30 اکتوبر، 2026، 6:12 PM

قوم امریکی دھوکے میں نہیں آئے گی؛ مذاکرات کی پیش کش میں سازش کا خدشہ ہے، امام جمعہ تہران

قوم امریکی دھوکے میں نہیں آئے گی؛ مذاکرات کی پیش کش میں سازش کا خدشہ ہے، امام جمعہ تہران

تہران کے امام جمعہ حجت الاسلام محمدجواد حاج علی اکبری نے کہا ہے کہ امریکہ بار بار مذاکرات کی بات کر رہا ہے، خطوط بھیج رہا ہے اور ثالثوں کے ذریعے رابطے کر رہا ہے، لیکن ایرانی قوم اس کی ان چالوں اور دھوکہ دہی میں نہیں آئے گی۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام محمدجواد حاج علی اکبری نے نماز جمعہ کے خطبوں میں کہا کہ امریکہ نے ماضی میں جو وعدے توڑے ہیں، ایرانی قوم انہیں ابھی تک نہیں بھولی۔ جب امریکہ مذاکرات کی بات کرتا ہے تو اس کے پس پردہ کوئی بڑی سازش بھی ہو سکتی ہے، لہٰذا عوام کو ہوشیار رہنا چاہیے۔

انہوں نے عفت و حیا کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عفت انسان کی شخصیت کی بنیاد ہے۔ جب انسان اپنی خواہشات پر قابو پاتا ہے تو وہ نیکیوں اور اچھائیوں کی جانب گامزن ہو سکتا ہے۔ آج دنیا میں خاندان کو تباہ کرنے کی جنگ جاری ہے اور بے حیائی کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں معاشرہ تباہ ہو رہا ہے۔

امام جمعہ تہران نے کہا کہ عفیفانہ زندگی محض ایک نصیحت نہیں، بلکہ ایک صالح معاشرے کی بنیاد ہے۔ جس معاشرے میں حیا زیادہ ہوگی، وہاں لوگ زیادہ خوشحال ہوں گے۔ بچوں کو ابتدائی عمر ہی سے عفت کی تعلیم دینی چاہیے اور اس حوالے سے والدین اور تعلیمی اداروں، دونوں کا اہم کردار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ عفت کوئی ایسی چیز نہیں جسے زبردستی مسلط کیا جائے، بلکہ یہ انسان کے اندر سے پیدا ہوتی ہے۔ قانون صرف ان لوگوں کے لیے ہے جو بے راہ روی کا شکار ہو جاتے ہیں۔

حجت الاسلام محمدجواد حاج علی اکبری نے کہا کہ دشمن دیکھے گا کہ ایران کے نوجوان شہداء کے راستے پر چلنے کے لیے تیار ہیں۔ رہبر معظم انقلاب نے گزشتہ 40 دنوں کے دوران نوجوانوں کے حوالے سے تین اہم پیغامات دیے ہیں، جو ملک کی ترقی اور پیشرفت کا راستہ متعین کرتے ہیں۔

انہوں نے امریکہ کی ایران مخالف پالیسیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ گزشتہ 70 برسوں سے ایران کے خلاف سازشیں کر رہا ہے۔ امریکہ کا براہِ راست میدان میں آکر مقابلہ کرنا اس کی طاقت نہیں، بلکہ کمزوری کی علامت ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ امریکہ کی جانب سے مذاکرات کی درخواستوں میں خطرات پوشیدہ ہو سکتے ہیں، اسی لیے ایرانی مسلح افواج چوکس ہیں اور عوام بھی میدان میں موجود ہیں۔

امام جمعہ تہران نے جوہری ڈاکٹرائن پر نظرثانی کے مطالبے کے حوالے سے کہا کہ یہ مطالبہ محض جذبات کا نتیجہ نہیں، بلکہ عوام کی سیاسی بصیرت اور سمجھ داری کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے قبل بھی 70 فیصد سے زائد عوام اس کی حمایت کر چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین اور متعلقہ حکام اس معاملے کا جائزہ لیں اور اپنی تجاویز رہبر معظم انقلاب کے سامنے پیش کریں، جس کے بعد وہ جو فیصلہ کریں گے، پوری قوم اسے قبول کرے گی۔

News ID 1942489

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha