مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع جھانی تقریب مذاھب اسلامی کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر حمید شهریاری نے 39ویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی امت کو مشترکہ اقدار کی بنیاد پر متحد ہو کر امت واحدہ کی تشکیل کی طرف بڑھنا چاہیے اور وحدت و استقامت کے ذریعے مظلوم فلسطینی عوام اور اسلامی اصولوں کے تحفظ کے لیے کام کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس سال کانفرنس کا موضوع نبی رحمت اور وحدت امت ہے اور یہ 1500ویں سالگرہ پیدائش نبی اکرم صلیاللہ علیہ و آلہ اور امام جعفر صادق علیہ السلام کے موقع پر منعقد کی گئی ہے۔ اس موقع پر اسلامی ممالک میں اتحاد اور یکجہتی کے فروغ کے لیے مختلف بیانات جاری ہوں گے۔
ڈاکٹر شهریاری نے کہا کہ آج فلسطین حق و باطل کی عالمی جنگ میں مرکزی محور کی حیثیت رکھتا ہے۔ صہیونی مظالم اور نسل کشی کے واقعات نے پوری دنیا کو بیدار کردیا ہے۔ ان واقعات نے انسانی اقدار، کرامت اور عدل کی بنیاد پر مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی پیدا کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی سطح پر مظلومین کے ساتھ یکجہتی اور انسداد استکبار ایک نیا انسانی اور اسلامی اتحاد پیدا کر رہا ہے۔ ایران سمیت متعدد ممالک اس مقصد کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ استکباری طاقتیں جیسے امریکہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انسانی حقوق اور بین الاقوامی معاہدوں کو پامال کررہی ہیں، لیکن چین، روس، اور ایران سمیت بعض ممالک مشترکہ تعاون کے ذریعے انسانی عزت اور عالمی انصاف کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔
ڈاکٹر شهریاری نے اختتام پر کہا کہ اسلامی امت کو چاہیے کہ وحدت اور مشترکہ اقدار پر قائم رہ کر مظلوم فلسطین کے حقوق کا تحفظ کرے اور عالمی سطح پر عدل و انصاف کو فروغ دے۔
آپ کا تبصرہ