15 نومبر، 2026، 7:05 PM

ایران کے ساتھ جنگ اسرائیل کو مزید کمزور کر دے گی، صیہونی تجزیہ نگار

ایران کے ساتھ جنگ اسرائیل کو مزید کمزور کر دے گی، صیہونی تجزیہ نگار

ایک صیہونی تجزیہ کار نے ایران کے خلاف نئی جنگ چھیڑنے کے حوالے سے خبردار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایسی جنگ تل ابیب کے مقاصد حاصل نہیں کر سکتی، بلکہ عالمی سطح پر اسرائیل کی پوزیشن کو مزید کمزور کر دے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی نے العہد کے حوالے سے بتایا ہے کہ صیہونی حکومت کے تحقیقی ادارے ’’داخلی سلامتی‘‘ سے وابستہ ایران امور کے ماہر اور محقق دانی سیترینوویچ نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک نئی فوجی محاذ آرائی میں داخل ہونا ایک بہت بڑی تزویراتی غلطی ہوگی، جس کے نتائج برداشت کرنے کی اسرائیل میں صلاحیت نہیں ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایران پر بار بار حملے کرنے سے اس ملک کا خطرہ ختم نہیں ہوگا اور فوجی کامیابیاں لازماً تزویراتی مفادات میں تبدیل نہیں ہوتیں۔

سیترینوویچ نے اسرائیلی ٹیلی ویژن چینل 12 کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک مضمون میں لکھا ہے کہ آبادکاروں کو ایک بار پھر پناہ گاہوں میں بھیجنا اور ایسی جنگ میں بھاری اخراجات برداشت کرنا، جس کی نہ تو فوری سلامتی کی کوئی ضرورت ہے اور نہ ہی اس کے تزویراتی مقاصد حاصل کرنے کی صلاحیت واضح ہے، کسی بھی صورت آسانی سے قابلِ جواز نہیں ہوگا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران طویل عرصے تک اسرائیل کے لیے سلامتی کا ایک چیلنج بنا رہے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ایرانیوں نے گزشتہ دو جنگوں میں ثابت کیا ہے کہ فوجی کارروائیوں کی کامیابیاں، خواہ کتنی ہی اہم کیوں نہ ہوں، لازماً تزویراتی کامیابی کا باعث نہیں بنتیں؛ چاہے معاملہ ایران کے نظام کو گرانے اور اس کے جوہری پروگرام کا ہو یا تہران کی روایتی فوجی صلاحیتوں، بالخصوص میزائل نظام کی ازسرِنو بحالی کو روکنے کا۔

اس صیہونی تجزیہ کار نے نشاندہی کی کہ یہ تصور کہ نئی جنگ ان کامیابیوں کو حاصل کر سکتی ہے جو گزشتہ جھڑپوں میں حاصل نہیں ہو سکیں، اس کے لیے ایک واضح اور قائل کرنے والی تزویراتی وضاحت ضروری ہے، نہ کہ محض ایک اور تاریخی فتح حاصل کرنے کے وعدے پر اکتفا کیا جائے۔

سیترینوویچ نے خبردار کیا کہ اسرائیل کی جانب سے امریکی حکومت کو ایک نئی جنگ کی طرف دھکیلنے یا واشنگٹن پر ایسی جنگ میں شامل ہونے کے لیے دباؤ ڈالنے کی کوشش، ایسے حالات میں جب اس اقدام کو امریکی عوام کی وسیع حمایت حاصل نہیں ہے، دونوں ممالک کے تعلقات کو طویل المدتی تزویراتی نقصان پہنچا سکتی ہے۔

ان کے خیال میں واشنگٹن اسرائیل کو ایک ایسے فریق کے طور پر دیکھ سکتا ہے جو کسی واضح تزویراتی مقصد کے بغیر امریکہ کو مشرقِ وسطیٰ کی ایک اور مہنگی جنگ میں گھسیٹنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اس مسئلے سے اسرائیل کے حوالے سے امریکی پالیسی میں تبدیلیوں کے عمل میں مزید تیزی آ سکتی ہے۔

اس مصنف نے صیہونی حکومت کی داخلی سیاسی صورتِ حال پر بھی روشنی ڈالی اور لکھا کہ موجودہ حالات میں نیتن یاہو کا اس جنگ میں داخل ہونے کا امکان تشویش ناک ہو سکتا ہے۔

سیترینوویچ نے صیہونی حکومت کی آئندہ کابینہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ایران کے حوالے سے اسرائیل کی حکمتِ عملی پر نظرثانی کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ یہ نظرثانی صرف ایران کی صلاحیتوں کو نقصان پہنچانے کے طریقوں تک محدود نہیں ہونی چاہیے، بلکہ اس میں ان مقاصد کا بھی تعین ہونا چاہیے جنہیں تل ابیب حاصل کرنا چاہتا ہے، نیز اس جنگ پسندی کے اخراجات کا بھی واضح اندازہ لگایا جانا چاہیے۔

صیہونی تجزیہ کار نے خبردار کیا کہ خطرہ صرف ایک بے نتیجہ جنگ میں داخل ہونے تک محدود نہیں ہے، بلکہ اس میں بھاری اخراجات برداشت کرنا، اسرائیل کے سب سے اہم اتحادی امریکہ کے ساتھ تعلقات کو نقصان پہنچانا اور پھر ایسے حالات میں جنگ سے نکلنا بھی شامل ہے کہ ایران کا خطرہ بدستور برقرار رہے، لیکن اسرائیل پہلے سے زیادہ خراب تزویراتی پوزیشن میں پہنچ چکا ہو۔

News ID 1942878

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha