12 نومبر، 2026، 11:31 PM

حضرت فاطمہ زہراء (س) طہارت، تقویٰ اور معرفتِ الٰہی کا کامل نمونہ ہیں، حجت الاسلام کاظم صدیقی

حضرت فاطمہ زہراء (س) طہارت، تقویٰ اور معرفتِ الٰہی کا کامل نمونہ ہیں، حجت الاسلام کاظم صدیقی

حجت الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا طہارت، تقویٰ اور معرفتِ الٰہی کا کامل نمونہ ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین کاظم صدیقی نے تہران میں ایام فاطمیہ کی مجلسِ عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا طہارت، تقویٰ اور معرفتِ الٰہی کا کامل نمونہ ہیں۔ آپؑ کی معرفت حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ انسان اپنے دل کو حسد، تکبر اور دیگر اخلاقی برائیوں سے پاک کرے اور بندگیِ خدا کا راستہ اختیار کرے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید کی آیتِ تطہیر میں اہلِ بیت علیہم السلام کے بلند مقام کو بیان کیا گیا ہے۔ طہارت محض ایک لفظ یا ذہنی تصور نہیں، بلکہ ایک حقیقت ہے، جسے سمجھنے کے لیے انسان کو خود بھی اپنے باطن کو پاک کرنا ہوگا۔

حجت الاسلام والمسلمین صدیقی نے کہا کہ امامت ایک مسلسل اور ناقابلِ تقسیم حقیقت ہے۔ ایسا ممکن نہیں کہ کسی ایک امام کی امامت کو تسلیم کیا جائے اور دوسرے امام کی امامت کا انکار کردیا جائے۔

انہوں نے زیارتِ جامعہ کبیرہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام ائمہ اہلِ بیت علیہم السلام کا نور، روح اور اصل ایک ہے اور حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اس نورانی سلسلے کا ایک اہم مرکز ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اہلِ بیت علیہم السلام کی دعائیں اور زیارتیں صرف ثواب حاصل کرنے کا ذریعہ نہیں، بلکہ خداوند متعال اور اس کے اولیاء کی معرفت حاصل کرنے کا وسیلہ بھی ہیں۔ مؤمن کو چاہیے کہ وہ دعا کے ذریعے اللہ تعالیٰ سے صحیح معرفت طلب کرے، تاکہ فتنوں اور اعتقادی شبہات کے دور میں اس کا ایمان مضبوط رہے۔

انہوں نے حسد، تکبر اور دنیا سے حد سے زیادہ محبت کو روحانی ترقی کی بڑی رکاوٹیں قرار دیتے ہوئے کہا کہ حسد سب سے پہلے خود انسان کی روح کو نقصان پہنچاتا ہے۔ انسان کو دنیاوی فائدے کی خاطر اپنے دین اور دینی اقدار کا سودا نہیں کرنا چاہیے۔

حجت الاسلام والمسلمین صدیقی نے امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف سے حقیقی تعلق قائم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مؤمن کو امام زمانہؑ کی جدائی کا احساس ہونا چاہیے اور ان کے ظہور کے لیے دعا کرنی چاہیے۔

انہوں نے قومی اتحاد، بیداری اور دینی و قومی اقدار کے تحفظ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں اپنے باطن کو پاک کرنے، اخلاقی برائیوں سے اجتناب کرنے اور اللہ تعالیٰ کی بندگی اختیار کرنے کا درس دیتی ہے۔

News ID 1942807

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha