مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید مجید موسوی کے نام ایک پیغام میں ایران کے میزائل پروگرام کے بانی شہید میجر جنرل حسن تہران مقدم کی پندرہویں برسی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
جنرل عبداللہی نے اپنے پیغام میں شہید حسن تہران مقدم کی خدمات کو ایران کی میزائل طاقت کی بنیاد رکھنے میں کلیدی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی بلند ہمتی، جدت، تخلیقی صلاحیت اور انتھک جدوجہد نے ایران کی دفاعی طاقت کی مضبوط بنیادیں استوار کیں اور ملک کو مضبوط ایران اور قابل ذکر دفاعی ڈیٹرنس کی جانب گامزن کیا۔
انہوں نے سپاہ کی ایرو اسپیس فورس کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس فورس نے ملکی دفاعی صنعت کے دیگر اداروں کے ساتھ مل کر ایرانی ماہرین کی صلاحیتوں اور اہلکاروں کے پختہ عزم کی بدولت خودکفالت کا راستہ طے کیا ہے۔ ایران اب اسلحہ خریدنے والے ملک سے اہم دفاعی سازوسامان تیار اور برآمد کرنے والی طاقت میں تبدیل ہوچکا ہے۔
جنرل عبداللہی نے مزید کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران میدان جنگ میں یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ مغربی فضائی دفاعی نظام ایرانی ٹیکنالوجی اور میزائلوں و ڈرونز کی رفتار، نقل و حرکت اور صلاحیتوں کا مقابلہ کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میزائل اور ڈرون صنعتوں کی مزاحمتی صلاحیت اس سطح تک پہنچ چکی ہے کہ دشمن کی شدید بمباری کے دوران بھی ہتھیاروں کی تیاری جاری رہ سکتی ہے اور زیر زمین سرنگوں میں قائم پیداواری مراکز دفاعی و عسکری صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی مسلح افواج سپریم کمانڈر کے احکامات پر عمل درآمد میں کوئی تاخیر نہیں کریں گی۔
جنرل عبداللہی نے امریکہ اور اسرائیل کو خبردار کیا کہ اگر انہوں نے دوبارہ کوئی غلط اندازہ لگایا تو انہیں پہلے سے کہیں زیادہ سخت حملوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
آپ کا تبصرہ