مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عرب و بحیرہ روم مطالعات کے ادارے (IREMAM) سے وابستہ محقق صبیح صبیح نے اپنی ایک تحریر میں غزہ کے تعلیمی نظام کی تباہی اور مغربی جامعات کے رویے کا جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ 7 اکتوبر 2023ء کے بعد غزہ میں تعلیمی اداروں کو منظم انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں طلبہ، اساتذہ اور جامعات سے وابستہ افراد شہید ہوئے، جبکہ تقریباً 6 لاکھ بچے تعلیم سے محروم ہوگئے۔
ان کے مطابق، غزہ میں تعلیمی نظام کی تباہی صرف اسکولوں اور جامعات کی عمارتوں کو مسمار کرنے تک محدود نہیں، بلکہ یہ علم، تحقیق اور آزادانہ فکر کو ختم کرنے کی کوشش بھی ہے۔ فلسطینی تعلیمی ادارے اپنی تاریخ، قومی شناخت اور اجتماعی تشخص کے تحفظ میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں، اسی لیے انہیں نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
صبیح صبیح نے غزہ کی جامعۃ الاسراء کی تباہی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے تقریباً 70 روز تک اس جامعہ کے احاطے کو فوجی اڈے اور حراستی مرکز کے طور پر استعمال کیا، جس کے بعد 17 جنوری 2024ء کو اسے دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔ اس سے قبل جامعہ کے عجائب گھر سے 3 ہزار سے زائد تاریخی نوادرات بھی لے لیے گئے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینی طلبہ طویل عرصے سے تعلیمی پابندیوں، گرفتاریوں اور مختلف رکاوٹوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کے نزدیک فلسطینی جامعات کو کمزور کرنے کا مقصد فلسطینی قوم کی تاریخ اور اپنے مستقبل کے بارے میں آزادانہ سوچ کو متاثر کرنا ہے۔
فلسطینی محقق نے فرانس کے بعض علمی حلقوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وہ فلسطین کے مسئلے کو نوآبادیاتی نظام کے تناظر میں دیکھنے سے گریز کرتے ہیں۔ انہوں نے بعض مغربی تعلیمی اداروں کے اسرائیلی جامعات کے ساتھ علمی تعاون پر بھی سوالات اٹھائے۔
صبیح صبیح نے اپنی تحریر کے اختتام پر زور دیا کہ جامعات کو سیاسی دباؤ سے آزاد ہوکر کام کرنا چاہیے اور اساتذہ و محققین کو فلسطین کے مسئلے پر کھل کر اظہارِ خیال اور علمی گفتگو کا موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔
آپ کا تبصرہ