12 نومبر، 2026، 11:05 AM

جنگ کے خواہاں نہیں تاہم حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، قالیباف

جنگ کے خواہاں نہیں تاہم حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا، قالیباف

ایرانی مذاکراتی وفد کے سربراہ نے کہا کہ معاہدے کی راہ میں بنیادی رکاوٹ امریکہ پر عدم اعتماد ہے اور واشنگٹن کو اپنے وعدے پورے کرنا ہوں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ ایران کی مسلح افواج دوبارہ جنگ شروع ہونے کی صورت میں مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے واشنگٹن پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کے لیے ایران کی سات شرائط قبول کرے۔

تفصیلات کے مطابق، الجزیرہ کو ایک خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ تہران کا مؤقف امریکی اور صیہونی جارحیت، دھمکیوں اور جرائم کا سامنا کرنے والے ایرانی عوام کے جائز حقوق پر مبنی ہے۔

انہوں نے ایران کی جانب سے آئندہ مذاکرات کے لیے پیش کردہ سات شرائط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب گیند امریکہ کے کورٹ میں ہے؛ اسے فیصلہ کرکے اپنا مؤقف واضح کرنا ہوگا۔

قالیباف نے کہا کہ اگر واشنگٹن اپنے سابقہ وعدوں کی پاسداری کرے اور غیر معقول مطالبات سے دست بردار ہو جائے تو تہران معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہے۔

انہوں نے معاہدے کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکہ پر عدم اعتماد کو قرار دیا اور کہا کہ ایران کے خلاف واشنگٹن کی مسلسل دشمنانہ پالیسی اور وعدوں کی خلاف ورزیوں کے باعث اعتماد کا فقدان پیدا ہوا ہے۔

قالیباف نے کہا کہ معاہدے کی راہ میں بنیادی رکاوٹ یہی عدم اعتماد ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ یہ توقع نہیں کر سکتا کہ تہران اس کے تمام مطالبات تسلیم کر لے گا۔

قالیباف کے مطابق، ایران کے مطالبات میں ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی کا خاتمہ، آبنائے ہرمز میں مداخلت بند کرنا، جنگ کے بعد خطے میں تعینات کیے گئے اضافی امریکی فوجیوں کا انخلا اور پابندیوں کا خاتمہ شامل ہے۔ یہ مطالبات بہت ہی مقبول اور معقول ہیں۔

انہوں نے بحری ناکہ بندی کو بین الاقوامی قوانین کے تحت جنگ کا ایک ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے نتیجے میں خوراک کی فراہمی، تجارت اور طبی خدمات متاثر ہوئی ہیں اور لوگوں کی روزمرہ زندگی میں خلل پڑا ہے۔

انہوں نے کہ یہ کم سے کم شرائط ہیں جو ہم نے طے کی ہیں تاکہ ان پر عمل درآمد کی صورت میں مذاکرات جاری رکھے جا سکیں۔

قالیباف نے بتایا کہ سات نکاتی فریم ورک میں ایران اور مزاحمتی محاذ کے خلاف جنگ کا خاتمہ، لبنان میں جنگ بندی اور لبنانی سرزمین سے اسرائیلی فوج کا انخلا بھی شامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر اور پاکستان تہران اور واشنگٹن کے درمیان بنیادی ثالثی کا کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ روس، چین اور خطے کے دیگر ممالک بھی دونوں فریقوں کو قریب لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

قالیباف کے مطابق، امریکی حکام نے ماسکو کے دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے رابطہ کیا اور ان سے ایران کے ساتھ بات چیت کرکے براہِ راست مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کی درخواست کی۔ اس کے بعد تہران نے اپنا مؤقف اور مطالبات ماسکو کے ذریعے پہنچا دیے۔

انہوں نے کہا کہ ثالثوں نے ضروری اقدامات پر دو دن کے اندر عمل درآمد کے امکانات پر بھی بات کی ہے، تاہم پیش رفت کا انحصار واشنگٹن کے جواب پر ہے۔

ایرانی مذاکراتی ٹیم میں تبدیلیوں سے متعلق خبروں کو مسترد کرتے ہوئے قالیباف نے کہا کہ وہ بدستور چھ رکنی وفد کی سربراہی کر رہے ہیں اور مذاکرات کی نگرانی بھی انہی کے پاس ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران نہ جنگ، نہ امن کی کیفیت ختم کرکے پائیدار بازدارندگی قائم کرنے کے لیے پُرعزم ہے، تاہم اس مقصد کا حصول لازماً مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن نہیں۔

قالیباف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کو صرف جنگ سے بچنے کے لیے مذاکرات کرنے کی ضرورت نہیں۔ ہمارا یقین ہے کہ ہمیں ملک میں پائیدار ڈیٹرنس قائم کرنے کی جانب بڑھنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران جنگ پسند نہیں، نہ جنگ کا خواہاں ہے اور نہ ہی اسے جاری رکھنا چاہتا ہے، تاہم اگر امریکہ یا اسرائیلی حکومت نے دوبارہ ایران پر حملہ کیا تو ایران بھرپور جواب دے گا۔

News ID 1942789

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha