مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ سیستان و بلوچستان کے محکمہ انٹیلیجنس نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں چار دہشت گرد نیٹ ورکس کی نشاندہی کرکے ان کے 16 ارکان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں میں بعض افراد بیرون ملک سے آئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق، ان دہشت گرد نیٹ ورکس کے امریکی اور صہیونی دشمن سے روابط تھے۔ عوامی اطلاعات، مسلسل انٹیلی جنس نگرانی، عملیاتی کارروائیوں اور دیگر سکیورٹی اداروں کے تعاون سے صوبے کے مختلف علاقوں میں ان نیٹ ورکس کا سراغ لگایا گیا۔
وزارت انٹیلیجنس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں بعض افراد ایرانشہر میں پولیس اہلکاروں کے ایک گروپ کو شہید کرنے کے واقعے میں ملوث تھے۔ تمام گرفتار افراد کو حراست میں لینے کے بعد عدالتی حکام کے حوالے کردیا گیا ہے۔
سکیورٹی فورسز نے کارروائیوں کے دوران گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور جنگی گولہ بارود بھی برآمد کیا ہے۔ برآمد ہونے والے اسلحے میں نو کلاشنکوف رائفلیں، امریکہ ساختہ دو ایم فور رائفلیں اور سات پستول شامل ہیں، جبکہ ان کے متعلقہ کارتوس بھی تحویل میں لے لیے گئے ہیں۔
مزید برآں، صوبے کے جنوبی علاقوں میں دفاعی اور سکیورٹی تنصیبات کے مقامات سے متعلق معلومات جمع کرکے ارسال کرنے والے تین افراد کی نشاندہی کرکے انہیں بھی گرفتار کرلیا گیا ہے۔ یہ افراد امریکہ اور صہیونی حکومت کے جاسوسی اور میڈیا نیٹ ورک کے لیے معلومات جمع کرنے اور ارسال کرنے میں مصروف تھے۔
آپ کا تبصرہ