مہر خبررساں ایجنسی، صوبائی ڈیسک: جنوب مشرقی ایران میں سرگرم تکفیری اور مسلح دہشت گرد گروہوں کی تاریخ، ان کے باہمی تعلقات اور حالیہ انضمام کی اطلاعات کئی اہم سوالات کو جنم دیتی ہیں۔ انصار الفرقان اور جیش الظلم جیسے گروہوں کی جانب سے اپنی تنظیمی ساخت تبدیل کرنے یا ایک دوسرے کے ساتھ ملنے کی کوشش محض تنظیمی تبدیلی نہیں، بلکہ اسے اپنی بقا، ماضی کی دہشت گردانہ کارروائیوں پر پردہ ڈالنے اور نئے نام و عنوان کے تحت سرگرم رہنے کی کوشش کے طور پر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
سیستان و بلوچستان میں سرگرم دہشت گرد گروہوں نے گزشتہ برسوں کے دوران مختلف ناموں، تنظیمی ڈھانچوں اور نعروں کے ذریعے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے کی کوشش کی ہے۔ ان میں انصار الفرقان ایک ایسا مسلح سلفی جہادی گروہ ہے جس کی تشکیل مختلف شدت پسند دھڑوں کے باہمی انضمام کے نتیجے میں ہوئی۔ اس گروہ کی سرگرمیاں، نظریاتی بنیادیں اور دیگر دہشت گرد تنظیموں سے روابط اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ خطے میں دہشت گردی کا مسئلہ محض چند مسلح افراد کی کارروائیوں تک محدود نہیں، بلکہ اس کے پیچھے ایک منظم انتہا پسندانہ نیٹ ورک بھی موجود ہے۔
انصار الفرقان؛ جنداللہ کے منتشر دھڑوں کا اتحاد
انصار الفرقان دسمبر 2013ء میں دو مسلح گروہوں، حرکت انصار ایران اور حزب الفرقان، کے انضمام سے وجود میں آیا۔ اس کے ابتدائی عناصر میں جنداللہ سے الگ ہونے والے بعض شدت پسند دھڑے بھی شامل تھے، جو عبدالمالک ریگی کی گرفتاری اور پھانسی کے بعد مختلف گروہوں کی شکل میں دوبارہ منظم ہوئے۔
انصار الفرقان کی نظریاتی بنیاد سلفی جہادی فکر پر استوار ہے اور اس گروہ نے خلافت کے قیام کو اپنے مقاصد میں شامل کیا ہےاس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ تنظیم کسی مقامی مسئلے یا عوامی مطالبے کے لیے نہیں، بلکہ اپنے شدت پسندانہ نظریات کے تحت سرگرم ہے اور معاشرے میں فرقہ وارانہ نفرت، تکفیر اور بدامنی پھیلانے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ گزشتہ برسوں میں ایرانی سکیورٹی اداروں کی کارروائیوں کے نتیجے میں اس گروہ کو شدید نقصان پہنچا۔ اس کے اہم سرغنوں میں ہشام عزیزی المعروف ابوحفص بلوچی اور جلیل قنبرزہی بھی شامل تھے، جن کی ہلاکت کے نتیجے میں تنظیم کو شدید دھچکہ لگا۔
انصار الفرقان کو شدید نقصانات اٹھانے کے باوجود اس گروہ کے باقی ماندہ عناصر نے اپنی سرگرمیاں جاری رکھنے اور دیگر شدت پسند تنظیموں کے ساتھ روابط برقرار رکھنے کی کوششیں کی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق، اس کے موجودہ نیٹ ورک میں شام سے واپس آنے والے جنگجو، طالبان سے وابستہ بلوچ عناصر، القاعدہ سے منسلک افراد اور مختلف ذرائع سے بھرتی کیے گئے مسلح افراد شامل ہیں۔ تنظیم کو موساد اور بعض خلیجی ممالک کی پشت پناہی حاصل ہے اور بیرونی سرپرست اس کے عناصر کو مالی، افرادی اور انٹیلی جنس وسائل فراہم کرتے ہیں۔
انصار الفرقان سے منسوب کارروائیوں میں چابہار میں بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے خودکش حملہ اور خوزستان میں تیل کی پائپ لائن پر حملہ بھی شامل ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد محض جانی و مالی نقصان پہنچانا نہیں، بلکہ خوف و ہراس پیدا کرنا، ریاستی سلامتی کو چیلنج کرنا اور ذرائع ابلاغ میں اپنی موجودگی نمایاں کرنا بھی تھا۔
جیش الظلم اور انصار الفرقان کا انضمام؛ شکست پر پردہ ڈالنے کی نئی کوشش؟
باخبر ذرا ئع کے مطابق جیش الظلم اور انصار الفرقان کے درمیان انضمام کی کوششیں جاری ہیں۔ دونوں گروہوں نے اپنی صلاحیتوں کو یکجا کرنے اور مشترکہ کارروائیاں کرنے کے مقصد سے انضمام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کو محض دو تنظیموں کے اتحاد کے طور پر دیکھنا کافی نہیں، بلکہ اس کے پس منظر میں ان گروہوں کو درپیش تنظیمی، عسکری اور عوامی مشکلات کو بھی سمجھنا ضروری ہے۔
ان دونوں گروہوں کو گزشتہ برسوں میں سکیورٹی کارروائیوں اور اپنے اہم عناصر کے خاتمے کے باعث شدید نقصانات اٹھانا پڑے ہیں۔ دوسری جانب دہشت گردانہ کارروائیوں کے نتیجے میں عام شہریوں، سکیورٹی اہلکاروں اور مقامی آبادی کو پہنچنے والے نقصانات نے ان گروہوں کے خلاف عوامی نفرت میں اضافہ کیا ہے۔ ایسے حالات میں تنظیمی انضمام کا مقصد افرادی قوت جمع کرنا، وسائل یکجا کرنا اور اپنی کمزور ہوتی ہوئی تنظیمی حیثیت کو دوبارہ مستحکم کرنا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تام تبدیل کرنے، تنظیمی ڈھانچہ بدلنے اور دوسرے گروہوں کے ساتھ اتحاد کرنے سے تنظیم کی نظریاتی بنیاد، دہشت گردانہ ماضی اور عام شہریوں کے خلاف جرائم کے ریکارڈز تبدیل نہیں ہوتے۔
دہشت گرد گروہوں کا اتحاد؛ علاقائی امن کے خلاف اسرائیلی سازش
جیش الظلم اور انصار الفرقان کا انضمام اسرائیلی حمایت سے دہشت گرد گروہوں کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش قرار دیا جارہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت دونوں دہشت گرد گروہ اپنی سابقہ شناخت ختم کرکے ایک نئے تنظیمی ڈھانچے کے ساتھ میدان میں اترنا چاہتے ہیں، تاکہ اپنی شکستوں اور کمزوریوں پر پردہ ڈال سکیں اور ایران کے جنوب مشرقی علاقوں، خصوصاً سیستان و بلوچستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں اور بدامنی کا سلسلہ جاری رکھ سکیں۔
امریکہ اور اسرائیل کے علاقائی مفادات کے تناظر میں دیکھیں تو اس خطے میں دہشت گرد گروہوں کی سرگرمیاں محض ایک داخلی سکیورٹی مسئلے تک محدود نہیں رہتیں، بلکہ ایک وسیع تر تزویراتی رخ اختیار کر لیتی ہیں۔ اتنے حساس جغرافیائی خطے میں بیرونی قوتیں جب عسکریت پسند عناصر کو منظم کر کے بدامنی پھیلاتی ہیں تو اس سے نہ صرف ایران کی قومی سلامتی متاثر ہوتی ہے، بلکہ پورے خطے کا امن، ترقی اور استحکام بھی شدید خطرے میں پڑ جاتا ہے۔
دہشت گردی کا مقابلہ اور خطے میں پائیدار امن کی ضرورت
یہ دہشت گرد گروہ اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے مذہب اور فرقہ واریت کو بھی ہتھیار کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔ اسلام کا نام لے کر مسلمانوں کا خون بہانا، علمائے اہل سنت اور دیگر شہریوں کو نشانہ بنانا اور شیعہ و سنی اختلافات کو ہوا دینا ان کی سرگرمیوں کا اہم پہلو ہے۔ ان عناصر کی کوشش ہے کہ مذہبی اختلافات کو دشمنی میں بدل کر معاشرے میں انتشار پیدا کیا جائے اور اپنے دہشت گردانہ مقاصد کو آگے بڑھایا جائے۔ ایسے حالات میں شیعہ و سنی اتحاد، علمائے دین کا مشترکہ کردار اور عوامی بیداری ان سازشوں کو ناکام بنانے کے لیے نہایت اہم ہیں۔
سیستان و بلوچستان کے عوام امن، ترقی، روزگار اور بنیادی سہولتوں کے مستحق ہیں۔ دہشت گرد گروہ اپنے مذموم مقاصد کے لیے اسی خطے کے نام اور عوام کے مسائل کو استعمال کرتے ہیں، لیکن ان کی مسلح کارروائیاں درحقیقت مقامی آبادی کے امن، معاشی ترقی اور مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ لہٰذا جیش الظلم اور انصار الفرقان جیسے گروہوں کی نئی صف بندی کو معمولی تنظیمی تبدیلی سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔ ان کے خلاف مؤثر سکیورٹی اقدامات، دہشت گردی کے نیٹ ورک کی بیخ کنی اور بیرونی مداخلت کے الزامات کی شفاف تحقیقات سے ہی خطے میں پائیدار امن قائم ہوسکتا ہے۔
آپ کا تبصرہ