12 نومبر، 2026، 5:10 PM

سپاہ دشمن کو نئے اور حیرت انگیز سرپرائز دینے کے لیے تیار ہے، جنرل رضائی

سپاہ دشمن کو نئے اور حیرت انگیز سرپرائز دینے کے لیے تیار ہے، جنرل رضائی

ایرانی قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکریٹری نے یومِ فضائیہ کے موقع پر کہا ہے کہ سپاہ کی فضائی فورسز آج پورے عزم کے ساتھ امریکی-صیہونی دشمن کے خلاف میدانِ جنگ میں قربانی دینے اور نئے سرپرائز پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی قومی سلامتی کی اعلیٰ کونسل کے سیکریٹری میجر جنرل محسن رضائی نے سپاہ کی فضائیہ کے دن اور ایران کے میزائل پروگرام کے بانی حسن طہرانی مقدم کی برسی کے موقع پر ایک پیغام جاری کیا ہے۔

پیغام کا متن درج ذیل ہے:

بسم الله الرحمٰن الرحیم

۲۱ آبان، سپاہ کی فضائی فورسز اور میزائل صنعت کا دن ہے۔ اسی روز سپاہِ اسلام کے نامور کمانڈر شہید حسن طہرانی مقدم اور فضائی شعبے کے متعدد ممتاز اہلکاروں کی شہادت کی برسی بھی ہے۔ اس سال یہ دن حضرت زہراء مرضیہ سلام اللہ علیہا کے ایامِ عزاء کے ساتھ آیا ہے۔ یہ ایک بہترین موقع ہے کہ فضائی فورسز کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے تین مسلط کردہ جنگوں میں سپاہ کی فضائی فورسز میں میرے ساتھیوں کی قابلِ فخر خدمات کو ایک بار پھر سراہا جائے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی میزائل صنعت ایمان، شجاعت، جدت اور جہادی طرزِ مدیریت کی ایک عظیم علامت ہے۔ خدا کے فضل سے اور علم، بصیرت، قربانی اور خمینی کبیر اور شہید خامنہ ای رحمۃ اللہ علیہم کے فرزندوں کے فولادی عزم کی بدولت اس صنعت نے نت نئے کارنامے انجام دے کر ایران کی روک تھام کے اہم ترین ذرائع میں سے ایک اور ہمارے وطن عزیز کی آزادی و سلامتی کے تحفظ کے مضبوط ستونوں میں اپنی جگہ بنا لی ہے۔

جس وقت صدام حسین کی بمباری اور میزائل حملوں کے نتیجے میں ہمارے عزیز عوام کے تباہ شدہ گھروں کے ملبے سے اٹھنے والی آگ اور دھوئیں کے درمیان سپاہ کی میزائل تنظیم کے قیام کا خیال جنم لے رہا تھا، اس وقت بہت کم لوگوں کو یقین تھا کہ ایران کے باصلاحیت نوجوان خالی ہاتھ دنیا کی پیچیدہ اور جدید ترین دفاعی صنعتوں میں سے ایک تک رسائی حاصل کر سکیں گے؛ یہاں تک کہ بین الاقوامی مبصرین کی حیرت کے سامنے جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس دنیا کی طاقتور ترین افواج کو بھی گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیں گے۔

لیکن حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک الٰہی معجزہ تھا، جو ایمان، استقامت، تخلیقی صلاحیت اور ذہانت کے حامل نوجوانوں کے ہاتھوں عملی شکل اختیار کر گیا اور اس کے نتیجے میں ایران کی بہادر قوم کے لیے دفاعی صلاحیت کا ایک عظیم سرمایہ وجود میں آیا۔

اللہ تعالیٰ کی مدد و نصرت اور ہمارے آقا حضرت بقیۃ اللہ الاعظم (ارواحنا فداہ) کی خصوصی عنایات کے طفیل، آج سپاہ کی فضائی فورسز اور مسلح افواج کے سپریم کمانڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای (دام ظلہ العالی) کے حکیمانہ احکامات اور ہدایات کو اپنی سرگرمیوں کا محور بنائے ہوئے ہے۔

اس فورسز نے اپنی جنگی تیاریوں کو دانش مندانہ انداز میں بہتر بنانے اور اس حکمتِ عملی پر عمل درآمد کے ذریعے کہ ’’ہر قسم کے خطرے کا، کسی بھی مقام پر اور جغرافیائی حدود کی کسی پابندی کے بغیر، فوری، مؤثر اور مناسب جواب دیا جائے گا‘‘، پورے عزم کے ساتھ قربانی دینے اور امریکی صیہونی دشمن کے خلاف میدانِ جنگ میں نئے سرپرائز پیش کرنے کے لیے خود کو تیار کر رکھا ہے۔ سپاہ کی فضائیہ کے نئے میزائل شہر کی رونمائی اس آمادگی کا ایک نمایاں اور قابلِ فخر مظہر ہے۔

یہ مناسب ہے کہ سپاہ کی فضائیہ کے شہید کمانڈروں کی کوششوں کو یاد کیا جائے، جنہوں نے اس قوت و اقتدار کی حامل تنظیم کو ترقی دینے میں اخلاص اور شجاعت کے ساتھ اپنا کردار ادا کیا۔ ان میں شہید کمانڈر احمد کاظمی، حسین سلامی، علی زاہدی، امیر علی حاجی زادہ اور محمود باقری شامل ہیں۔ اسی طرح سپاہ کی فضائی فورسز کے ۱۰۰۶ شہید کمانڈروں اور جانبازوں کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے، جن میں سے ہر ایک انقلابِ اسلامی کے متحرک سفر میں تدبر، اخلاص اور قربانی کی ایک لازوال مثال ہے۔

اسی طرح اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس شاندار تقریب کے منتظمین اور سپاہ کی فضائیہ کے تمام انتھک مجاہدین، بالخصوص اس فورس کے صفِ اول میں خدمات انجام دینے والے اہلکاروں کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں، جنہوں نے جانفشانی کے ساتھ اپنے شہید کمانڈروں اور ساتھیوں کے پرچم کو آج بھی سربلند رکھا ہوا ہے۔

میں ان مجاہدین کے صابر اور وفادار خاندانوں، بالخصوص سپاہ کی فضائی فورسز کے مخلص، قربانی دینے والے، جدت پسند اور شجاع کمانڈر، اپنے عزیز بھائی بریگیڈیئر جنرل پاسدار سید مجید موسوی کا بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں اور بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ تمام عزیزوں کو کامیابی و کامرانی عطا فرمائے۔

و ماالنصر الا من عندالله العزیز الحکیم

News ID 1942798

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha