مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کی میزبان اور سیاسی تجزیہ کار جیسیکا ٹارلوف پر شدید تنقید کی۔ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ان کی آواز برداشت نہ کر پانے کے باعث اس چینل کو دیکھنا چھوڑ چکے ہیں۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایک بیان میں کہا: ’’میں فاکس نیوز پر انتخابات سے پہلے کے نتائج دیکھ رہا ہوں، لیکن جیسیکا ٹارلوف کی آواز برداشت نہیں کرسکتا۔ وہ انتہائی احمق ہیں، لیکن جو چیز مجھے سب سے زیادہ پریشان کرتی ہے، وہ ان کی آواز ہے۔ مجھے کوئی دوسرا چینل دیکھنا پڑے گا تاکہ اس ناکام خاتون کو پردۂ ٹیلی وژن سے ہٹایا جاسکے۔ میں بعد میں واپس آؤں گا۔‘‘
یہ تنقید ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے اپنے اتحادیوں اور مشیروں کے ساتھ نجی گفتگو میں اعتراف کیا ہے کہ انہیں کانگریس کے وسط مدتی انتخابات میں بدترین صورت حال کا خدشہ ہے اور امکان ہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ دونوں کا مکمل کنٹرول حاصل کرلے۔
رپورٹ کے مطابق، ٹرمپ نے مختلف جائزوں، امیدواروں کی صورت حال اور امریکہ کے سیاسی ماحول کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ کوئی بھی اہم اشاریہ ری پبلکن پارٹی کے لیے امید افزا نہیں ہے۔
انہوں نے اپنے مشیروں کے ساتھ گفتگو میں اس ممکنہ انتخابی شکست کے حکومتی امور پر اثرات، اپنی حکومت کے خلاف تحقیقات شروع ہونے اور مواخذے کی کارروائیوں کے امکانات پر بھی تبادلۂ خیال کیا ہے۔
ٹرمپ کی جانب سے اس بحرانی صورت حال کا بالواسطہ اعتراف پیر کے روز لنکن میموریل میں ان کی آخری انتخابی تقریر میں بھی سامنے آیا، جہاں انہوں نے واضح طور پر کہا: ’’کسی وجہ سے برسرِ اقتدار صدر وسط مدتی انتخابات نہیں جیت پاتا۔ اس کے باوجود ہم نے اس مقصد کے لیے بہت سنجیدہ کوشش کی ہے۔‘‘
آپ کا تبصرہ