12 نومبر، 2026، 9:03 AM

امریکہ اور اسرائیل کو ایران کے خلاف جنگ کے ماحولیاتی نقصانات کا جواب دہ ٹھہرایا جائے، صدر پزشکیان

امریکہ اور اسرائیل کو ایران کے خلاف جنگ کے ماحولیاتی نقصانات کا جواب دہ ٹھہرایا جائے، صدر پزشکیان

ایرانی صدر نے COP31 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں ایندھن کی تنصیبات پر حملوں سے لاکھوں ٹن آلودگی پھیلی، عالمی برادری ماحولیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے مطالبہ کیا ہے کہ امریکہ اور صیہونی حکومت کو ایران کے خلاف جنگ کے دوران پہنچنے والے ماحولیاتی نقصانات کا جواب دہ ٹھہرایا جائے۔

صدر پزشکیان نے ترکیہ کے شہر انطالیہ میں اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس (COP31) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری کو مشترکہ ذمہ داری، ماحولیاتی انصاف اور امن و ماحولیات کے باہمی تعلق پر ازسرِنو غور کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ زمین، پانی، فضا اور قدرتی وسائل کو نشانہ بنانے والی جنگوں کے ماحولیاتی اثرات کئی نسلوں تک باقی رہ سکتے ہیں۔ ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی حالیہ جارحیت کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان حملوں کے نتیجے میں جانی و مالی نقصانات کے علاوہ ماحولیات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

صدر پزشکیان نے مختلف جائزوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ عسلویہ میں ایندھن کی تنصیبات پر حملوں کے نتیجے میں تقریباً پانچ لاکھ ٹن آلودہ مادے فضا میں خارج ہوئے، جبکہ تہران کے اطراف ایندھن ذخیرہ کرنے کی تنصیبات پر حملوں سے تقریباً دس لاکھ ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کا اخراج ہوا۔

انہوں نے فوجی کارروائیوں کے ماحولیاتی اثرات کو گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کے لیے عالمی کوششوں سے متصادم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایندھن کا استعمال، دھماکے، بنیادی ڈھانچے کی تباہی اور بڑے پیمانے پر آتش زدگی، ماحولیات کے تحفظ کے لیے برسوں کی کوششوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔

انہوں نے محفوظ قدرتی علاقوں اور ماحولیاتی محافظوں کے مراکز پر حملوں کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ یہ مقامات مشترکہ اثاثے ہیں، جن کا تحفظ موجودہ اور آنے والی نسلوں کے لیے ضروری ہے۔

ایرانی صدر نے ماحولیاتی نقصانات کے اندراج، ان کی روک تھام اور ذمہ داروں کے احتساب کے لیے مؤثر نظام وضع کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ امن کے دوران ماحولیاتی تحفظ سے متعلق وعدوں کو مسلح تنازعات کے دوران ذمہ داریوں سے بھی منسلک کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ فوجی جارحیت کے نتیجے میں ہونے والے ماحولیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے بھی مضبوط نظام تشکیل دیا جانا چاہیے۔

صدر پزشکیان نے کہا کہ زمین نہ کسی ایک قوم کی ملکیت ہے اور نہ ہی کسی ایک نسل کی، بلکہ یہ ایک امانت ہے جسے آنے والی نسلوں تک محفوظ حالت میں پہنچانا ضروری ہے۔

انہوں نے زور دیا کہ امن ماحولیاتی تحفظ کے لیے بنیادی شرط ہے اور ماحولیاتی تحفظ پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے منصفانہ اور ذمہ دارانہ بین الاقوامی تعاون کے لیے ایران کی آمادگی کا بھی اعادہ کیا۔

News ID 1942786

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha