14 نومبر، 2026، 7:42 PM

جدید امریکہ اور سو سال پرانا نظام

جدید امریکہ اور سو سال پرانا نظام

کی سپر پاور کہلانے والے امریکہ کے بارے میں جب یہ خبر سامنے آتی ہے کہ اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول (فضائی آمدورفت کی نگرانی اور رہنمائی کا نظام) تقریباً سو سال پرانے نظام پر چل رہا ہے تو حیرت ہونا فطری ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، پروفیسر تنویر حیدر نقوی: دنیا کی سپر پاور کہلانے والے امریکہ کے بارے میں جب یہ خبر سامنے آتی ہے کہ اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول (فضائی آمدورفت کی نگرانی اور رہنمائی کا نظام) تقریباً سو سال پرانے نظام پر چل رہا ہے تو حیرت ہونا فطری ہے۔ یہ وہ امریکہ ہے جس کی ترقی، سائنسی ایجادات، خلائی ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، جدید ترین جنگی طیاروں اور ڈیجیٹل دنیا پرحکمرانی کے قصے پوری دنیا میں سنائے جاتے ہیں۔ ہالی وڈ کی فلموں میں اس کا تصور ایک ایسی ترقی یافتہ تہذیب کے طور پر پیش کیا جاتا ہے جہاں مستقبل کی ٹیکنالوجی آج کی حقیقت معلوم ہوتی ہے۔ لیکن جب اسی ملک کے بنیادی شہری انفراسٹرکچر کی حالت پر نظر پڑتی ہے تو ایک بالکل مختلف تصویر سامنے آتی ہے۔ یہاں ایک اہم سوال پیدا ہوتا ہے: کیا کسی ملک کی ترقی کا اندازہ صرف اس کی جدید ترین ٹیکنالوجی، مہنگے ہتھیاروں اور خلائی منصوبوں سے لگایا جا سکتا ہے، یا اس کے عام شہریوں کی روزمرہ زندگی سے متعلق بنیادی نظام بھی ترقی کا پیمانہ ہوتے ہیں؟ اور یہی وہ تضاد ہے جو غور طلب ہے۔

اس حیرت کی ایک تازہ مثال 13 نومبر 2026ء کو سامنے آئی، جب امریکہ میں مواصلاتی نظام کی خرابی کے باعث فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (FAA) نے ملک بھر کے ہوائی اڈوں سے پروازوں کی روانگی روک دی۔ ہزاروں پروازیں متاثر ہوئیں اور لاکھوں مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ امریکی وزیرِ ٹرانسپورٹ شان ڈفی نے اعتراف کیا کہ فضائی ٹریفک کنٹرول کا نظام انتہائی پرانا ہے۔

ان کے مطابق پرانے اینالاگ مواصلاتی نظام کے سوئچز اور راؤٹرز ڈیٹا کے دباؤ کو برداشت نہ کر سکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ملک کے کئی ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاورز تقریباً سو سال پرانے ہیں۔ یہاں ایک دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ امریکہ آج مصنوعی ذہانت کے ذریعے دنیا کے مستقبل کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، مگر اس کے فضائی نظام کے بعض حصے اب بھی کئی دہائیوں پرانی ٹیکنالوجی پر انحصار کرتے ہیں۔ نومبر 2026ء میں امریکی محکمہ ٹرانسپورٹ نے خود اعلان کیا کہ بعض مراکز میں معلومات کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی فلاپی ڈسکوں کو بھی اب جدید نظام سے تبدیل کیا جا رہا ہے۔

ایک طرف انسان مریخ پر جانے کے منصوبے بنا رہا ہو، دوسری طرف اسی انسان کو اپنے ملک کے ہوائی اڈے سے پرواز کے لیے گھنٹوں انتظار کرنا پڑے، تو یہ ترقی کے مختلف شعبوں کے درمیان ایک واضح عدم توازن کی نشاندہی کرتا ہے۔ شاید اس واقعے کا سب سے بڑا سبق یہی ہے کہ کسی ملک کی اصل جدیدیت اس کی جدید ترین عمارتوں، جنگی طیاروں اور خلائی منصوبوں سے نہیں بلکہ اس نظام سے ظاہر ہوتی ہے جو عام شہری کی روزمرہ زندگی کو بلاتعطل سہولت فراہم کرتا ہے۔ دنیا کو مستقبل کے خواب دکھانے والے ملک کے لیے یہ لمحۂ فکریہ ضرور ہے کہ وہ اپنے حال کے بنیادی نظام کو کس قدر مستحکم بنا پایا ہے۔

News ID 1942857

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha