2 ستمبر، 2026، 7:39 PM

امریکہ ایران کے سامنے بے بس/ ایرانی مسلح افواج کے ہاتھ مضبوط ہیں، ایرانی رکن پارلیمنٹ

امریکہ ایران کے سامنے بے بس/ ایرانی مسلح افواج کے ہاتھ مضبوط ہیں، ایرانی رکن پارلیمنٹ

ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ شادی کی تقریب کو نشانہ بنانا امریکہ کی بے بسی اور کمزوری ہے اور ان کے پاس خطے سے نکلنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی و خارجہ پالیسی کمیٹی کے سربراہ ابراہیم عزیزی نے مہر نیوز سے گفتگو میں گزشتہ رات غیر فوجی مراکز، خصوصاً سیریک میں شادی کی تقریب پر امریکیوں کے حملے شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادی کی تقریب کو نشانہ بنانا امریکہ کی بے بسی، کمزوری اور اسٹریٹجک ناکامی کی علامت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایرانی قوم اور مسلح افواج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتا، اسی لیے وہ مجرمانہ اور جارحانہ اقدامات کر رہا ہے۔ امریکہ کو ماضی کی طرح اس بار بھی سخت، تباہ کن اور پشیمان کن جواب ملے گا۔

عزیزی نے کہا کہ جب تک ایرانی قوم کا عزم اور ایمان برقرار ہے اور مسلح افواج اسی عزم کے ساتھ میدان میں موجود ہیں، امریکہ کے پاس ایرانی قوم کی مرضی کے سامنے تسلیم ہونے کے سوا کوئی راستہ نہیں۔ امریکہ کے پاس واحد راستہ خطے سے پسپائی، اخراج اور مکمل انخلا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کو تسلیم کرنا ہوگا کہ خطے میں اس کی موجودگی کوئی سلامتی نہیں لاتی، بلکہ خطے کے ممالک اور عوام کے لیے بدامنی کا باعث بنتی ہے۔ ایران اپنی دفاعی اور سلامتی کی پالیسی کے مطابق اپنی طاقت استعمال کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس لیے خطے میں امریکی موجودگی نقصان اور عدمِ تحفظ کا سبب ہے۔

عزیزی نے کہا کہ امریکہ کو خطے سے اپنا تمام انتظام سمیٹ کر یہاں سے چلے جانا چاہیے، تاکہ خطے کو حقیقی امن نصیب ہو۔

ایرانی قومی سلامتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ یہ تصور بالکل غلط ہے کہ ایران امریکہ کو جواب دینے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ ایران ایک طاقتور ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام اور دشمنوں کو واضح طور پر بتانا چاہتا ہوں کہ ایرانی مسلح افواج آج جنگِ رمضان کے آغاز کے مقابلے میں کہیں بہتر فوجی سازوسامان اور وسائل رکھتی ہیں۔

عزیزی نے بعض ایرانی کمانڈروں سے اپنی حالیہ ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کمانڈروں کے مطابق ۴۰ روزہ جنگ میں جتنے فوجی وسائل استعمال کیے گئے تھے، اس سے بھی زیادہ مقدار میں سازوسامان تیار کرکے ذخیرہ کر لیا گیا ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ایرانی مسلح افواج کے ہاتھ ہر دفاعی اور جوابی کاروائی کے لیے بھرپور ہیں اور فوجی و دفاعی نظریے کے دائرے میں آنے والی ہر کاروائی کی صلاحیت موجود ہے۔

عزیزی نے آخر میں کہا کہ امریکہ کو جان لینا چاہیے کہ اس وقت مشکلات اور وسائل کی کمی کا سامنا خود اسے ہے اور وہ اسٹریٹجک تعطل کا شکار ہو چکا ہے، جبکہ اسلامی جمہوریہ ایران کے پاس اسٹریٹجک اور ٹیکٹیکل، ہر قسم کی کاروائی کے لیے مطلوبہ وسائل اور سازوسامان موجود ہیں۔

News ID 1941079

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha