مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایک بیان میں عالمی اسمبلی برائے اسلامی بیداری کے سیکریٹری جنرل علی اکبر ولایتی نے الٰہی نصرت اور روحانی تائید پر غیر متزلزل اعتماد پر زور دیتے ہوئے رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی کی ضرورت کو اجاگر کیا۔
رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے خطاب کرتے ہوئے ولایتی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ عالمی اسمبلی برائے اسلامی بیداری، امام خمینیؒ کے دور میں بھی اور آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت میں بھی، ولی فقیہ کی حکمت عملی اور ہدایات کی مکمل پیروی کی پابند رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ امام خمینیؒ نے اسلامی انقلاب اور ایران کے دفاع میں عالمی استکبار کے مقابلے کے لیے ایک دقیق، مضبوط اور اسلامی طرز عمل اختیار کیا تھا، اور آیت اللہ خامنہ ای نے بھی اسی راستے کو اسی استقامت اور وضاحت کے ساتھ جاری رکھا ہے۔ ولایتی نے رہبر انقلاب کو صہیونی رژیم اور اس کے حامیوں کے خلاف مزاحمتی محاذ کا عملی بانی قرار دیا۔
ولایتی نے مزید کہا کہ مغربی استکبار کے اندرونی مسائل کے باعث بین الاقوامی نظام ایک بڑی تبدیلی سے گزر رہا ہے، جس سے مغرب کی حقیقی فطرت بے نقاب ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق دوسری جنگ عظیم کے بعد قائم کیے گئے ادارے، حتیٰ کہ وہ ادارے جو مفید کے طور پر پیش کیے گئے تھے، درہم برہم ہو چکے ہیں، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ بلا روک ٹوک اقدامات کر رہے ہیں۔
ولایتی کے مطابق ٹرمپ طاقت، دولت اور مادہ پرستی کے شدید اسیر ہیں اور ان مفادات کے حصول کے لیے کسی بھی نوعیت کے اقدام سے دریغ نہیں کرتے۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ٹرمپ بیک وقت محتاط اور خوف زدہ بھی ہیں اور جیسے ہی انہیں اپنی کارروائیوں میں شکست کا اندیشہ ہوتا ہے، وہ فوری طور پر ہتھیار ڈال دیتے ہیں۔
مثال کے طور پر ولایتی نے انصاراللہ کے مقابلے میں ٹرمپ کی پسپائی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ابتدائی کشیدگی کے بعد واشنگٹن نے جنگ بندی کی راہ اختیار کی، جب اسے یہ احساس ہوا کہ فلسطین اور غزہ کی حمایت کرنے والی قوتیں سنجیدہ تصادم کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکا نے جنگ بندی کو انصاراللہ کی درخواست کے طور پر پیش کرنے کی کوشش کی، تاہم بعد ازاں انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے اس کی تردید کر دی۔
ولایتی نے آخر میں کہا کہ رہبر انقلاب کی قیادت میں ایران بے مثال عالمی انتشار کے باوجود مضبوط اور مستحکم راستے پر گامزن ہے، اور انہوں نے ملک کو ایک تاریخی جہاز سے تشبیہ دی جو طوفانی بین الاقوامی سمندر میں کامیابی سے سفر کر رہا ہے۔
آپ کا تبصرہ