مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ماسکو میں ایران کے سفیر کاظم جلالی نے روسی خبر رساں ایجنسی تاس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی کے دورۂ ماسکو کا بنیادی مقصد رہبر انقلاب کا سرکاری پیغام روسی صدر ولادیمیر پیوٹن تک پہنچانا تھا۔
جلالی نے کہا کہ اس پیغام میں دونوں ممالک کے دوطرفہ اور اسٹریٹجک تعلقات کی اہمیت کے ساتھ ساتھ اعلیٰ ترین سطح پر مسلسل مشاورت کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ محسن رضائی کے دورے کو دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات کے تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، خصوصاً ایسے وقت میں جب عالمی اور علاقائی حالات نے تہران اور ماسکو کے درمیان قریبی رابطوں اور ہم آہنگی کی ضرورت بڑھا دی ہے۔
ایرانی سفیر کے مطابق یہ دورہ خصوصی اہمیت کا حامل تھا اور اس سے دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو برقرار رکھنے اور مزید وسعت دینے کے مشترکہ عزم کا اظہار ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں میجر جنرل محسن رضائی نے کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی تھی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اسٹریٹجک تعلقات، علاقائی و عالمی صورت حال اور باہمی تعاون کو وسعت دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
اس موقع پر محسن رضائی نے بتایا تھا کہ آیت اللہ سید مجتبی خامنہ ای چاہتے تھے کہ ان کا پیغام جلد از جلد روسی صدر تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا تھا کہ صدر پیوٹن نے جواب میں رہبرِ انقلاب کے لیے اپنے پرخلوص اور گرم جوش خیرسگالی کے جذبات پہنچائے۔
دوسری جانب، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے رہبر انقلاب کے پیغام کا خیرمقدم کرتے ہوئے خطے میں ایران کے تعمیری اور کلیدی کردار کو سراہا۔
آپ کا تبصرہ