8 نومبر، 2026، 8:56 PM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

شدید بارشیں اور غزہ میں انسانی المیہ؛ ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی زندگیاں خطرے میں+تصاویر/ویڈیوز

شدید بارشیں اور غزہ میں انسانی المیہ؛ ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی زندگیاں خطرے میں+تصاویر/ویڈیوز

بارش اور طوفانی ہواؤں سے بے گھر افراد کے خیمے زیر آب آگئے اور ہزاروں خیمے اکھڑ گئے، جبکہ فلسطینی حکام نے سردیوں کی آمد کے ساتھ دو ملین سے زائد افراد کو درپیش خطرات سے خبردار کیا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، بین الاقوامی ڈیسک: غزہ کی پٹی میں شدید بارشوں اور تیز ہواؤں نے بے گھر فلسطینیوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے۔ مختلف علاقوں میں پناہ گزینوں کے خیمے بارش کے پانی میں ڈوب گئے، جبکہ تیز ہواؤں کے باعث ہزاروں خیمے اکھڑ کر دور جاگرے۔ اس صورتحال میں ہزاروں بے گھر خاندانوں، بالخصوص خواتین اور بچوں کی زندگیاں خطرے میں پڑگئی ہیں۔

غزہ میں بارشوں کے باعث خیمہ بستیوں میں پانی جمع ہونے اور عارضی پناہ گاہوں کو نقصان پہنچنے کے بعد موسم سرما کی آمد کے ساتھ لاکھوں بے گھر فلسطینی خاندانوں کی صورتحال مزید تشویشناک ہوگئی ہے۔

خواتین اور بچوں کی زندگیاں خطرے میں

فلسطین کی وزارت برائے امور خواتین نے غزہ میں بارشوں کے اثرات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گھر افراد کے کیمپوں اور پناہ گاہوں میں بڑے پیمانے پر پانی جمع ہونے سے فلسطینی خاندانوں، خصوصاً خواتین اور بچوں کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

شدید بارشیں اور غزہ میں انسانی المیہ؛ ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی زندگیاں خطرے میں+تصاویر/ویڈیوز


وزارت نے کہا کہ بے گھر خواتین کو درپیش موجودہ صورتحال محض ایک عارضی ہنگامی حالت نہیں، بلکہ ایک پھیلتا ہوا انسانی المیہ ہے جو ان کی اور ان کے خاندانوں کی زندگیوں کے لیے خطرہ بن چکا ہے۔ اس صورتحال نے خواتین کی اپنے بچوں کو بنیادی تحفظ اور دیکھ بھال فراہم کرنے کی صلاحیت بھی متاثر کی ہے۔

وزارت برائے امور خواتین نے بین الاقوامی اور انسانی امدادی اداروں سے مطالبہ کیا کہ بارش سے محفوظ خیمے، واٹر پروف چادریں، کمبل اور سردیوں کے کپڑے فوری طور پر غزہ پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں۔

شدید بارشیں اور غزہ میں انسانی المیہ؛ ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی زندگیاں خطرے میں+تصاویر/ویڈیوز

وزارت نے امدادی سرگرمیوں میں بیوہ خواتین، خاندانوں کی کفالت کرنے والی خواتین، زخمیوں، حاملہ خواتین، معمر افراد اور معذور خواتین کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا۔ اس کے علاوہ نشیبی علاقوں، سیلابی پانی کے راستوں اور ساحلی مقامات پر قائم خیموں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔

شدید بارشیں اور غزہ میں انسانی المیہ؛ ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی زندگیاں خطرے میں+تصاویر/ویڈیوز


فلسطینی وزارت نے خبردار کیا کہ امدادی کارروائیوں میں تاخیر سے خواتین اور بچوں کو صحت اور انسانی زندگی سے متعلق مزید خطرات لاحق ہوں گے۔

لاکھوں بے گھر افراد خطرے میں، فلسطینی وزیر صحت کا انتباہ

فلسطین کے وزیر صحت ماجد ابو رمضان نے غزہ میں انسانی بحران کی شدت میں اضافے پر خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال محض موسم سرما کا ایک عارضی بحران نہیں ہے۔

شدید بارشیں اور غزہ میں انسانی المیہ؛ ہزاروں بے گھر فلسطینیوں کی زندگیاں خطرے میں+تصاویر/ویڈیوز

انہوں نے کہا کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں ہزاروں خیمے زیر آب آگئے ہیں اور بے گھر افراد کے پاس محفوظ پناہ گاہیں موجود نہیں ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور صحت و امدادی اداروں سے مطالبہ کیا کہ لاکھوں بے گھر فلسطینیوں کی جانیں بچانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

فلسطینی وزیر صحت نے غزہ میں صحت اور ماحولیاتی صورتحال کی سنگینی کی جانب بھی توجہ دلائی اور خبردار کیا کہ موجودہ حالات برقرار رہنے سے مختلف بیماریوں اور وباؤں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا۔

غزہ میں چار منزلہ عمارت منہدم

شدید بارشوں اور نامساعد موسمی حالات کے دوران غزہ شہر کے وسط میں المحکمہ اسٹریٹ پر واقع چار منزلہ عمارت منہدم ہوگئی۔ رپورٹ کے مطابق، مذکورہ عمارت اس سے قبل اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں بھی متاثر ہوئی تھی اور شدید بارشوں اور خراب موسمی حالات کے باعث زمین بوس ہوگئی۔
طوفانی ہواؤں سے ہزاروں خیمے اکھڑ گئے۔

غزہ میونسپلٹی کے ترجمان حسنی مہنا نے بتایا کہ شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے باعث بڑی تعداد میں بے گھر افراد کے خیمے پانی میں ڈوب گئے، جبکہ ہزاروں دیگر خیمے اکھڑ کر اڑ گئے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں غزہ شہر کے 270 علاقوں اور بے گھر افراد کے کیمپوں میں پانی جمع ہونے کا خطرہ ہے۔

مہنا کے مطابق، برسوں کی جنگ اور نقل مکانی سے تھکے ہوئے ہزاروں فلسطینی خاندان اب انتہائی مشکل حالات سے دوچار ہیں، کیونکہ ان کے خستہ حال خیمے بارش اور شدید سردی سے تحفظ فراہم کرنے کی صلاحیت کھوچکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ غزہ کے 30 فیصد سے بھی کم رقبے پر تقریباً 10 لاکھ شہریوں اور بے گھر افراد کا اجتماع صحت کے خطرات میں اضافے اور خیمہ بستیوں میں پانی جمع ہونے اور سیلاب کے امکانات کو بڑھا رہا ہے۔

غزہ میونسپلٹی کے ترجمان نے خبردار کیا کہ بارشوں کے تسلسل سے مزید پناہ گاہیں زیر آب آسکتی ہیں، جبکہ بے گھر خاندان نہ تو اپنے معمولی اثاثوں کو محفوظ رکھنے کی پوزیشن میں ہیں اور نہ ہی ان کے پاس محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے مناسب انتظامات موجود ہیں۔

ہم بھی غزہ کے ساتھ ڈوب رہے ہیں، حماس رہنما

حماس کے سیاسی دفتر کے رکن باسم نعیم نے غزہ میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں میں پانی بھر جانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انسانی بحران کے سامنے عالمی خاموشی کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ آج غزہ بارش کے پانی میں ڈوب رہا ہے، لیکن صرف غزہ ہی نہیں ڈوب رہا، ہم بھی اس کے ساتھ ڈوب رہے ہیں۔ باسم نعیم نے مزید کہا کہ غزہ محض ایک جغرافیائی خطہ یا بین الاقوامی رپورٹوں میں درج اعداد و شمار کا نام نہیں، بلکہ یہ ہمارے ضمیر کی آخری باقی ماندہ آواز اور ہماری انسانیت، اسلام، عرب شناخت اور وطن سے محبت کا امتحان ہے۔

انہوں نے عالمی برادری اور اسلامی و عرب ممالک سے سوال کیا کہ وہ کب عملی اقدامات کریں گے تاکہ اپنی آنے والی نسلوں کو بتا سکیں کہ انہوں نے اس بحران کے خاتمے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کیں، نہ کسی سازش میں شریک ہوئے، نہ کوتاہی کی اور نہ ہی بے بسی کا مظاہرہ کیا۔

حماس کا عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ

حماس کے ترجمان حازم قاسم نے ایک بیان میں کہا کہ غزہ کی تباہ کن انسانی صورتحال اور سیکڑوں بے گھر خاندانوں کے خیموں میں پانی بھر جانے سے پیدا ہونے والی مشکلات عالمی برادری کے لیے باعثِ شرم ہیں، جو تاحال اسرائیل کو غزہ کا ظالمانہ محاصرہ ختم کرنے پر مجبور کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس انسانی المیے کی ذمہ داری اسرائیلی حکومت کے علاوہ بین الاقوامی اداروں، جن میں نام نہاد بورڈ آف پیس اور اس کے سربراہ نکولے ملادینوف بھی شامل ہیں، پر عائد ہوتی ہے، جو غزہ میں انسانی اور امدادی سامان کی فراہمی یقینی بنانے میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

