14 جولائی، 2026، 5:55 PM

آبنائے ہرمز بند کرنے کا جامع منصوبہ 15 سال قبل شہید رہبر انقلاب کی ہدایت پر تیار کیا گیا، جنرل صفوی

آبنائے ہرمز بند کرنے کا جامع منصوبہ 15 سال قبل شہید رہبر انقلاب کی ہدایت پر تیار کیا گیا، جنرل صفوی

رہبر معظم کے مشیر جنرل صفوی نے کہا ہے کہ 2011ء میں شہید رہبر انقلاب کی براہ راست ہدایت پر آبنائے ہرمز بند کرنے کا جامع منصوبہ تیار کیا گیا، جس کے بعض پہلو آج کی علاقائی صورتحال میں عملی شکل اختیار کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔

مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، رہبرمعظم کے اعلی عسکری مشیر اور معاون میجر جنرل سید یحیی صفوی نے انکشاف کیا ہے کہ آبنائے ہرمز بند کرنے کا جامع منصوبہ 2011ء میں شہید رہبر انقلاب کی براہ راست ہدایت پر تیار کیا گیا تھا۔

جنرل صفوی نے کہا کہ 2011ء میں شہید رہبر انقلاب نے انہیں اعلیٰ معاون اور مشیر کی حیثیت سے طلب کیا اور آبنائے ہرمز بند کرنے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت دی۔ جب انہوں نے منصوبہ تیار کرنے کے لیے درکار وقت کے بارے میں سوال کیا تو رہبر انقلاب نے تین ماہ کی مہلت دی، تاہم انہوں نے صرف ایک ماہ میں اُس وقت کی بحریہ کے کمانڈر جنرل فدائی، ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر جنرل حاجی زادہ اور جنرل سلامی کے تعاون سے خلیج فارس سے بحیرۂ عمان تک ایک جامع منصوبہ تیار کر لیا۔

جنرل صفوی کے مطابق 10 سے 15 صفحات پر مشتمل یہ منصوبہ رہبر انقلاب کی خدمت میں پیش کیا گیا، جس کے بعد اسے مسلح افواج کے جنرل اسٹاف کو ارسال کر دیا گیا۔

انہوں نے موجودہ صورتحال کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آج آبنائے ہرمز میں جو کچھ ہو رہا ہے، وہ اسی 15 سال پرانے منصوبے کا ایک حصہ ہے، جو رہبر انقلاب کی دور اندیشی اور حکمت کی عکاسی کرتا ہے۔ شہید رہبرِ انقلاب نے 14 سے 19 سال قبل ہی پیش گوئی کر دی تھی کہ ایک وقت آئے گا جب آبنائے ہرمز کو طاقت کے ایک مؤثر ذریعہ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔

جنرل صفوی نے سپاہ پاسداران کی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں سپاہ کی نسلیں، سازوسامان اور جنگی میدان تبدیل ہوتے رہے، لیکن سپاہ اور رہبر انقلاب کے درمیان اعتماد، ذمہ داری اور باہمی وابستگی کا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا اور یہی تعلق سپاہ کی پیش رفت کا بنیادی سرمایہ ہے۔

News ID 1940291

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha