مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ علماء مکتبِ اہلبیت پاکستان کے زیرِ اہتمام خواتین کے لیے تین روزہ آن لائن ’’شہیدِ اُمتؒ تربیتی ورکشاپ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا عنوان ’’سیرتِ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی روشنی میں تربیت کے سنہری اصول‘‘ تھا۔
ورکشاپ میں پاکستان، ہندوستان اور ایران سمیت مختلف ممالک سے طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ورکشاپ سے حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر محمد علی ممتاز نے خصوصی خطاب کیا۔
انہوں نے تعلیم و تربیت کے باہمی تعلق اور سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی روشنی میں مؤثر تربیت کے بنیادی اصولوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ورکشاپ کے دوران بچوں کی اخلاقی و دینی تربیت، مضبوط کردار سازی اور جدید دور کے تربیتی چیلنجز سے نمٹنے جیسے اہم موضوعات زیرِ بحث آئے۔ اس موقع پر اس امر پر خصوصی گفتگو کی گئی کہ تعلیم کے ساتھ مؤثر تربیت کیسے ممکن بنائی جا سکتی ہے، بچوں میں اخلاق، دینی شعور اور مضبوط کردار کیسے پروان چڑھایا جائے، جدید دور کے چیلنجز کے تناظر میں بہترین تربیت کے تقاضے کیا ہیں اور سیرتِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے تربیت کے کون سے سنہری اصول اخذ کیے جا سکتے ہیں۔
ڈاکٹر محمد علی ممتاز نے واضح کیا کہ ایک کامیاب معلم محض معلومات منتقل کرنے والا نہیں ہوتا، بلکہ بچوں کی شخصیت سازی، اخلاقی تربیت اور فکری نشوونما میں بھی بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔
انہوں نے بچوں کے ساتھ محبت و شفقت، حسنِ سلوک، مثبت اندازِ گفتگو، ان کی نفسیاتی ضروریات کو سمجھنے اور انفرادی صلاحیتوں کے مطابق تدریسی طریقے اختیار کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
تین روزہ ورکشاپ کو علمی، فکری اور تربیتی اعتبار سے نہایت مفید اور کامیاب قرار دیا گیا۔
شرکاء نے موضوعات کے انتخاب، مؤثر اندازِ پیشکش اور عملی رہنمائی کو سراہتے ہوئے اسے عصرِ حاضر کی اہم ضرورت قرار دیا۔
آپ کا تبصرہ