12 نومبر، 2026، 4:34 PM

غزہ انسانی تباہی کے دہانے پر، عالمی برادری اپنی ذمہ داری ادا کرے! عرب لیگ

غزہ انسانی تباہی کے دہانے پر، عالمی برادری اپنی ذمہ داری ادا کرے! عرب لیگ

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے غزہ کی پٹی میں انسانی بحران کی شدت میں اضافے پر خبردار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس علاقے کے عوام کے حوالے سے اپنی قانونی اور انسانی ذمہ داری قبول کرے اور ان کی جانیں بچانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نبیل فہمی نے ایک بیان میں عرب اور بین الاقوامی امدادی تنظیموں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری اور مربوط انداز میں غزہ کی پٹی کے متاثرین اور مصیبت زدہ افراد کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے میدان میں آئیں اور انہیں ضروری اور ہنگامی انسانی امداد پہنچائیں۔

انہوں نے عرب لیگ کے اس اقدام کا اعلان کیا جس کا مقصد ہنگامی حالات میں انسانی امداد کا ایک نیٹ ورک قائم کرنا ہے۔ انہوں نے انسانی امداد کے شعبے میں سرگرم تمام اداروں سے اپیل کی کہ وہ اس منصوبے میں شامل ہوں۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل کے مطابق، یہ اقدام عرب خطے میں انسانی بحرانوں سے فوری طور پر نمٹنے کی کوششوں کے تحت، رکن ممالک اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف اداروں کے تعاون سے نافذ کیا جائے گا۔

نبیل فہمی نے زور دیا کہ غزہ بدستور بھوک، محاصرے، تباہی اور ادویات، پانی اور خوراک کی شدید قلت کا سامنا کر رہا ہے۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء میں جنگ کے آغاز سے اب تک اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں نے غزہ میں ۲۰ لاکھ سے زائد فلسطینیوں کی انسانی زندگی کے تمام پہلوؤں کو مفلوج کر دیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ موسمِ سرما کے آغاز کے ساتھ ہی بارشوں اور سیلاب کے باعث ہزاروں بے گھر افراد کی مشکلات ایک بار پھر بڑھ گئی ہیں، جبکہ جنگ کے دوران پہلے ہی متاثر ہونے والے باقی ماندہ بنیادی ڈھانچے کو مزید نقصان پہنچا ہے۔

نبیل فہمی کے مطابق، بارشوں اور سیلاب کے باعث بے گھر افراد کے لیے بنائے گئے ۴۰ ہزار عارضی پناہ گاہیں اور ۷۰ ہزار خیمے زیرِ آب آ گئے یا تباہ ہو گئے ہیں۔ اس صورتِ حال سے لاکھوں فلسطینی متاثر ہوئے ہیں، جن میں زخمی، بچے، خواتین، بزرگ اور مریض بھی شامل ہیں۔

عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل نے واضح کیا کہ اس وقت ہزاروں فلسطینی خاندان کھلے آسمان تلے بے سر و سامانی کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں گرم رکھنے والے آلات، حتیٰ کہ مناسب لباس اور کمبل بھی میسر نہیں ہیں۔

انہوں نے آخر میں زور دیا کہ عرب لیگ اس انسانی اپیل پر ردعمل دینے والے تمام فریقوں کے ساتھ فوری طور پر رابطہ اور ہم آہنگی قائم کرے گی، تاکہ فلسطینی عوام کی مدد اور انہیں امداد پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔

News ID 1942799

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha