17 نومبر، 2026، 5:10 PM

آیت الله وحید خراسانی؛ مختصر سوانح حیات

آیت الله وحید خراسانی؛ مختصر سوانح حیات

بزرگ مرجع تقلید فقیہ اہل بیت (ع) حضرت آیت الله العظمی شیخ وحید خراسانی ایک صدی سے زیادہ علمی جدوجہد کے بعد اپنے خالق حقیقی کی بارگاہ میں پہنچ گئے۔ آپ کا فقدان حوزاتِ علمیہ، مدارس دینیہ اور علمی دنیا کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، دینی ڈیسک: بزرگ مرجع تقلید فقیہ اہل بیت (ع) حضرت آیت الله العظمی شیخ وحید خراسانی ایک صدی سے زیادہ علمی جدوجہد کے بعد اپنے خالق حقیقی کی بارگاہ میں پہنچ گئے۔ آپ کا فقدان حوزاتِ علمیہ، مدارس دینیہ اور علمی دنیا کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔

آیت الله العظمیٰ وحید خراسانی: حیات و علمی خدمات

ولادت اور ابتدائی تعلیم

حضرت آیت اللہ العظمیٰ حسین وحید خراسانی ۲۱ مارچ ۱۹۲۱ء کو ایران کے شہر نیشابور میں پیدا ہوئے۔آپ نے ابتدائی دینی تعلیم مشہد مقدس میں حاصل کی۔ ادبیاتِ عرب کے بعد سطوحِ اولیہ اور عالیہ کی تعلیم معروف عالم دین محمد نہاوندی، صاحبِ تفسیر سے حاصل کی۔

سطح کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ نے آیت اللہ میرزا مہدی اصفہانی اور آیت اللہ آشتیانی کے درسِ خارج میں شرکت کی اور اپنی علمی صلاحیتوں اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں مرتبۂ اجتہاد تک پہنچے۔

عقلی علوم کی تحصیل کے لیے آپ نے میرزا ابوالقاسم الٰہی اور میرزا مہدی آشتیانی سے استفادہ کیا۔

۱۹۴۸ء میں شہرِ رے میں آیت اللہ سید محمد حجت کوہ کمری سے آپ کی ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر ہونے والی علمی گفتگو اور مباحثے کے بعد آپ کو اجتہادِ مطلق کی اجازت حاصل ہوئی۔

نجف اشرف کی علمی زندگی

اجتہاد کا مرتبہ حاصل کرنے کے باوجود آپ نے اپنی علمی تکمیل اور فقہی مبانی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے حوزہ علمیہ نجف اشرف کا رخ کیا۔ اس مقصد کے تحت ۲۷ سال کی عمر میں نجف اشرف ہجرت فرمائی اور وہاں کے نامور اساتذہ و مراجع کے دروس میں طویل عرصے تک شرکت کی۔

حضرت آیت الله وحید خراسانی، آیت الله العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی کے ممتاز شاگردوں میں شمار ہوتے تھے۔ آپ کو آیت اللہ خوئی کی فقہی کونسل کی رکنیت کا اعزاز بھی حاصل تھا۔

آیت اللہ خوئی کے علمی افکار اور اجتہادی منہج کے اثرات آپ کی فقہی روش میں نمایاں طور پر نظر آتے ہیں۔ بلکہ فقہی مبانی اور طریقۂ استدلال کے اعتبار سے آپ کے منہج کو مکتبِ فقہی آیت اللہ خوئی کا تسلسل بھی قرار دیا جا سکتا ہے۔

اسی زمانے میں جب امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نجف اشرف میں مقیم تھے، آپ نے ان کے دروس میں بھی شرکت کی اور ان سے علمی استفادہ کیا۔

تدریس کا آغاز اور درسِ خارج

۱۹۵۸ء میں کئی سال تک دروسِ سطح کی تدریس کے بعد آپ نے درسِ خارجِ فقہ و اصول کا آغاز کیا اور تقریباً بارہ سال تک نجف اشرف میں اس علمی سلسلے کو جاری رکھا۔

۱۹۷۰ء میں ایران واپس تشریف لائے اور مشہد مقدس میں تدریس کا آغاز کیا۔ تاہم اسی سال موسمِ خزاں میں مشہد سے قم منتقل ہو گئے۔

آپ کی مشہد سے قم ہجرت کے بارے میں بیان کیا جاتا ہے کہ اس زمانے میں حکومت کی جانب سے آپ سے بعض توقعات وابستہ تھیں اور حکومتی معاملات میں آپ سے ایسے روابط کی امید رکھی جاتی تھی جنہیں آپ اپنے اصولوں کے خلاف سمجھتے تھے۔ اگرچہ آیت اللہ سید محمد ہادی میلانی اس سلسلے میں ایک مضبوط رکاوٹ بنے ہوئے تھے، لیکن ان حالات میں مشہد میں قیام آپ کے لیے دشوار ہوتا جا رہا تھا۔ چنانچہ آپ نے مشہد کو خیرباد کہہ کر قم کو اپنا علمی مرکز بنا لیا۔

حوزہ علمیہ قم میں تدریسی خدمات

قم میں قیام کے بعد آپ نے ۱۹۷۰ء سے ۲۰۱۸ء تک مسلسل درسِ خارجِ فقہ و اصول کی تدریس فرمائی۔

آپ کا درس حوزہ علمیہ قم کے نہایت ممتاز اور پُررونق دروس میں شمار ہوتا تھا۔ ملک اور بیرونِ ملک سے بڑی تعداد میں طلبہ اور اہلِ علم آپ کے علمی مباحث سے استفادہ کرنے کے لیے حاضر ہوتے تھے۔

علمِ اصول میں آپ کی غیر معمولی مہارت، دقیق نظر اور استدلال کی قوت کے باعث حوزہ علمیہ میں آپ کو «وحید در اصول» کے لقب سے یاد کیا جاتا تھا۔

آپ کے دروسِ فقہ و اصول اپنی گہرائی، علمی وسعت اور تحقیقی انداز کے اعتبار سے حوزہ علمیہ قم میں خصوصی مقام رکھتے تھے۔

۲۰۱۸ء میں علالت کے باعث آپ کے تمام دروس موقوف کر دیے گئے۔

فقہی منہج اور علمی امتیازات

حضرت آیت اللہ وحید خراسانی کا فقہی منہج گہری تحقیق، مضبوط استدلال اور روایاتِ اہل بیت علیہم السلام سے بھرپور استفادے پر استوار تھا۔ آپ کے فقہی مباحث کا بنیادی محور کتاب عروۃ الوثقیٰ کے مسائل، ان کی شروح اور ان کے مستند دلائل تھے۔

آپ کا فقہی انداز شہید اول، شہید ثانی، محقق کرکی اور صاحبِ جواہر جیسے جلیل القدر فقہا کے علمی منہج سے گہری مناسبت رکھتا تھا۔

متاخرین فقہا میں محقق سبزواری، شیخ انصاری، سید عبدالہادی شیرازی، سید محسن حکیم اور آپ کے استاد آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی کے علمی افکار سے بھی آپ کے فقہی منہج میں استفادے کے آثار نمایاں تھے۔

آپ کے فقہی طرزِ استدلال کی ایک اہم خصوصیت یہ تھی کہ اس میں عقلی دلائل اور نقلی شواہد دونوں کو خاص اہمیت حاصل تھی۔ آپ کے درسِ فقہ میں دقیق اور پیچیدہ اصولی مباحث کے ساتھ روایاتِ اہل بیت علیہم السلام پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی تھی۔

آپ کی علمی شخصیت کا نمایاں پہلو یہ تھا کہ آپ فقہی مسائل کو محض ظاہری دلائل کی بنیاد پر بیان کرنے کے بجائے ان کی گہرائی میں اتر کر تمام متعلقہ علمی پہلوؤں کا جائزہ لیتے اور مضبوط استدلال کے ساتھ اپنا موقف پیش کرتے تھے۔

اختتامیہ

حضرت آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی علمی و دینی زندگی کئی دہائیوں پر محیط ایک عظیم جدوجہد کا نام ہے۔ فقہ و اصول کی تدریس، علومِ اہل بیت علیہم السلام کی ترویج، علماء و فضلا کی تربیت اور شعائرِ دینی کے احیا کے میدان میں آپ کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

اللہ تعالیٰ آپ کی گراں قدر علمی و دینی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، آپ کو جوارِ رحمتِ اہل بیت علیہم السلام میں اعلیٰ مقام عنایت فرمائے اور تمام پسماندگان، شاگردوں اور عقیدت مندوں کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

News ID 1942928

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha