مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے ایران کے خلاف امریکی۔صہیونی میڈیا کی فضا سازی اور نفسیاتی جنگ کے ردعمل میں سوشل میڈیا پر لکھا ہے کہ ایران کے ڈیموں اور میزائل اڈوں کے درمیان تعلق کا بے بنیاد دعویٰ، کسی ملک کے اہم بنیادی ڈھانچوں پر حملے کو جائز قرار دینے کے لیے پروپیگنڈے اور سکیورٹی کا بہانہ گھڑنے کی شیطانی سرگرمیوں کی ایک اور مثال ہے۔
انہوں نے مزید لکھا کہ امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف حالیہ جارحانہ کارروائیوں کے دوران خمین (صوبہ مرکزی)، ہفتگل (صوبہ خوزستان)، بمانیِ سیریک، جزیرہ قشم، نیک شہر اور تیس (صوبہ سیستان و بلوچستان) میں پانی ذخیرہ کرنے والے مراکز، نیز جاسک کے گاؤں بنجی میں پانی صاف کرنے کے پلانٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ ان حملوں کے نتیجے میں عوام اور رہائشی علاقوں کو پانی کی فراہمی منقطع یا متاثر ہوئی۔
بقائی نے مزید کہا کہ شہری بنیادی ڈھانچوں کی میزائل اڈوں سے جغرافیائی قربت کا دعویٰ کرکے ان پر حملوں کو جائز قرار دینے کی کوشش نہ تو کوئی قابلِ قبول دلیل ہے اور نہ ہی اس کی کوئی قانونی و دستاویزی بنیاد ہے، بلکہ یہ غیر فوجی بنیادی ڈھانچوں کو نشانہ بنانے اور بین الاقوامی انسانی حقوق کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی کو معمول کا عمل بنانے کے لیے ایک دانستہ مغالطہ ہے۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ اگرچہ آج کا امریکہ غرور اور قرونِ وسطیٰ کی ذہنیت کے ساتھ یہ دعویٰ کرتا ہے کہ جس شخص کے ہاتھ میں تلوار ہو، اس سے قانون کی بات نہیں کرنی چاہیے، لیکن بین الاقوامی انسانی قانون، بالخصوص جنیوا کنونشنز کے اضافی پروٹوکول اوّل کی شق 56 میں ڈیموں اور اسی نوعیت کی تنصیبات کے لیے خصوصی تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔
بقائی نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ مسلط کرنے والے اور اس کا آغاز کرنے والے بظاہر اب صرف جنگ بھڑکانے اور فوجی جارحیت پر اکتفا نہیں کر رہے، بلکہ اب وہ نیویارک ٹائمز کے حالیہ دعوے اور سی این این پر ’’گندے بم‘‘ کے میڈیا پروپیگنڈے جیسے بے بنیاد الزامات گھڑ کر اپنے شیطانی منصوبوں کے لیے ذرائع ابلاغ میں راہ ہموار کرنے کے درپے ہیں، تاکہ مرحلہ وار اپنی جارحیت اور جرائم کے لیے جواز پیدا کر سکیں۔
ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ایران بخوبی جانتا ہے کہ ہر شرارت اور جارحیت کا دردناک اور ناقابلِ فراموش جواب کیسے دینا ہے، لیکن دنیا کو یہ جان لینا چاہیے کہ بین الاقوامی قانونی اصولوں اور اخلاقی و انسانی اقدار کی سنگین خلاف ورزیوں کے لیے راہ ہموار کرنے کے عمل پر خاموشی اختیار کرنا اور چشم پوشی سے کام لینا، پوری انسانیت اور انسانی تہذیب کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بنے گا۔
واضح رہے امریکی اور صیہونی میڈیا پر ایران کے میزائل اڈوں کو ڈیموں کے قریب ظاہر کرنے یا نام نہاد ’’گندے بم‘‘ کے بارے میں جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
آپ کا تبصرہ