مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی دہشت گرد صدر نے فلپائن کے دارالحکومت منیلا میں آسیان سربراہی اجلاس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے، واشنگٹن ڈی سی کو ممکنہ ہدف قرار دیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں دعویٰ کیا کہ اسے امید ہے کہ ایران واقعی واشنگٹن پر حملے کی تیاری نہیں کر رہا، تاہم امریکی حکومت اس معاملے کو ’’انتہائی سنجیدگی‘‘ سے لے رہی ہے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ اگر ایران نے ایسا کوئی حملہ کیا تو اسے اس کی ایسی قیمت چکانی پڑے گی جس کا سامنا اب تک کسی بھی ملک نے نہیں کیا۔
دہشت گرد ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کی سرزمین پر اپنے ملک کی جارحیت کا جواز پیش کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہ دھمکیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دینا چاہیے۔
امریکی دہشت گرد صدر نے مزید کہا کہ وہ جمعرات کو چین کے صدر شی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ہونے والی اپنی ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ کے بحران پر بھی بات کرے گا۔
یاد رہے پیر کے روز سی این این نے ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ نئی انٹیلی جنس معلومات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران ممکنہ طور پر امریکی دارالحکومت میں ’’ڈرٹی بم‘‘ (آلودہ تابکاری بم) دھماکے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
واضح رہے دوسری جانب ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سوشل میڈیا پر نام نہاد ’’ڈرٹی بم‘‘ کے حوالے سے ذرائع ابلاغ کی جانب سے منفی فضا سازی اور جھوٹے پروپیگنڈے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ مسلط کرنے والے اور اس کا آغاز کرنے والے بظاہر اب صرف جنگ افروزی اور فوجی جارحیت پر اکتفا نہیں کر رہے، بلکہ اب وہ نیویارک ٹائمز کے حالیہ بے بنیاد دعوے اور سی این این کے ’ڈرٹی بم‘ سے متعلق میڈیا کے جھوٹ جیسے من گھڑت الزامات کے ذریعے ذرائع ابلاغ میں اپنے شیطانی منصوبوں کے لیے زمین ہموار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاکہ قدم بہ قدم اپنی جارحیت اور جرائم کو جائز قرار دینے کا جواز پیدا کر سکیں۔
اس سے قبل فاکس نیوز نے ٹرمپ حکومت کے اعلیٰ حکام کی فوجی اڈوں اور محفوظ مقامات پر رہائش اختیار کرنے کی خبر دی تھی۔
اس رپورٹ کے مطابق، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ واشنگٹن ڈی سی میں واقع فورٹ میک نیئر فوجی اڈے میں مقیم ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر اور امریکی حکومت کے کئی دیگر عہدیداروں کو بھی فوجی تنصیبات یا حکومت کی محفوظ رہائش گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
آپ کا تبصرہ