12 نومبر، 2026، 10:16 PM

انقلاب اسلامی نے دنیا کے سامنے مغرب کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا، حداد عادل

انقلاب اسلامی نے دنیا کے سامنے مغرب کا حقیقی چہرہ بے نقاب کر دیا، حداد عادل

انقلابِ اسلامی محض سیاسی تبدیلی نہیں تھا، بلکہ اس نے فکری اور انتظامی وابستگیوں کو مسترد کرکے ایران میں نوآبادیاتی تسلط کے ڈھانچے کو چیلنج کیا اور حقیقی خودمختاری کی راہ ہموار کی۔ 

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فارسی زبان و ادب کی اکیڈمی کے سربراہ غلام علی حداد عادل نے اراک میں اساتذہ اور دانشوروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انقلابِ اسلامی نے مغربی طاقتوں کی بالادستی کے خلاف مزاحمت اور ان کے دعوؤں و عملی اقدامات کے تضاد کو آشکار کرکے دنیا کے سامنے مغرب کا حقیقی چہرہ بے نقاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ انقلابِ اسلامی محض سیاسی تبدیلی نہیں تھا بلکہ اس نے فکری اور انتظامی وابستگیوں کو مسترد کرکے ایران میں نوآبادیاتی تسلط کے ڈھانچے کو چیلنج کیا اور حقیقی خودمختاری کی راہ ہموار کی۔

ان کے مطابق، بہت سے سابق نوآبادیاتی ممالک بظاہر آزاد ہوگئے، لیکن ان کے انتظامی ڈھانچے اور حکمران طبقے بدستور استعماری طاقتوں کے مفادات کے تابع رہے۔

حداد عادل نے کہا کہ امام خمینیؒ نے نظریۂ ولایت فقیہ کے ذریعے معاشرے کی حکمرانی کا ایک متبادل سیاسی تصور پیش کیا، جس نے مغربی طاقتوں کے حساب کتاب کو بدل دیا۔ امریکہ نے انقلاب سے پہلے ایران کے حکومتی ڈھانچے پر اپنا اثرورسوخ قائم کر رکھا تھا، لیکن انقلاب کے بعد اسے اپنی سابقہ استعماری حیثیت سے پیچھے ہٹنا پڑا۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ نے ابتدا میں فوجی بغاوت اور داخلی بدامنی کے ذریعے اور بعد ازاں صدام کی مسلط کردہ جنگ کی حمایت کرکے انقلاب اسلامی کو ناکام بنانے کی کوشش کی، لیکن اسے کامیابی نہیں ملی۔ ان کے مطابق، امریکہ نے گزشتہ سال 9 اسفند کو بھی ایران پر بھرپور حملہ کیا تاکہ انقلاب اسلامی کو عالمِ اسلام کی اقوام کے لیے ایک قابلِ تقلید نمونہ بننے سے روکا جا سکے۔

انہوں نے 1953ء کی بغاوت کو امریکی مداخلت کی ایک واضح تاریخی مثال قرار دیتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مستند تاریخی کتابوں کے ذریعے مغربی طاقتوں کے اثرورسوخ اور تسلط کے طریقوں کو سمجھیں۔

حداد عادل نے کہا کہ صنعتی انقلاب اور جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے بعد مغربی طاقتوں نے اپنی فوجی و صنعتی برتری کے ذریعے دیگر اقوام کے وسائل لوٹے۔ بعد ازاں انہوں نے اپنے مفادات کے مطابق نسلوں کی فکری تربیت کے لیے دوسرے ممالک میں اسکول اور جامعات قائم کیں، تاکہ معاشی و سیاسی تسلط کے ساتھ فکری وابستگی بھی برقرار رہے۔

انہوں نے کہا کہ مغربی رہنما تہذیب، عقلانیت، امن اور انسانی حقوق کے دعوے کرتے ہیں، لیکن ان کے عملی اقدامات ان دعوؤں سے متصادم ہیں اور وہ اپنے مفادات کے لیے آمرانہ حکومتوں اور حقوق انسانی کی خلاف ورزی کرنے والوں کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

غزہ میں اسرائیلی جرائم اور امریکہ کی کھلی حمایت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان واقعات نے آزادی، امن اور انسانی حقوق کے حوالے سے مغرب کے دعوؤں اور اس کے عملی کردار کے درمیان تضاد کو دوبارہ واضح کردیا ہے۔

حداد عادل نے رہبرِ شہید انقلاب اسلامی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بصیرت افروز رہنمائی نے انقلاب کے مختلف مراحل میں عوام کی ثابت قدمی اور مسلسل موجودگی میں اہم کردار ادا کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رہبرِ شہید کی علمی، روحانی اور شخصیتی جامعیت گزشتہ تین دہائیوں میں معاشرے کی فکری و دینی رہنمائی کا ذریعہ رہی۔

انہوں نے جامعات میں علم اور دین کے باہمی تعلق کو برقرار رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی سائنسی ترقی دین داری، خود اعتمادی اور نوجوانوں کی مزاحمت کے نتیجے میں ممکن ہوئی ہے۔ اس لیے دینی اقدار اور سائنسی کامیابیوں دونوں کا تحفظ ضروری ہے اور اساتذہ و دانشوروں کو ان عناصر کے خلاف ہوشیار رہنا چاہیے جو اس راستے کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔

News ID 1942804

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha