مہر خبررساں ایجنسی نے القدس العربی کے حوالے سے بتایا ہے کہ مراکش کی اپوزیشن جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ عزیز ہناوی نے مراکش اور اسرائیل کے پارلیمانی دوستی گروپ کو تحلیل کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس گروپ کی سرگرمیاں فلسطین اور بیت المقدس کی حمایت میں مراکشی عوام کے مؤقف کے منافی ہیں۔
انہوں نے غزہ، مغربی کنارے اور بیت المقدس پر اسرائیلی حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ قابض قوت کے ساتھ دوستی قابل قبول نہیں۔
مراکش کی پارلیمنٹ کے سربراہ نے بھی فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کا اعلان کیا۔ جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی کے سیکریٹری جنرل عبدالالہ بن کیران نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی اصولی مخالفت کا اظہار کیا، تاہم کہا کہ وہ حکومت کے تزویراتی فیصلوں کی مخالفت کا ارادہ نہیں رکھتے۔ ان کے اس بیان پر سیاسی کارکنوں اور محققین نے تنقید کی۔
مراکش کی فلسطین حمایت کمیٹی نے بھی اسرائیلی عہدیدار کے دورے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیل کے ساتھ طے پانے والے معاہدے منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔ سیاسی اور قانونی کارکنوں نے تل ابیب کے ساتھ فوجی تعاون میں اضافے کو ملکی خودمختاری اور قومی سلامتی کے لیے خطرہ قرار دیا۔
دوسری جانب طلبہ تنظیم ’’اسٹوڈنٹ ری نیول‘‘ نے جامعہ میں احتجاجی مظاہرہ کرکے اسرائیل کے ساتھ ثقافتی اور تعلیمی تعاون کی مخالفت کی اور اس حکومت کے ساتھ سرکاری و عوامی سطح پر ہر قسم کا تعاون ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
فلسطین کی حمایت اور تعلقات کی بحالی کی مخالفت کرنے والی مراکشی تحریک نے سیاسی جماعتوں، یونینوں اور سماجی اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ 29 نومبر (8 آذر) کو مختلف شہروں میں مظاہرے کرکے اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے کے خلاف قومی احتجاجی دن اور فلسطینی عوام سے یکجہتی میں شریک ہوں۔
یہ احتجاج ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امیر برعام کا دورۂ رباط دونوں فریقوں کے درمیان دفاعی اور سکیورٹی تعاون کے معاہدوں پر عمل درآمد اور انہیں وسعت دینے کے مقصد سے کیا گیا۔ دورے کے دوران مراکشی قومی دفاعی ادارے کے حکام اور شاہی مسلح افواج کی اعلیٰ قیادت نے ان کا باضابطہ استقبال کیا۔
رپورٹ کے مطابق، مذاکرات میں سائبر سکیورٹی، تجربات کے تبادلے، فوجی ٹیکنالوجی و سازوسامان کی خریداری اور مشترکہ دفاعی صنعتی ڈھانچے کے قیام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آپ کا تبصرہ