مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں، جبکہ کویتی فوج نے بھی اپنے فضائی دفاعی نظام کی جانب سے ڈرون حملوں کا مقابلہ کرنے کی اطلاع دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، الجزیرہ کے حوالے سے ذرائع ابلاغ نے بحرین میں امریکی فوجی اڈوں پر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنے جانے کی خبر دی ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے بھی سکیورٹی الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور رہائشیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں، قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہو جائیں اور عوامی تحفظ کے پیش نظر خبروں اور معلومات کے لیے سرکاری ذرائع پر انحصار کریں۔
دوسری جانب بعض غیر سرکاری ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ بحرین میں ایک امریکی فوجی اڈے پر متعدد ڈرونز نے براہِ راست اور درست نشانہ لگایا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔
ایک میڈیا ذریعے نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر بمباری کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
ادھر کویتی فوج نے اعلان کیا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام ڈرون حملوں کو روکنے کے لیے کارروائی کررہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