مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، غاصب صیہونی فوجیوں نے آج اضافی فوجی دستوں اور سازوسامان کے ساتھ نابلس شہر کے مختلف علاقوں پر حملہ کیا۔ اسی دوران صیہونی قابض آبادکاروں نے بھی فوجیوں کی حمایت سے مغربی کنارے کے متعدد علاقوں پر حملے کیے ہیں۔
نابلس میں قابض فوجی حوارہ چوکی کے راستے شہر میں داخل ہوئے اور عمان اسٹریٹ، المی اسٹریٹ، المساکن الشعبیہ محلے اور عسکر البلد کے علاقے پر دھاوا بول دیا۔
انہوں نے عسکر البلد میں کئی گھروں کی تلاشی لی اور ایک فلسطینی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔
صیہونی قابض فوج نے ایک فوجی بلڈوزر کے ہمراہ نابلس کے مشرقی علاقے اور حضرت یوسفؑ کے مزار پر بھی حملہ کیا۔
اسی دوران غاصب صیہونی آبادکاروں نے نابلس کے جنوب میں واقع گاؤں عورتا پر دھاوا بول دیا اور مقام العزیر میں تلمودی رسومات ادا کیں۔
رام اللہ کے شمال مشرق میں واقع گاؤں المغیر میں بھی غاصب صیہونی فوجیوں نے ایک فلسطینی گھر پر قبضہ کرکے اسے فوجی اڈے میں تبدیل کر دیا۔
مقامی ذرائع نے مزید اطلاع دی ہے کہ صیہونی آبادکاروں نے قابض فوجیوں کی حمایت سے الخلیل کے جنوب میں دورا کے مغرب میں واقع تاریخی مقام قصر المورق پر بھی حملہ کیا۔
الخلیل کے علاقے عین دیر بحہ میں صیہونی فوجیوں نے شہید حمودہ الجعبہ کے گھر کے آس پاس واقع مکانات کے رہائشیوں کو زبردستی بے دخل کر دیا، تاکہ الخلیل میں حالیہ کارروائی میں شرکت کے بے بنیاد الزام کے تحت ان کے گھر کو دھماکے سے اڑا کر منہدم کیا جا سکے۔
اس کے علاوہ صیہونی قابض فوجیوں نے جنین اور طولکرم کے صوبوں میں چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران پانچ فلسطینیوں کو ان ہی کے وطن میں گرفتار کر لیا۔
آپ کا تبصرہ