18 نومبر، 2026، 9:03 PM

اگر دشمن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو ایسا سبق سکھائیں گے جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا، جنرل حاتمی

اگر دشمن نے کوئی غلط اندازہ لگایا تو ایسا سبق سکھائیں گے جو وہ ہمیشہ یاد رکھے گا، جنرل حاتمی

ایرانی بری فوج کے سربراہ نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے کہ دشمن کوئی غلطی نہیں کرے گا، لیکن اگر ایسا ہوا تو اسے ایسا سبق سکھایا جائے گا جو سب کے لیے عبرت بن جائے گا۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی فوج کے کمانڈر انچیف میجر جنرل امیر حاتمی نے دفاع مقدس اور مزاحمت کے آثار و اقدار کے تحفظ و اشاعت کے ادارے کی جانب سے دوسرے اور تیسرے دفاع مقدس کے حوالے سے منعقدہ نمایاں پروگراموں اور سرگرمیوں کی نمائش کا دورہ کیا۔

جنرل حاتمی نے اس دورے کے موقع پر آثار و اقدارِ دفاعِ مقدس اور مزاحمت کے تحفظ و اشاعت کے ادارے کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس ادارے نے پہلے، دوسرے اور تیسرے دفاع مقدس سے متعلق دستاویزات اور شواہد کو ریکارڈ کرنے، محفوظ رکھنے اور قابلِ استفادہ بنانے کے لیے قابلِ قدر اقدامات انجام دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ جنگوں سے متعلق دستاویزات اس نمائش میں بہترین انداز میں پیش کی گئی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ اس نمائش کے نتائج انتہائی قابلِ قدر ہیں اور اس کے تمام حصے استفادے کے لائق ہیں۔

ایرانی فوج کے کمانڈر انچیف نے علاقائی صورتِ حال کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی انقلاب کے بعد ہر مرتبہ جب ایران کے عزیز عوام کو دشمن کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا تو انہوں نے پوری قوت اور استقامت کے ساتھ اس کا مقابلہ کیا اور ہر بار دشمن کو ناکام بنایا۔

جنرل حاتمی نے کہا کہ مسلح افواج اور اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج نے جس طرح اپنے نعروں میں بارہا اس عزم کا اظہار کیا ہے، اسی طرح عملی طور پر بھی اسے ثابت کیا ہے۔ انہوں نے تینوں دفاع مقدس کے دوران ملت کے فدائی کی حیثیت سے اپنے عظیم عوام کے دفاع کے عہد کی پابندی کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی موجودہ حالات کے پیشِ نظر، جبکہ دشمن اپنی افواج کو تیار کر رہا ہے اور ایک نیا طیارہ بردار بحری جہاز بھی خطے میں لے آیا ہے، ہم پوری ہوشیاری اور باریک بینی کے ساتھ دشمن کی نقل و حرکت پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اپنی تیاریوں کے لیے ایک لمحہ بھی ضائع نہیں کر رہے۔

ایرانی فوج کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی فوج کے تمام شعبے، بشمول بری فوج، بحریہ، فضائی دفاع اور فضائیہ، دشمن کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر رکھنے کے ساتھ اپنی دفاعی تیاریوں کو ہر لمحہ بہتر بنا رہے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دشمن اس سے پہلے بھی غلطی کر چکا ہے اور ایران پر حملہ کرکے خود ایک مشکل صورتِ حال میں پھنس گیا اور بے بسی سے دوچار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج کے اعلیٰ کمانڈروں کو رہبرِ انقلابِ اسلامی کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے مطابق آج تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اگر دشمن دوبارہ کوئی اقدام کرتا ہے تو بلا شبہ اس کے ساتھ اور اس کے حامیوں کے خلاف پہلے سے زیادہ شدید، فیصلہ کن اور جغرافیائی حدود کی کسی پابندی کے بغیر کارروائی کی جائے گی۔

جنرل حاتمی نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ دشمن حساب و کتاب میں غلطی نہیں کرے گا، لیکن اگر ایسا ہوا تو اسے ایسا سبق ملے گا جو سب کے لیے عبرت بن جائے گا۔

ایرانی فوج کے کمانڈر انچیف نے آخر میں تاکید کی کہ جو بھی شخص حساب و کتاب میں غلطی کے نتیجے میں ہمارے ملک پر جارحیت کا ارادہ رکھتا ہے، اسے معلوم ہونا چاہیے کہ ایرانی قوم آٹھ ہزار سالہ تہذیب اور عاشورائی ثقافت کی حامل ہے۔ یہ ایسی قوم ہے جو ہمیشہ سے متمدن رہی ہے، اپنے وطن پر فدا ہونے کا جذبہ رکھتی ہے اور اپنے ملک کا دفاع کرتی ہے۔

News ID 1942957

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha