مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فرانسیسی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ روز ملک بھر میں 1949 مظاہرین کو گرفتار کیا۔ فرانس کی وزارت داخلہ نے دعوی کیا ہے کہ گرفتار افراد میں سے بیشتر پر پولیس اہلکاروں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
فرانسیسی حکام کے مطابق احتجاج کے دوران سیکورٹی فورسز کے 305 اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ احتجاج کے باعث 400 اسکول بند رہے، جبکہ ان اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں صرف آن لائن طریقے سے جاری رہیں۔
رپورٹ کے مطابق احتجاج کے دوران 170 طلبہ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ فرانسیسی وزیراعظم نے گزشتہ روز اس بحران کا جائزہ لینے کے لیے ہنگامی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا تھا۔
اس سے ایک روز قبل بدھ کو بھی 600 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا۔ فرانسیسی حکام کا دعویٰ ہے کہ ان افراد نے آگ لگانے اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی کوشش کی تھی۔ جمعرات کی صبح طلبہ کے احتجاج کا دائرہ یونیورسٹیوں تک بھی پھیل گیا۔
فرانس میں طلبہ کے احتجاج کا سلسلہ تعلیمی وسائل کی کمی، کلاسوں میں طلبہ کی زیادہ تعداد اور اساتذہ کی قلت کے خلاف جاری ہے۔ یہ احتجاج گزشتہ ہفتے شروع ہوا تھا اور لیون، لیل اور سین دینی سمیت مختلف شہروں تک پھیل چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بعض شہروں میں مظاہرین نے اسکولوں کے داخلی راستے بند کیے، جبکہ بعض مقامات پر کچرے کے ڈبوں کو آگ لگانے اور اشیا پھینکنے کے واقعات بھی پیش آئے۔
آپ کا تبصرہ