11 نومبر، 2026، 6:57 PM

امریکی اقتصاد کا جنازہ؛ امریکی گھرانوں کا مجموعی قرض 19 ٹریلین ڈالر سے تجاوز

امریکی اقتصاد کا جنازہ؛ امریکی گھرانوں کا مجموعی قرض 19 ٹریلین ڈالر سے تجاوز

امریکی گھرانوں کا مجموعی قرض 2026 کی تیسری سہ ماہی میں 334 ارب ڈالر، یعنی 1.8 فیصد اضافے کے ساتھ 19.1 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا۔

مہر خبررساں ایجنسی نے روئٹرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ امریکی گھرانوں کا مجموعی قرض 2026 کی تیسری سہ ماہی میں 334 ارب ڈالر اضافے کے بعد 19.1 ٹریلین ڈالر ہو گیا، یوں تاریخ میں پہلی مرتبہ یہ قرض 19 ٹریلین ڈالر کی حد سے تجاوز کر گیا۔

نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک کے مرکز برائے خرد معاشی اعداد و شمار کی جانب سے 10 نومبر کو جاری ہونے والی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق، امریکی گھرانوں کے مجموعی قرض میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 520 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے۔

امریکی گھرانوں کے قرضوں میں سب سے بڑا حصہ رہائشی مکانات کے قرضوں کا ہے۔ رہن پر حاصل کیے گئے مکانات کے قرضوں کا بقایا حجم تیسری سہ ماہی میں 257 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 13.37 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گیا۔

اسی طرح کریڈٹ کارڈز کے قرضوں میں 22 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر ایک ٹریلین 285 ارب ڈالر ہو گئے۔ گاڑیوں کی خریداری کے لیے حاصل کیے گئے قرضوں میں بھی 21 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور ان کا حجم ایک ٹریلین 734 ارب ڈالر تک پہنچ گیا۔

طلبہ کے تعلیمی قرضوں کا بقایا حجم بھی 5 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ ایک ٹریلین 656 ارب ڈالر ہو گیا۔ دوسری جانب مکانات کی مالیت کو ضمانت بنا کر حاصل کی جانے والی کریڈٹ لائنز کے قرضوں میں 23 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا اور یہ 481 ارب ڈالر تک پہنچ گئے۔ 2005 کے بعد اس نوعیت کے قرضوں میں یہ سب سے بڑا سہ ماہی اضافہ ہے۔

نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک کی رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ 2026 کی تیسری سہ ماہی میں قرضوں کی ادائیگی کی صورت حال بھی خراب ہوئی ہے، یہاں تک کہ گھرانوں کے مجموعی قرضوں کا 5 فیصد حصہ ادائیگی میں تاخیر کے کسی نہ کسی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ یہ شرح گزشتہ سہ ماہی کے مقابلے میں 0.3 فیصد پوائنٹ زیادہ ہے۔

رپورٹ کے مطابق، رہائشی مکانات اور گاڑیوں کے قرضوں کی ادائیگی میں ابتدائی تاخیر کے مراحل میں داخل ہونے والے قرضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کریڈٹ کارڈز اور طلبہ کے قرضوں میں شدید نوعیت کی نادہندگی کے مراحل میں داخل ہونے کے حوالے سے صورت حال میں معمولی بہتری آئی ہے۔

نیویارک کے فیڈرل ریزرو بینک نے اعلان کیا ہے کہ بعض قرضوں کی ادائیگی میں تاخیر بڑھنے کے باوجود رہائشی مکانات کے قرضوں کا اعتباری معیار اب بھی مناسب سطح پر ہے اور اس شعبے میں سنگین نوعیت کے واجب الادا قرضوں کی شرح تاریخی معیارات کے مقابلے میں کم ہے۔

یہ رپورٹ امریکی صارفین کے کریڈٹ پینل کے اعداد و شمار اور کریڈٹ فراہم کرنے والی کمپنی ایکوئی فیکس (Equifax) کے اعتباری معلومات کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے۔

News ID 1942784

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha