مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے خلاف ذرائع ابلاغ میں جاری مہم اور بے بنیاد الزامات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ فرانس میں نام نہاد ’’ریفریجریٹرز کیس‘‘ سے لے کر امریکی حکام کے قتل کی سازش کے الزامات تک، صہیونی حکومت کا میڈیا اور نفسیاتی جنگی نظام ایران کے خلاف منظم اور بدنیتی پر مبنی بیانیہ تشکیل دے رہا ہے۔ اس مہم کا مقصد ایران کو صرف مغربی حکومتوں کے لیے خطرہ نہیں بلکہ عام شہریوں کی روزمرہ زندگی کے لیے بھی خطرہ بنا کر پیش کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد واضح ہے۔ جب امریکہ اور یورپ کی رائے عامہ اپنے رہنماؤں کی جنگ پسندی کی حمایت نہیں کر رہی تو خوف و ہراس پھیلا کر عوام کو جنگ کی حمایت پر آمادہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اس طرح ان رہنماؤں کی سیاسی اور فوجی مہم جوئی کو شہریوں کے تحفظ کے نام پر جائز قرار دینے کے ساتھ امریکی حکام کو قتل کی دھمکیوں کے بیانیے کے ذریعے جنگ کو ان کا ذاتی مسئلہ بنانے کی کوشش بھی کی جا رہی ہے۔
بقائی نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل نے ایران کے خلاف جارحیت کے دوران حکام کو قتل کرنے اور عام شہریوں کو نشانہ بنانے کے ذریعے ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال پیش کی، جبکہ ایران نے مزاحمت اور جائز دفاع کے ذریعے اس کا بھرپور جواب دیا ہے اور دے رہا ہے۔ ایران کو اپنے دشمنوں کے طریقوں کی نقل کرنے کی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ عام شہریوں کی زندگیوں میں خلل ڈالنا چاہتا ہے، جو خود اپنے غیر ذمہ دار رہنماؤں کے غلط فیصلوں کا شکار ہیں۔
ترجمان وزارت خارجہ نے امریکی حکام کے فوجی پناہ گاہوں میں چھپنے اور روپوش ہونے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وہی حکام ہیں جو کل تک جنگ میں فتح کے دعوے کر رہے تھے۔ ان کے بقول، اس طرزِ عمل کا مقصد ان عوام کی ہمدردی حاصل کرنا ہے جو اپنے رہنماؤں کے جھوٹ اور امریکی حکومت کو اسرائیلی حکومت کی ترجیحات کا تابع بنانے پر ناراض ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکام کی بڑھتی ہوئی گھبراہٹ اور ذہنی انتشار کسی حربے سے دور نہیں ہوگا۔ ایران کو جارحیت کرنے والے کو شکست دینے کے لیے خود جارح قوت جیسا بننے یا شکست خوردہ فریقوں کے کھیل میں شریک ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔
آپ کا تبصرہ