حجم کے مطابق مسلسل فراہم کیا جانا چاہیے، نہ کہ محدود اور ناکافی مقدار میں۔

سوال: غزہ کی پٹی میں بنیادی ڈھانچے اور ضروری خدمات، بالخصوص پینے کے پانی، بجلی اور حرارت کے حصول نیز خدماتی مراکز کی سرگرمیوں کے لیے درکار ایندھن کی فراہمی کی صورت حال کیا ہے؟ ان خدمات کی فراہمی کے لیے بلدیہ کو کن چیلنجز کا سامنا ہے؟

غزہ شہر کا بنیادی ڈھانچہ بری طرح تباہ ہو چکا ہے۔ پانی، سیوریج اور بارش کے پانی کی نکاسی کے نظام کے علاوہ سڑکوں کو بھی بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے، جبکہ غاصب صیہونی حکومت نے بلدیہ کی بیشتر مشینری اور سازوسامان کو خدمات کی فراہمی کے نظام سے باہر کر دیا ہے۔

اس وقت بلدیہ کی ۱۳۵ بھاری مشینیں اور آلات، جو اس کے مجموعی مشینی بیڑے کا تقریباً ۸۵ فیصد ہیں، تباہ ہو چکے ہیں۔ اس صورت حال نے ضروریات پوری کرنے کی بلدیہ کی صلاحیت کو براہ راست متاثر کیا ہے۔

ایندھن، اسپیئر پارٹس، پمپوں اور مرمت کے آلات کی قلت بھی تنصیبات کو فعال رکھنے اور ہنگامی کارروائیاں انجام دینے میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ خاص طور پر موسم سرما میں بارش کے پانی کی نکاسی، سڑکوں کو آمدورفت کے لیے کھولنے اور زیرِ آب آنے والے علاقوں سے نمٹنے کی ضرورت بڑھ جاتی ہے۔

سوال: موجودہ حالات اور موسم سرما کی آمد کے پیش نظر غزہ کی پٹی کے باشندوں کی فوری ترین ضروریات کیا ہیں؟ عوام کی مدد اور امداد رسانی کے حوالے سے کن ترجیحات کو مدنظر رکھنا چاہیے؟

ہماری بنیادی ترجیح شہریوں اور بے گھر افراد کی جانوں کا تحفظ اور بارش و سردی کو ایک نئی تباہی میں تبدیل ہونے سے روکنا ہے۔ اس مقصد کے لیے لکڑی کے مکانات اور پیش ساختہ رہائشی یونٹس (کنٹینر نما مکانات) جیسی مناسب عارضی پناہ گاہیں غزہ میں داخل کی جانی چاہئیں۔ اسی طرح جن خاندانوں نے اپنے مکانات کھو دیے ہیں، انہیں اپنے خیموں، پیش ساختہ رہائشی یونٹس اور نقل پذیر پناہ گاہوں کے تحفظ کے لیے ضروری آلات اور سامان کی ضرورت ہے۔

خیمے خود بے گھر افراد کی روزمرہ اذیت کا ایک حصہ بن چکے ہیں، کیونکہ یہ نہ تو گرمیوں کی شدید تپش میں اور نہ ہی سردیوں کی سردی اور شدید بارشوں میں انہیں مناسب تحفظ فراہم کر سکتے ہیں۔

ان ضروریات کے ساتھ ساتھ بھاری مشینری، پمپوں، ایندھن، اسپیئر پارٹس اور بارش کے پانی کی نکاسی و سیوریج کے نظام کی مرمت کے آلات کی فوری فراہمی بھی ناگزیر ہے۔ بیٹریاں، صنعتی تیل اور دیگر استعمال ہونے والی اشیا بھی فوری ضروریات میں شامل ہیں۔

اسی طرح ملبہ ہٹانے اور سڑکوں کو دوبارہ کھولنے کے لیے ہمیں سنجیدہ تعاون کی ضرورت ہے، کیونکہ غزہ کی پٹی میں ۶ کروڑ ۸۰ لاکھ ٹن ملبے کا انبار اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی نے شدید بارشوں کی کسی بھی نئی لہر کا مقابلہ کرنے کی ہماری صلاحیت کو کمزور کر دیا ہے۔

جن خاندانوں کو بارہا بے گھر ہونا پڑا ہے اور جو جنگ کی اذیتیں برداشت کر چکے ہیں، انہیں بارشوں کے باعث دوبارہ اپنی رہائش گاہیں چھوڑنے پر مجبور نہیں ہونا چاہیے۔ جس خاندان کا خیمہ بارش اور طوفان کے باعث تباہ ہو جاتا ہے، اس کے پاس اس کا کوئی مناسب متبادل نہیں ہوتا، جس کے نتیجے میں اس کی مشکلات اور مصائب کئی گنا بڑھ جاتے ہیں۔

News ID 1942879

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha