11 نومبر، 2026، 5:01 PM

مہنگائی اور رہائشی بحران؛اسپین میں 14 سال بعد پہلی بار ملک گیر عام ہڑتال

مہنگائی اور رہائشی بحران؛اسپین میں 14 سال بعد پہلی بار ملک گیر عام ہڑتال

اسپین میں مزدوروں نے کرایوں میں اضافے، رہائشی مکانات کی قلت اور قوتِ خرید میں کمی کے خلاف 24 گھنٹے کی ملک گیر عام ہڑتال کی۔ گزشتہ 14 برسوں میں یہ اپنی نوعیت کی پہلی ملک گیر ہڑتال ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی نے روئٹرز کے حوالے سے بتایا ہے کہ بدھ کے روز ہونے والی اس ہڑتال کو اسپین کی دو بڑی مزدور یونینوں ’’یو جی ٹی‘‘ اور ’’سی سی او او‘‘ کے علاوہ کرایہ داروں کی تنظیموں کی حمایت بھی حاصل تھی۔ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ رہائش کے بڑھتے ہوئے اخراجات کے تناسب سے اجرتوں میں اضافہ کیا جائے اور عوام کو سستے مکانات تک آسان رسائی فراہم کی جائے۔

اسپین کے مرکزی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق، ملک کو تقریباً ۷ لاکھ ۵۰ ہزار رہائشی مکانات کی کمی کا سامنا ہے، جو ۲۰۲۸ء تک ۱۰ لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے۔ ملک میں ماہانہ اوسط کرایہ ۱۱۷۶ یورو تک پہنچ چکا ہے، جو نوجوانوں کی اوسط ماہانہ تنخواہ کا تقریباً ۹۸.۷ فیصد بنتا ہے۔

مزدور یونینوں کے مطابق، بندرگاہوں اور گاڑیوں کی صنعت میں ہڑتال کی ابتدائی شرح ۹۰ فیصد رہی، جبکہ ووکس ویگن اور سیٹ کی بعض فیکٹریوں میں کام مکمل طور پر بند رہا۔ گوشت کی صنعت میں ۸۵ فیصد، کچرا اٹھانے کے شعبے میں ۸۲ فیصد اور توانائی کے شعبے میں ۷۵ فیصد ہڑتال ریکارڈ کی گئی۔

ہڑتال کے آغاز پر مرکامادرید کی تھوک منڈی میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں، جن کے نتیجے میں ایک شخص گرفتار اور ۱۳ افراد کو طبی امداد فراہم کرنا پڑی۔

واضح رہے یہ ہڑتال کئی ہفتوں سے جاری رہائشی بحران کے خلاف احتجاج اور میڈرڈ میں ایک ۸۷ سالہ خاتون کو گھر سے جبری بے دخل کیے جانے کے واقعے کے بعد ہوئی۔ کرایہ داروں کی بے دخلی محدود کرنے اور کرایوں پر قابو پانے سے متعلق حکومتی منصوبوں کو مسترد کیے جانے نے بھی احتجاج میں شدت پیدا کی ہے۔

۲۹ نومبر کو ہونے والے قبل از وقت انتخابات کے پیشِ نظر وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز کی حکومت رہائشی بحران اور کرایوں میں اضافے کا ذمہ دار دائیں بازو کی مخالف جماعتوں کو قرار دے رہی ہے، تاہم مظاہرین اور مزدور یونینیں مرکزی حکومت کو بھی اس بحران کا ذمہ دار سمجھتی ہیں۔

News ID 1942777

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha