مہر نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رائٹرز نے ایک رپورٹ میں یورپ میں جعلی بم دھماکوں کی دھمکیوں کی لہر کے وسیع پیمانے کا انکشاف کیا اور بتایا کہ گزشتہ ایک ماہ کے دوران یورپی ممالک میں اسکولوں، کمپنیوں اور مختلف اداروں کو 8 ہزار سے زائد دھمکی آمیز پیغامات بھیجے گئے ہیں۔
ان دھمکیوں کا سب سے بڑا نشانہ برطانیہ، آئرلینڈ اور اٹلی کے اسکول رہے، لیکن ایئرلائنز، ہوائی اڈے، میڈیا ادارے، خیراتی تنظیمیں اور عام افراد بھی نشانہ بنے۔ ان دھمکیوں کے نتیجے میں ہزاروں طلبہ کو نکالنا پڑا، ٹیلی ویژن پروگراموں میں خلل پڑا اور درجنوں پروازوں کا رخ موڑنا پڑا یا انہیں منسوخ کرنا پڑا۔
رائٹرز کے ہاتھ لگنے والے دھمکی آمیز پیغامات کا جائزہ بتاتا ہے کہ ان میں سے کچھ کی عبارت اور بھیجنے کے طریقے میں مماثلت پائی گئی۔ ان میں سے کئی پیغامات 19 اکتوبر کو «موت قریب ہے» کے عنوان سے شمالی آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ کے اسکولوں اور بلغاریہ کے اداروں کو بھیجے گئے۔
سائبر سکیورٹی کمپنیوں کے مطابق، یہ پیغامات کم از کم چار ہیک شدہ ای میل اکاؤنٹس سے بھیجے گئے۔ ایک معاملے میں تائیوان کی دایہ یونیورسٹی کے ایک سابق طالب علم کا ای میل اکاؤنٹ بظاہر ان پیغامات کے ایک حصے کو بھیجنے کے لیے غلط استعمال کیا گیا۔
دھمکیوں کی دوسری لہر میں، 2نومبر سے ایک ایئرلائن کو لندن سے صوفیہ جانے والی پرواز بوڈاپیسٹ کی طرف موڑنی پڑی؛ جبکہ اگلے دنوں میں کئی پروازیں اور یونان کے ساحل کے قریب ایک تفریحی بحری جہاز بھی دھمکیوں کی زد میں آئے۔
پرواز کی نگرانی کرنے والی کمپنی «ایئرنو ریڈار» کے اعداد و شمار کے مطابق، 2سے 6 نومبر کے درمیان تقریباً 15 ایئرلائنز کی 50 سے زائد پروازوں کو بم کی دھمکی دی گئی۔
6 نومبر کو فرانس اور بلغاریہ کے ٹی وی چینلز اور آئرلینڈ کے قومی چینل سمیت کئی میڈیا ادارے بھی ان دھمکیوں کا نشانہ بنے اور کچھ ٹی وی پروگرام کچھ دیر کے لیے روک دیے گئے۔
ان دھمکیوں کی سب سے بڑی لہر 11 نومبر کو آئی، جب اٹلی کے تقریباً 6ہزار 300اسکولوں، اسکاٹ لینڈ کے ایک ہزار، شمالی آئرلینڈ کے 300 اور آئرلینڈ کے تقریباً 300 اسکولوں کو دھمکی آمیز پیغامات موصول ہوئے۔
یورپی حکام اور ماہرین کا خیال ہے کہ یہ حملے ایک دوسرے سے منسلک ہو سکتے ہیں، لیکن رائٹرز آزادانہ طور پر اس کی تصدیق نہیں کر سکا کہ تمام پیغامات ایک ہی گروہ نے بھیجے ہیں۔
فرانس کے وزیر داخلہ لوراں نونیز نے دعویٰ کیا کہ ان دھمکیوں میں بیرونی مداخلت کا امکان واضح طور پر موجود ہے اور روس یا دوسرے ممالک اس میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یورپی پولیس ان دھمکیوں کے ماخذ کی چھان بین کر رہی ہے۔
یوکرائنی حکام نے اس سے پہلے «داونچی» نامی روسی ہیکرز کے ایک گروہ پر بم دھماکوں کی دھمکیاں استعمال کرنے کا الزام لگایا تھا۔
فرانسیسی سائبر سکیورٹی کمپنی «اِنتری انٹرسک» نے بھی گزشتہ سال دعویٰ کیا تھا کہ اس گروہ نے 2024 میں کئی مغربی سرکاری اداروں کو اسی طرح کی جعلی دھمکیاں بھیجی تھیں۔
تاہم حالیہ دھمکیوں کا حتمی ماخذ ابھی تک معلوم نہیں ہو سکا اور یورپی حکام کی تحقیقات جاری ہیں۔
آپ کا تبصرہ