6 نومبر، 2026، 3:28 PM

ایرانی مسلح افواج ہر قسم کے خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں، امام جمعہ تہران

ایرانی مسلح افواج ہر قسم کے خطرے کا جواب دینے کے لیے تیار ہیں، امام جمعہ تہران

خطیب جمعہ تہران نے کہا ہے کہ ایران کے مسلح افواج کے اہلکار ایمان اور خدا پر توکل کے ساتھ دشمن کی ہر دھمکی کا مقابلہ کرنے کے لیے آمادہ ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، تہران کے خطیب جمعہ آیت اللہ سید احمد خاتمی نے نماز جمعہ کے خطبوں میں دشمنوں کے مقابلے میں خدا پر توکل کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ خدا پر بھروسہ حق کے محاذ کا ایک بڑا سرمایہ ہے۔ حضرت موسیٰ علیہ السلام نے فرعون کے مقابلے میں اپنی قوم کو نصیحت کی تھی کہ اگر تم خدا پر ایمان رکھتے ہو تو اسی پر توکل کرو اور یقین رکھو کہ خدا تمہارا مددگار ہوگا۔

انہوں نے انبیائے الٰہی کے دیگر واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حضرت ہود علیہ السلام نے بھی دشمنوں کے مقابلے میں اعلان کیا تھا کہ وہ خدا کو گواہ بناتے ہیں اور مخالفین کی سازشوں اور باہمی اتحاد سے خوف زدہ نہیں، کیونکہ ان کا بھروسا اللہ پر ہے۔ اسی طرح پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ نے بھی دشمنوں کے مقابلے میں فرمایا کہ ہمارے لیے اللہ کافی ہے اور ہم اسی پر توکل کرتے ہیں۔

آیت اللہ خاتمی نے کہا کہ خدا پر توکل اسلامی انقلاب کے بنیادی سرمایوں میں سے ایک رہا ہے۔ امام خمینیؒ نے اسی عظیم سرمائے کے ذریعے اسلامی انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور شہید امام خامنہ ای نے بھی اسی الٰہی پشت پناہی پر بھروسہ کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کو اس کے 47 سالہ سفر میں آگے بڑھایا۔

انہوں نے گزشتہ ہفتے کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ہفتہ ایران اور دنیا بھر میں امریکہ سے نفرت کے اظہار کا ہفتہ تھا۔ ایرانی قوم گزشتہ 47 برس سے جو نعرہ لگا رہی ہے، وہ اس ہفتے خود امریکہ میں بھی گونجا اور اس ملک کے سیاسی حالات کے نتیجے میں ریپبلکن پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

تہران کے خطیب جمعہ نے 4 نومبر کو ایران کے 900 شہروں میں نکالی جانے والی ریلیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان تمام شہروں میں عوام کا مرکزی نعرہ ’’امریکہ مردہ باد‘‘ تھا۔

انہوں نے 4 نومبر 1979ء کو تہران میں امریکی سفارت خانے پر قبضے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی قوم نے اس دن امریکہ کو ملک سے نکال باہر کیا تھا اور 4 نومبر 2026 کو بھی ایرانی قوم کا عزم ہے کہ وہ خطے میں امریکہ کی سازشوں کو ناکام بنائے گی۔

آیت اللہ خاتمی نے مزید کہا کہ ’’امریکہ مردہ باد‘‘ کا نعرہ قرآنی تعلیمات پر مبنی ہے، کیونکہ امریکہ ایک ظالم ملک ہے اور قرآن کریم میں ظالموں پر اللہ کی لعنت کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ امریکی حکمران قرآن کی اصطلاح میں مفسدین میں شمار ہوتے ہیں اور امریکی سیاست دان جھوٹ بولنے والے ہیں۔

انہوں نے ظلم، فساد اور جھوٹ کے حوالے سے قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ مردہ باد کا نعرہ بے بنیاد نہیں بلکہ دینی اور قرآنی اصولوں سے ماخوذ ہے اور جب تک امریکہ کی شرارتیں جاری رہیں گی، ایرانی قوم کی زبان پر یہ نعرہ بھی جاری رہے گا۔

News ID 1942654

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha