12 نومبر، 2026، 3:01 PM

امریکا کو خطے سے فوجی انخلا پر مجبور ہونا پڑے گا، سربراہ بسیج فورس

امریکا کو خطے سے فوجی انخلا پر مجبور ہونا پڑے گا، سربراہ بسیج فورس

بسیج فورس کے سربراہ نے کہا ہے کہ میدان جنگ کی بدلتی صورتحال نے دشمن کے اندازوں کو غلط ثابت کر دیا ہے اور بالآخر ٹرمپ کو امریکی فوجی دستے خطے سے واپس بلانا پڑیں گے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بسیج فورس کے سربراہ حجت الاسلام حسین طائب نے امام رضا(ع) ثقافتی کمپلیکس میں سپاہ پاسداران کی فضائیہ کے شہداء کی یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی دفاعی صلاحیتوں کے بارے میں دشمن کے اندازوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بارہ روزہ جنگ اور بالخصوص چالیس روزہ جنگ سے پہلے دشمن نے ایران کی عسکری صلاحیتوں، جنگ لڑنے کے طریقوں اور اہداف کو تباہ کرنے کی استعداد کے بارے میں ایک مخصوص تصور قائم کر رکھا تھا، لیکن ان دونوں جنگوں کے واقعات نے اس تصور کو بری طرح بدل دیا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن سمجھتا تھا کہ وہ اسلامی انقلاب کی صلاحیتوں، جنگی حکمت عملی اور اہداف کو نشانہ بنانے کی استعداد سے پوری طرح واقف ہے، لیکن جنگ کے دوران حالات بدل گئے۔ ایرانی افواج کی جنگی حکمت عملی میں بتدریج تبدیلی، دشمن کے اہداف کے بارے میں انٹیلی جنس معلومات میں بہتری، نشانہ لگانے کی درستگی میں اضافہ اور استعمال ہونے والے میزائلوں کی اقسام اور ساخت میں تبدیلی نے مخالف فریق کے تمام اندازے درہم برہم کر دیے۔

بسیج فورس کے سربراہ نے کہا کہ دشمن آج زیادہ احتیاط سے کام لے رہا ہے اور مسلسل ایران کے خلاف قابلِ اعتبار خطرہ پیدا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ وہ بار بار دھمکیاں دے کر یہ تاثر دینا چاہتا ہے کہ اس کے پاس اب بھی مؤثر آپشن موجود ہیں، لیکن میدانِ جنگ کی حقیقت نے اس کے حساب کتاب کو تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے امریکی انتخابات کے اختتام سے قبل بعض ممالک کی جانب سے ایران کو مذاکرات اور مفاہمت پر آمادہ کرنے کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک ایران کو کسی سمجھوتے پر پہنچنے کا مشورہ دے رہے تھے۔ یہاں تک کہ چالیس روزہ جنگ کے دوران بھی ثالثی کی کوششیں کی گئیں۔

حجت الاسلام طائب نے بتایا کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے جنگ کے دوران اور اس کے بعد بھی ثالث کا کردار ادا کرنے کی کوشش کی اور ٹیلی فون پر ٹرمپ سے اس معاملے پر بات کی، تاہم ٹرمپ نے علانیہ کہا کہ روس کو اس جنگ میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بعد ازاں امریکا نے بھی روس کی ثالثی کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ امریکی انتخابات سے چند روز قبل ٹرمپ نے اپنا خصوصی نمائندہ پیوٹن کے پاس بھیجا اور درخواست کی کہ روس پیغام رسانی اور ثالثی کے ذریعے انتخابات سے پہلے مذاکرات اور مفاہمت کی راہ ہموار کرے۔

حجت الاسلام طائب کے مطابق، اس سلسلے میں روسی صدر نے اپنا ایک نمائندہ تحریری پیغام کے ساتھ رہبر معظم انقلاب اسلامی کے پاس ایران بھیجا، جو جواب موصول ہونے تک ایران میں مقیم رہا۔ رہبر معظم انقلاب نے اطمینان کے ساتھ ہدایت کی کہ مناسب وقت پر پیغام کا جواب پہنچا دیا جائے۔ بعد ازاں آقای رضایی اور پیوٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور اسی تناظر میں سردار رضایی کا دورہ ماسکو بھی عمل میں آیا۔

News ID 1942792

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha