مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، برطانوی جنگ مخالف کارکنوں کے ایک گروپ نے لندن میں منعقدہ عالمی سیاحتی نمائش (ورلڈ ٹریول مارکیٹ) میں صیہونی حکومت کے پویلین کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور فلسطینی عوام کے خلاف اس حکومت کے جرائم پر اپنی مخالفت کا اظہار کیا۔
یہ احتجاج فلسطین یکجہتی مہم (Palestine Solidarity Campaign) کے زیر اہتمام کیا گیا۔ تنظیم نے کہا کہ لندن کی اس نمائش میں صیہونی حکومت کا پویلین غیر قانونی طور پر مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں سیاحت کو فروغ دے رہا ہے، جو برطانوی حکومت کی جانب سے کیے گئے وعدوں کی خلاف ورزی ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ کے نام اپنے پیغام میں تنظیم نے یاد دلایا کہ وہ اس سے قبل برطانیہ میں غیر قانونی صیہونی بستیوں کی تشہیر پر پابندی عائد کرنے کا وعدہ کر چکے ہیں۔ تنظیم نے ان سے مطالبہ کیا کہ وہ واضح کریں کہ آیا وہ اب بھی اپنے اس وعدے پر قائم ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، لندن کی سیاحتی نمائش میں صیہونی حکومت کی غیر قانونی آبادکاری کے منصوبے سے منسلک اداروں کی موجودگی گزشتہ چند روز سے متنازع موضوع بنی ہوئی ہے، جس پر انسانی حقوق کے کارکنوں اور برطانوی پارلیمنٹ کے متعدد ارکان نے بھی ردعمل ظاہر کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