مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی گروپ: گزشتہ کئی دہائیوں کے دوران عالمی نظام نے یک قطبی بالادستی سے کثیر قطبی نظام کی جانب ایک تاریخی تبدیلی کا مشاہدہ کیا ہے۔ یہ ایسا نظام ہے جس میں اسلامی جمہوریہ ایران ایک حاشیائی فریق کے طور پر نہیں، بلکہ ایک تہذیبی ریاست اور مغربی ایشیا کے محورِ سلامتی کی حیثیت سے فیصلہ کن کردار ادا کر رہا ہے۔ چین کے صدر کی جانب سے ’’توسیدید کے دام‘‘ اور سرد جنگ کے بعد قائم ہونے والے نظام کی بالادستی کے انہدام کی طرف اشارہ اس حقیقت کا اظہار ہے جس پر تہران برسوں سے زور دیتا رہا ہے کہ واشنگٹن کی جانب سے سیاسی، اقتصادی اور سلامتی سے متعلق اپنی مرضی مسلط کرنے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے حکام کے نقطۂ نظر سے مزاحمت کوئی قلیل مدتی حربہ نہیں، بلکہ قومی خودمختاری کے تحفظ کا ایک گہرا اور تہذیبی اصول ہے، جو ’’سائیکس پیکو‘‘ جیسے استعماری انتظامات اور ’’گریٹر اسرائیل‘‘ جیسے نئے منصوبوں کے مقابلے میں کھڑا ہے۔ ایران مداخلتوں اور تاریخی قبضوں کے تجربات کی بنیاد پر اس تزویراتی نتیجے تک پہنچا ہے کہ سلامتی اور اقتصادی معادلات میں فیصلہ کن قوت کے بغیر محض ظاہری خودمختاری کی کوئی خاص معنویت نہیں ہے۔ اسی بنا پر ایک خودانحصار اور مقامی نظام کے قیام کی کوشش تہران کے نئے سیاسی نظریے کا بنیادی محور ہے؛ ایسا نظام جس میں سلامتی تابع داری کے ذریعے نہیں، بلکہ مفادات کے توازن اور قومی خودمختاریوں کے اعتراف کے ذریعے حاصل ہو۔
تہران کا چار فریقی اجلاس اور معاہدۂ مکہ کے ارکان کی جانب سے مشرقِ وسطیٰ میں ایران کی سلامتی کی حیثیت کو تسلیم کرنا شاید وہ اہم سبق ہے جو حالیہ برسوں کی پیش رفت، بالخصوص جنگِ رمضان نے خطے کے تمام فعال فریقوں کو دیا ہے۔ آگے ہم نئے علاقائی نظام میں ایران کی حیثیت کا مزید جائزہ لیں گے۔
ایران کی جغرافیائی و سیاسی حیثیت؛ علاقائی طاقت سے توانائی کی سلامتی کے تزویراتی دباؤ کے ذریعے تک
ایران کی جغرافیائی و سیاسی صلاحیت اس کی فوجی طاقت سے بڑھ کر اس کے ممتاز تزویراتی محلِ وقوع میں پوشیدہ ہے۔ ایران ایک ایسے ملک کی حیثیت رکھتا ہے جو توانائی کے ایک تزویراتی خطے کے مرکز میں واقع ہے۔ اس کی 8,574 کلومیٹر طویل زمینی اور سمندری سرحدیں ہیں اور یہ 15 ممالک کا ہمسایہ ہے۔ اسی بنا پر اسے دنیا کے اہم مواصلاتی گزرگاہوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
اسلامی دنیا میں ایک شناختی قوت کی حیثیت سے ایران نے دفاعی بازدارندگی کی حکمتِ عملی وضع کرتے ہوئے اپنی سلامتی کی سرحدوں کو خطے کی تزویراتی گہرائی تک وسعت دینے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ امریکہ اور صیہونی دشمن کے ساتھ دوسری اور تیسری مسلط کردہ جنگوں کے بعد کے دور میں یہ جغرافیائی و سیاسی طاقت عالمی معیشت میں ایک فیصلہ کن عامل بن چکی ہے۔
مغرب کے اس ابتدائی تصور کے برخلاف کہ پابندیاں اور فوجی دباؤ ایران کو تنہا کر سکتے ہیں، حالیہ جنگ میں امریکہ کی بھاری شکست اور حملوں کے مقابلے میں ایران کی ثابت قدمی نے ظاہر کر دیا ہے کہ عالمی توانائی کی سلامتی کا انحصار ایران کے زیرِ اثر علاقوں کی سلامتی اور استحکام پر انتہائی گہرا ہے۔ آبنائے ہرمز، جو عالمی توانائی کی ایک حیاتیاتی شریان کی حیثیت رکھتی ہے، اب تہران کے ہاتھ میں دباؤ ڈالنے کا ایک مؤثر اور دانش مندانہ ذریعہ بن چکی ہے؛ ایسا ذریعہ جس کے باعث ایران کے خلاف کسی بھی فوجی مہم جوئی کی صورت میں یورپ سے امریکہ تک پوری دنیا کو بھاری اقتصادی قیمت چکانا پڑ سکتی ہے۔
اس محاذ آرائی کے اقتصادی اثرات اب بین الاقوامی سطح پر واضح طور پر سامنے آ رہے ہیں اور طاقت کا توازن تہران کے حق میں تبدیل ہو رہا ہے۔ امریکی کانگریس میں ’’بلیو ویو‘‘ (نیلی لہر) کا پیدا ہونا اور مقبوضہ سرزمینوں میں دائیں بازو کے اتحاد کی ابتدائی شکست، نئے دور اور مغربی ایشیا میں ایک مؤثر طاقت کی حیثیت سے ایران کے مقام کے استحکام کے اولین نتائج میں شمار ہوتے ہیں۔
