5 دسمبر، 2025، 9:37 PM

مہر نیوز کی خصوصی رپورٹ:

گذشتہ ہفتے کے اہم ملکی اور بین الاقوامی خبروں کا اجمالی جائزہ

گذشتہ ہفتے کے اہم ملکی اور بین الاقوامی خبروں کا اجمالی جائزہ

مہر نیوز کی جانب سے جمعہ کے روز ہفتے کے اہم واقعات اور خبروں پر طائرانہ جائزہ لیا جاتا ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی، مانیٹرنگ ڈیسک: ایران میں جمعہ ہفتے کا آخری دن ہے اسی مناسبت سے مہر نیوز کی جانب سے ملکی و بین الاقوامی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت کا جامع جائزہ پیش کیا جاتا ہے۔

مہر نیوز ایجنسی کا مقصد قارئین کو مختصر مگر مستند معلومات فراہم کرنا ہے، تاکہ وہ بآسانی سمجھ سکیں کہ گزشتہ ہفتے ایران کے سیاسی، معاشی اور علاقائی و عالمی تعلقات میں کون سی اہم تبدیلیاں رونما ہوئیں۔

 خلیج فارس میں سپاہ پاسداران کی بحریہ کی دفاعی مشقیں

سپاہ پاسداران انقلاب کی بحریہ نے جمعرات کو خلیج فارس میں اپنی دو روزہ فوجی مشق "اقتدار" کا آغاز کیا۔

سپاہ پاسداران کے حکام کے مطابق یہ مشق ایرانی بحری فورسز کی جرات اور دفاعی تیاری کی علامت اور خلیج فارس میں جاری طاقت کا توازن برقرار رکھنے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔

مغربی آذربائیجان میں ایران کی فوجی مشقیں 

سپاہ پاسداران انقلاب نے جمعرات کو صوبہ مغربی آذربائیجان میں ایک فوجی مشق کا آغاز کیا، جس کا مقصد صوبے کی رضاکار فورسز کی تیاری اور دفاعی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔

ایران میں ’سہند–2025‘ مشترکہ مشقوں کا انعقاد

سپاہ پاسداران انقلاب نے گزشتہ ہفتے صوبہ مشرقی آذربائیجان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ مشترکہ ’سہند–2025‘ انسداد دہشت گردی مشق کی میزبانی کی۔

سپاہ پاسداران کے ڈپٹی چیف آپریشنز کے مطابق اس مشق میں 10 سے زائد ممالک نے شرکت کی، جس کا مقصد خطے میں دہشت گردی کے خلاف تعاون اور عملی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا تھا۔

ایران، روس اور چین کا اقوام متحدہ کو مشترکہ خط

ایران، روس اور چین کے سفیروں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو ایک مشترکہ خط ارسال کیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ 18 اکتوبر 2025ء سے قرارداد 2231 کی تمام شقیں غیر مؤثر ہوگئیں۔

اس خط کا مقصد عالمی برادری کو ان ممالک کے مشترکہ مؤقف سے آگاہ کرنا اور مستقبل میں ہونے والی سفارتی پیش رفت کے لیے بنیاد فراہم کرنا ہے۔

پاک–ایران–ترکی مال بردار ٹرین کی سرگرمیاں بحال ہونے کو تیار

پاکستان کے وزیر ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد، تہران اور استنبول کو ملانے والی ECO مال بردار ٹرین کی سروس 31 دسمبر سے دوبارہ شروع ہو رہی ہے۔ یہ اقدام خطے میں تجارتی روابط بڑھانے اور ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

شیراز میں فجر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا انعقاد

2025ء کا فجر انٹرنیشنل فلم فیسٹیول گذشتہ ہفتے شیراز میں منعقد ہوا، جس میں متعدد غیر ملکی مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ اس سال کا فیسٹیول ایرانی سینما، ثقافتی تبادلوں اور بین الاقوامی مشترکہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہوا۔

ایران نے خلیج فارس کی تین جزائر کی ملکیتی دستاویزات جاری کردیں

ایران نے گذشتہ ہفتے خلیج فارس میں واقع جزائر ابوموسی، تنبِ بزرگ اور تنبِ کوچک کے لیے باضابطہ طور پر سرحدی نشاندہی اور ملکیتی دستاویزات جاری کر دیں۔ اس اقدام کے ذریعے ایران نے ان علاقوں پر اپنی حاکمیت کو ایک بار پھر واضح کیا ہے۔

تہران میں ترک اور سعودی اعلی اہلکاروں کی آمد اور ایرانی حکام سے مذاکرات

ایران نے گذشتہ ہفتے تہران میں ترکی کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور سعودی عرب کے نائب وزیر خارجہ برائے سیاسی امور سعود بن محمد الساطی کی میزبانی کی۔ دونوں ممالک کے اعلی اہلکاروں کے دورے کے دوران دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورت حال اور اہم بین الاقوامی امور پر گفتگو کی گئی۔

سپاہ پاسداران نے تیل کی اسمگلنگ میں ملوث غیر ملکی کشتی پکڑلی

سپاہ پاسداران انقلاب نے خلیج فارس میں ایک غیر ملکی پرچم بردار جہاز کو حراست میں لے لیا ہے، جو 3 لاکھ 50 ہزار لیٹر اسمگل شدہ ایندھن لے جا رہا تھا۔ سپاہ پاسداران انقلاب کے سیکنڈ نیول زون کے کمانڈر کے مطابق کارروائی انسداد اسمگلنگ آپریشن کے تحت کی گئی۔

ایرانی بحریہ میں نیا فلوٹنگ نیول بیس شامل

ایران کی فوج نے بحریہ میں ایک نیا فلوٹنگ بیس شامل کر دیا ہے اور ساتھ ہی حادثے کے باعث بندر عباس میں ڈوب جانے والے ڈسٹرائر سہند کی دوبارہ تعمیر کے بعد اس کی رونمائی بھی کی گئی ہے۔

یہ اقدام بحریہ کی عملی اور دفاعی صلاحیت میں اہم اضافہ سمجھا جا رہا ہے۔

ایران، روس اور آذربائیجان کا شمال–جنوب راہداری پر نیا معاہدہ

ایران، روس اور آذربائیجان نے باکو میں بین الاقوامی نارتھ–ساوتھ ٹرانسپورٹ کوریڈور کے مغربی راستے کو توسیع دینے کے لیے ایک نیا سہ فریقی معاہدہ کر لیا ہے۔ اس معاہدے کا مقصد خطے میں زمینی و تجارتی رابطوں کو مزید مضبوط بنانا اور ٹرانزٹ صلاحیت بڑھانا ہے۔

News ID 1936913

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha