مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایرانی آرمی نے کہا ہے کہ آپریشن صاعقہ کے پندرھویں مرحلے میں بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئربیس پر امریکی فوج کی تنصیبات کو ڈرون حملوں کا نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ حالیہ کارروائی عالمی استکبار کی جارحیت اور جنوبی ایران کے شہداء کی یاد میں کی گئی۔ حملوں میں خودکش ڈرونز کے ذریعے شیخ عیسی ایئربیس پر طیاروں کے ہینگرز، پارکنگ ایریا، ایندھن کے ذخائر اور بحرین کے متعدد رابطہ پلوں کو نشانہ بنایا گیا۔
بیان میں شیخ عیسی ایئربیس کو بحرین کے جنوب میں واقع امریکی فضائی اور بحری افواج کے اہم آپریشنل اور لاجسٹک مراکز میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ اڈہ خطے میں امریکی کارروائیوں کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔
ایرانی آرمی نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ حالیہ حملوں میں شہید ہونے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے اور ملک کے دفاع کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ایران کی سرزمین کے دفاع کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔
آپ کا تبصرہ