حماس کے ترجمان نے کہا کہ غزہ کی بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال کا تقاضا ہے کہ ثالث ممالک طے پانے والے معاہدوں کے حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور اسرائیل کو اس کے وعدوں پر عمل درآمد کے لیے سنجیدہ اور مؤثر اقدامات کریں۔ ان وعدوں میں انسانی امداد اور پناہ گاہوں کے لیے ضروری سامان کی مناسب مقدار میں فراہمی سرفہرست ہے۔

انہوں نے عرب لیگ سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ غزہ کو جاری انسانی المیے سے بچانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کرے، جو اس تنظیم کے قیام کے بنیادی مقاصد اور فلسطینی عوام کے حوالے سے اس کی قومی و انسانی ذمہ داریوں سے مطابقت رکھتے ہوں۔

عوامی محاذ کی سردیوں کے خطرات سے متعلق وارننگ

فلسطین کی آزادی کے لیے سرگرم عوامی محاذ نے بھی غزہ میں انسانی بحران کی شدت میں اضافے پر خبردار کرتے ہوئے بے گھر افراد کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی اداروں کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔

اس محاذ نے مطالبہ کیا کہ غزہ کا اسرائیلی محاصرہ ختم کرانے اور تعمیر نو کے راستے میں رکاوٹیں دور کرنے کے لیے بین الاقوامی ادارے فوری مداخلت کریں۔

بیان میں کہا گیا کہ موسم سرما کی بارشوں کے آغاز کے ساتھ بے گھر فلسطینیوں کو درپیش مشکلات اس سنگین صورتحال کی عکاسی کرتی ہیں جس کا سامنا غزہ کے 20 لاکھ سے زائد فلسطینیوں کو کرنا پڑے گا۔

عوامی محاذ نے مطالبہ کیا کہ انسانی امداد کا سامان، ہنگامی رہائشی سہولیات، عارضی رہائشی یونٹس اور تباہ شدہ بنیادی ڈھانچے کی مرمت کے لیے ضروری آلات فوری طور پر غزہ پہنچائے جائیں تاکہ امدادی ادارے اپنی سرگرمیاں مؤثر انداز میں جاری رکھ سکیں۔

امدادی اداروں کو 1500 سے زائد ہنگامی کالز موصول

غزہ کی امداد و ریسکیو تنظیم نے اعلان کیا ہے کہ شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے باعث پٹی کے مختلف علاقوں میں بے گھر افراد کے کیمپ زیر آب آگئے ہیں اور بڑی تعداد میں خیمے تباہ ہوگئے ہیں۔

تنظیم کے مطابق، شہریوں کی جانب سے 1500 سے زائد ہنگامی فون کالز اور امداد کی درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ ان شہریوں کے خیمے غزہ کی پٹی کے تمام صوبوں میں بارشوں اور طوفانی ہواؤں سے متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، شدید ہواؤں کے باعث وسطی غزہ کے النصیرات کیمپ میں ایک عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا، تاہم امدادی کارکنوں نے عمارت میں موجود رہائشیوں کو بحفاظت باہر نکال لیا۔

غزہ صوبے میں امدادی تنظیم کے سربراہ نے انسانی صورتحال کی سنگینی کی جانب توجہ دلاتے ہوئے بے گھر خاندانوں کے لیے فوری طور پر خیموں کی فراہمی کا مطالبہ کیا اور عالمی برادری سے اپیل کی کہ امدادی اداروں کو ضروری سازوسامان اور سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ شہریوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔
غزہ کی امداد و ریسکیو تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ موسم سرما کے آغاز کے ساتھ ایک بڑے انسانی المیے کا خطرہ بڑھ رہا ہے، کیونکہ شدید بارشوں اور ہواؤں نے بے گھر افراد کے متعدد خیمے تباہ کر دیے ہیں اور پٹی کے مختلف علاقوں میں کئی کیمپ زیر آب آگئے ہیں۔

رپورٹ میں ایک فلسطینی بچے کی دردناک تصویر کا بھی ذکر کیا گیا ہے، جو انتہائی محدود اور ابتدائی وسائل کی مدد سے اپنے خیمے کے اندر جمع ہونے والا بارش کا پانی باہر نکالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

News ID 1942701

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha