مہر خبررساں ایجنسی نے رشیا ٹوڈے کے حوالے سے بتایا ہے کہ روسی صدارتی محل کرملین کے ترجمان نے خبردار کیا ہے کہ اگر یورپی یونین یوکرین کے حوالے سے امن معاہدے تک پہنچنے کی خواہش نہیں رکھتی تو ماسکو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے فوجی طاقت استعمال کرنے کا راستہ اختیار کرے گا۔
کرملین کے ترجمان دیمتری پیسکوف نے ایک پریس کانفرنس میں خبردار کیا کہ اگر یورپی یونین یوکرین کے معاملے پر امن معاہدے کے لیے آمادہ نہ ہوئی تو ماسکو اپنے مقاصد کے حصول کے لیے طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کرے گا۔
دوسری جانب روس کے وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے یوکرین میں پائیدار جنگ بندی کے قیام کو یورپ کے سکیورٹی انتظامات سے متعلق مذاکرات کے آغاز کی شرط قرار دینے کے بارے میں یورپی کمیشن کی صدر ارسولا وان ڈیر لاین کے مؤقف کو ’’مکمل طور پر بند گلی کا راستہ‘‘ قرار دیا۔
انہوں نے وان ڈیر لاین کے اس بیان کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ پائیدار جنگ بندی کے قیام سے پہلے یورپ کے سکیورٹی ڈھانچے پر بات چیت نہیں ہو سکتی، کہا کہ اس مؤقف کا مقصد یوکرین کی حکومت کو اپنی فوجی صلاحیتیں دوبارہ بحال کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے زور دے کر کہا کہ ماسکو ایسی جنگ بندی سے اتفاق نہیں کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ روس کے نقطۂ نظر سے پہلے مستقبل کے سکیورٹی ڈھانچے اور ضمانتوں کے حوالے سے اتفاقِ رائے ہونا چاہیے اور اس کے بعد یوکرین کے تنازعے کے حل کی طرف بڑھنا چاہیے۔
واضح رہے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب یوکرین کی جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں، جبکہ مذاکرات کے لائحۂ عمل اور اس عمل میں یورپ کے کردار کے حوالے سے ماسکو اور یورپی ممالک کے درمیان اختلافات بدستور برقرار ہیں۔
یاد رہے 10 اور 11 نومبر 2026ء کو ابوظہبی میں روس، یوکرائن اور امریکہ کے نمائندوں کے درمیان سہ فریقی مذاکرات منعقد ہوئے۔ تقریباً 9 ماہ بعد تینوں فریقوں کے درمیان براہِ راست مذاکرات کا یہ پہلا دور تھا۔ اگرچہ حکام نے مذاکرات میں پیش رفت کی بات کی، تاہم علاقائی مسائل اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اختلافات بدستور حل طلب رہے۔
ان مذاکرات کے بعد امریکی نمائندوں اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کشنر نے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کی، جس کے بعد ڈبلن میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی اور یورپی نمائندوں سے بات چیت کی۔
ان مشاورتوں کا ایک اہم موضوع مذاکرات کے آئندہ دور میں یورپی ممالک کی شرکت تھا۔ جیرڈ کشنر نے یورپی نمائندوں کی شرکت کے ساتھ مذاکرات کا دائرہ وسیع کرنے پر اتفاق کی بات کی، تاہم کرملین نے اعلان کیا کہ پیوٹن اور امریکی نمائندوں کی ملاقات میں یورپی ممالک کی شرکت کا معاملہ زیرِ بحث نہیں آیا۔
آپ کا تبصرہ