مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایامِ شہادت حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مناسبت سے راجستھان کے مختلف شہروں، قصبوں اور شیعہ بستیوں میں راجستھان شیعہ علماء کمیٹی کے زیرِ اہتمام مجالسِ عزائے فاطمیہ کا سلسلہ عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہے۔ اس موقع پر مختلف مقامات پر مجالسِ عزا، ماتم داری، جلوس ہائے عزا اور نذر و نیاز کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جن میں مؤمنین کی بڑی تعداد شرکت کرکے دخترِ رسول حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی خدمت میں خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق، ان ایام میں صوبے کے مختلف علاقوں میں علمائے کرام کی دینی و تبلیغی خدمات منظم انداز میں جاری ہیں۔ صدرِ علماء راجستھان مولانا سید کاظم علی زیدی، ایامِ عزائے فاطمیہ کے آغاز پر راجستھان کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہیں اور ہر علاقے میں کم از کم ایک مجلسِ عزا منعقد کرتے ہیں۔ اس دوران آمد و رفت سمیت تمام سفری اخراجات بھی وہ خود برداشت کرتے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ مقامات پر مجالسِ عزا کا انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔
ماہِ جمادی الثانی کا چاند نظر آتے ہی راجستھان کی مختلف شیعہ بستیوں میں پانچ مجالس پر مشتمل ایامِ عزائے فاطمیہ کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ ان مجالس میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مصائب بیان کرنے کے ساتھ ساتھ دینی، فکری اور اعتقادی موضوعات پر بھی روشنی ڈالی جاتی ہے۔
ایامِ عزاء کے دوران علمائے کرام اپنے خطابات میں جدید سائنس اور علومِ آلِ محمد علیہم السلام کے باہمی تعلق، دورِ حاضر میں مرجعیت کے مقام و اہمیت، ولایتِ فقیہ، دینی شعور اور عصرِ حاضر کے تقاضوں جیسے اہم موضوعات کو زیرِ بحث لا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر مجلس میں امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے موضوع پر خصوصی گفتگو کی جاتی ہے، تاکہ مؤمنین کے درمیان معرفتِ امام، انتظارِ فرج اور دینی ذمہ داریوں کا شعور مزید مستحکم ہو۔
مجالس کے اختتام پر مراجعِ عظام کی طولِ عمر، امتِ مسلمہ کی فلاح و بہبود، انقلابِ اسلامی کی کامیابیوں کے تسلسل اور بالخصوص امام حسین علیہ السلام کے منتقم، حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہورِ پُرنور کے لیے بھی دعائیں کی جا رہی ہیں۔
آپ کا تبصرہ