مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صدر مسعود پزشکیان ترکی کے صدر کی باضابطہ دعوت پر ماحولیاتی تبدیلی اجلاس میں شرکت کے لیے ترکی روانہ ہونے سے قبل کہا کہ اقوام متحدہ کا 31واں ماحولیاتی تبدیلی اجلاس (کاپ 31) ایران کے لیے جنگ اور جارحیت کے نتیجے میں ماحولیات کو پہنچنے والے نقصانات پر اپنا مؤقف پیش کرنے کا اہم موقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ ترکی کے صدر کی باضابطہ دعوت پر منعقد ہونے والے اس اجلاس میں 196 ممالک شرکت کریں گے، جن میں سے 71 ممالک کے صدور اور وزرائے اعظم بھی شریک ہوں گے۔ اس موقع پر موسمیاتی تبدیلی، علاقائی صورتحال اور ماحولیات کو پہنچنے والے جنگی نقصانات پر گفتگو کی جائے گی، خصوصاً ایران اور خطے میں امریکہ اور اسرائیل کے اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا۔
صدر پزشکیان نے بتایا کہ اجلاس کے موقع پر ترکی کے صدر سمیت دس سے زائد ممالک کے سربراہان اور اعلی حکام سے ملاقاتیں بھی طے ہیں۔
انہوں نے ایران اور ترکی کے تعلقات کو اچھا قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان علاقائی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں مشترکات موجود ہیں، جو باہمی تعلقات کے استحکام اور خطے کی سلامتی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ دیگر ممالک کے رہنماؤں سے ملاقاتوں میں امریکہ اور اسرائیل کے خطے میں کیے جانے والے جرائم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے جائز مؤقف پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ امریکہ اور اسرائیل کو اپنے جنگی جرائم کا نتیجہ اپنے ملکوں میں ہونے والے انتخابی نتائج کی صورت میں بھگتنا پڑا ہے۔ یورپ میں بھی انتخابی نتائج جنگ پسندوں اور جارحیت کے حامیوں کے مؤقف کے برخلاف سامنے آئے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس دورے میں ایرانی عوام اور ملک کا پیغام مؤثر انداز میں دنیا تک پہنچانے اور مثبت نتائج حاصل کرنے میں کامیابی ملے گی۔
آپ کا تبصرہ