مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں جاری پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم نمائش و کانفرنس (PIMEC 2025) میں اسلامی جمہوری ایران کی مسلح افواج کے اعلی سطحی وفد نے اپنے دفاعی اور بحری شعبے کی کامیابیوں کی نمائش کی۔
ایرانی وفد کی سربراہ کیپٹن داریوش اسکندری نے اس موقع پر کہا کہ ایران اور پاکستان کی دفاعی و عسکری صلاحیتیں ایک دوسرے کی تکمیل کرتی ہیں اور مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ان مواقع سے فائدہ اٹھانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون نہ صرف خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے بلکہ ٹیکنالوجی کی منتقلی، تکنیکی مہارتوں کے تبادلے اور تعلیمی میدان میں اشتراک کو بھی فروغ دے گا۔ یہ اقدامات دونوں ممالک کے مفادات کے عین مطابق ہیں۔
نمائش میں شریک غیر ملکی وفود اور پاکستانی اعلی حکام نے ایران کے پویلین کا دورہ کیا اور ایرانی دفاعی صنعت کی کامیابیوں کو سراہا۔ اس موقع پر غیر ملکی نمائندوں کو ایران کی تازہ ترین عسکری اور دفاعی پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔
یہ پہلا موقع ہے کہ ایران نے پاکستان کی سب سے بڑی بین الاقوامی بحری نمائش میں قومی پویلین قائم کیا ہے جس کا مقصد ایران کی مقامی دفاعی اور بحری صنعتوں کی کامیابیوں کو اجاگر کرنا ہے۔
آپ کا تبصرہ