فرانس کے صدر اور جرمنی کے چانسلر جیسے اعلیٰ یورپی حکام کے ایران کے خلاف جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے بحرانوں سے متعلق بیانات اس حقیقت کی تائید کرتے ہیں کہ ایرانی قوم کی مزاحمت اب محض ایک علاقائی مسئلہ نہیں رہی، بلکہ اس نے پوری دنیا میں عوام کے معاش، ایندھن اور پٹرول کی قیمتوں اور مغربی ممالک کے حرارتی نظام کے بنیادی ڈھانچے کو بھی براہِ راست متاثر کیا ہے۔
اس انحصار کا ادراک رکھتے ہوئے تہران نے ایک نئی پالیسی سازی کا آغاز کیا ہے، جس میں معیشت اور سلامتی کو دو ناقابلِ انفکاک امور سمجھا جاتا ہے۔ ایران کا مؤقف ہے کہ اقتصادی پابندیاں سیاسی جبر کے جدید ذرائع ہیں اور جب تک ان ذرائع کو ملک کو رعایتیں دینے پر مجبور کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا رہے گا، تجارتی اور توانائی کی گزرگاہوں کی سلامتی کی ضمانت بھی نہیں دی جا سکے گی۔
درحقیقت حالیہ جنگ نہ صرف ایران کو کمزور کرنے میں ناکام رہی، بلکہ اس کے نتیجے میں عالمی معادلات میں ملک کا جیو اکنامک وزن غیر معمولی طور پر بڑھ گیا اور اپنی علاقائی سالمیت کے دفاع میں ایرانی قوم کی قوت و اقتدار بین الاقوامی مذاکرات اور سودے بازی میں ایک مؤثر عامل بن گیا۔
اقتدار پر مبنی سفارت کاری؛ محض سیاسی مذاکرات سے آگے کا سفر
موجودہ حالات میں ایران کی سفارت کاری ’’اقتدار کے ساتھ حقیقت پسندی‘‘ کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ فوجی محاذ آرائی کے ایک دور سے گزرنے کے بعد قطر، پاکستان اور عراق جیسے ثالثوں کے ذریعے سفارتی راستے کھل گئے ہیں؛ تاہم تہران جنگ سے پہلے کے دور کے برعکس اب محض سیاسی مذاکرات پر اکتفا کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی سات شرائط، جن میں پابندیوں کا مکمل خاتمہ، منجمد اثاثوں کی واپسی، آبنائے ہرمز کا خودمختار انتظام اور لبنان و غزہ سے یمن اور حتیٰ کہ شام تک تمام محاذوں پر فوجی کارروائیوں کا خاتمہ شامل ہیں، ظاہر کرتی ہیں کہ مذاکرات میں ایران کی ترجیحات جوہری معاملات سے کہیں آگے تک پھیلی ہوئی ہیں۔
تہران موجودہ حالات میں فریقِ مقابل کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی تصدیق اور ان پر عمل درآمد کی ضمانتوں پر زور دیتا ہے اور واشنگٹن کے وعدوں کو تزویراتی بدگمانی کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ آبنائے ہرمز کے معاملے میں بھی ایران نے اپنے جنوبی ہمسایہ ملک کے ساتھ مشترکہ فہم و ادراک حاصل کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اس آبی گزرگاہ کے مقامی انتظام کو مستحکم کرنے کی کوشش شروع کر دی ہے۔
اس اقدام کا متحدہ عرب امارات اور قطر جیسے عرب ہمسایہ ممالک کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ خطے کی سلامتی کا انتظام ساحلی ممالک کو خود کرنا چاہیے، نہ کہ غیر ملکی فوجی اڈوں کی موجودگی پر انحصار کرنا چاہیے، جو صرف عدم استحکام کو ہوا دیتے ہیں۔
حاصلِ کلام؛ ایران نئے علاقائی نظام کا بنیادی ستون
آخر میں یہ کہنا ضروری ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے حالیہ جنگ کے چیلنجوں سے گزر کر نہ صرف تنہائی سے نکلنے میں کامیابی حاصل کی ہے، بلکہ نئے علاقائی نظام کے بنیادی ستون کی حیثیت سے بھی ابھرا ہے۔ ایران میں قومی اتحاد اور یکجہتی، جو اب فوجی میدان سے آگے بڑھ کر اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں بھی نمایاں ہو چکی ہے، دشمنوں کو مایوس کر چکی ہے۔
جوہری معاملہ، سمندری مسائل اور سلامتی کے انتظامات، یہ سب ایران کے لیے ایک وسیع تر ہدف کے دائرے میں آتے ہیں: بیرونی مداخلتوں کا خاتمہ اور ان کی جگہ ایسے نظام کا قیام جس میں قومی خودمختاری اور باہمی مفادات کو تسلیم کیا جائے۔
تہران کے نقطۂ نظر سے مشرقِ وسطیٰ کے مستقبل کا منظرنامہ ایک ایسے خطے کا ہے جہاں خطے سے باہر کی طاقتیں اپنا بوریا بستر سمیٹ لیں اور خلیج فارس کے ممالک ’’ابراہیمی معاہدوں‘‘ یا ایران مخالف کمزور اتحادوں پر انحصار کرنے کے بجائے ایران کی برتر طاقت کے ساتھ پائیدار روابط کی جانب بڑھیں۔
آج اس خطے میں سلامتی یا اقتصادیات سے متعلق کوئی بھی انتظام ایران کی شرکت اور کردار کے بغیر ناکامی سے دوچار ہونے کے لیے مقدر ہے اور مغربی ایشیا میں بیرونی طاقتوں کی جانب سے اپنی مرضی مسلط کرنے کا دور ختم ہو چکا ہے۔
آپ کا تبصرہ